مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے گور نمنٹ گرلز مڈل سکول محلہ کھو کھراں کی اراضی سے ناجائز قبضہ ہٹانے کیلئے اراضی کی نشاندہی کی گئی ۔مقامی معززین نے بتایا کہ گور نمنٹ سکول کی کل اراضی 16کنال اور 10مرلے تھی تاہم کچھ افراد کی جانب سے اس پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرنے کا عمل جاری ہے جس کی وجہ سے اراضی انتہائی کم رہ گئی ہے ۔انہوںنے بتایا کہ اس سے قبل کئی مرتبہ محکمہ مال کی جانب سے نشاندہی کرنے کی کوششیں کی گئی تاہم نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر نشاندہی مکمل ہی نہیں کی گئی تھی جس کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی ہدایت پر ایس ڈی ایم مینڈھر نے ایک کمیشن تشکیل دیا جس میں تحصیلدار منکوٹ ،نائب تحصیلدار بالا کوٹ اور نائب تحصیلدار بھاٹہ دھوڑیاں کو شامل کیا گیا ۔اس کمیشن کے ہمراہ گزشتہ روز محکمہ مال کے پٹواری ودیگر ملازمین نے سکول کی اراضی کی نشاندہی کرنے سلسلہ شروع کیا تاہم آخری خبر ملنے تک نشاندہی کا عمل جاری تھا ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلد ازجلد اراضی کو خالی کروا کر سکول کی چار دیواری کروائی جائے ۔