مڈل سکول مالا کھوڑی ناڑ کی عمارت منہدم ہونے کی دہلیز پر زیر تعلیم بچوں کو پریشانی کا سامنا ،محکمہ ایجوکیشن ٹس سے مس نہیں

پرویز خان

منجا کوٹ //راجوری ضلع کی سرحدی تحصیل منجا کوٹ میںمتعدد سرکاری سکولوں کی خستہ حالی کی وجہ سے بچوں کو مستقبل خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔سرکاری سکولو ں کی عمارتیں خستہ حال ہونے کی وجہ سے کئی ایک سکولوں کے بچوں کو بیٹھنے کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات میسر ہی نہیں ہیں ۔زون منجا کوٹ کے گور نمنٹ مڈل سکول مالا کھوڑی ناڑ کی عمارت گزشتہ کئی برسوں سے منہدم ہونے کی دہلیز پر ہے لیکن متعلقہ محکمہ کو جانکاری ہونے کے باوجود بھی اس عمارت کو نہ تو منہدم کیا جارہا ہے اور نہ ہی اس کی مرمت کروائی جارہی ہے جس کی وجہ سے مذکورہ سکول میں زیر تعلیم بچوں کیساتھ ساتھ سٹاف ممبران کیلئے عمارت ایک خطرہ بنی ہوئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مڈل سکول کی عمارت لگ بھگ 40برس قبل تعمیر کی گئی تھی لیکن اس کے بعد محکمہ ایجوکیشن اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس کی مرمت کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ عمارت کے پلستر گرنے کیساتھ ساتھ کھڑکیاں اور دروزے بوسیدہ ہو گئے ہیں جبکہ ان لینٹر او ر دیواروں کا بھی کوئی بھروسہ نہیں رہا ہے ۔

 

انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی لاپرواہی ایک بڑے حادثے کو دعوت دے رہی ہے جبکہ بچوں کی پڑھائی کا عمل بھی متاثر ہورہا ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کیساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ سکول کی عمارت کومنہدم کروا کر دوبارہ سے تعمیر کروایا جائے تاکہ بچوں کو تعلیم حاصل کرنے میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔