مڈل سکول بھیلہ کی عمارت کا حال بے حال | 8ماہ سے65 بچے کچے رہائشی مکان میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور

بدھل //کوٹرنکہ سب ڈویژن کے خواص زون میں قائم گور نمنٹ مڈل سکول بھیلہ کی خستہ حالی کی وجہ سے سکول میں زیر تعلیم بچوں کو کئی طرح کی دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ بھیلہ پنچایت کی وارڈ نمبر چھ میں قائم کر دہ سکول کی عمارت گزشتہ کئی برسوں سے خستہ حالی کا شکار ہو ئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ عمارت کی انتہائی خراب ہونے کے بعد اب گزشتہ 8ماہ سے تعلیمی سرگرمیاں ایک کچے رہائشی مکان میں انجام دی جارہی ہیں ۔بھیلہ پنچایت وارڈ نمبر چھ کے مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکول کی ابتر حالت کو بہتر کرنے کے بجائے طلباء کو ایک کچے رہائشی مکان میں تعلیم فراہم کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے لیکن عمارت کی مرمت اور بہتری کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔علاقہ معززین نے بتایا کہ مذکورہ سرکاری سکولو ں میں غریب والدین کے بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں لیکن حکومت کے نعروں کے باوجود دیہات میں قائم کردہ سرکاری سکولوں کی تو عمارتیں درست کی جارہی ہیں اور نہ ہی بچوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔غور طلب ہے کہ گور نمنٹ مڈل سکول بھیلہ کی عمارت 2002میں تعمیر کی گئی تھی تاہم غیر معیاری مٹریل استعمال کئے جانے سے کچھ ہی عرصہ میں عمارت بوسیدہ ہونا شروع ہو گئی تھی ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے عمارت کی مرمت کی جائے ۔