مڈل سکول بھروٹ بالاکوٹ میں 3ٹیچر تعینات | 112بچوں کا مستقبل خراب ہونے کا خدشہ

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے بالا کوٹ علاقہ میں قائم گور نمنٹ مڈل سکول بھروٹ میں سٹاف کی قلت کی وجہ سے طلباء کا مستقبل خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔سکول میں اس وقت 8جماعتوں کے 112سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں لیکن محکمہ ایجوکیشن کی جانب سے مذکورہ بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے محض 3ٹیچروں کی تعیناتی عمل میں لائی ہوئی ہے تاہم سکول میں 1برس سے ہیڈ ماسٹر کی کرسی بھی خالی پڑی ہوئی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ ایجوکیشن اور ضلع انتظامیہ پونچھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان کو امید تھی کہ انتظامیہ کی جانب سے سکول میں مزید سٹاف ممبران تعینات کر کے ان کے بچوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی لیکن گزشتہ دنوں ہوئی تبدیلیوں اور تعیناتیوں کے دوران مذکورہ سرکاری سکول کو ایک مرتبہ پھر سے نظر انداز کرکے کوئی بھی مزید ٹیچر تعینات نہیں کیا گیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ کی لاپرواہی کیو جہ سے ان کے بچوں کی تعلیم بُری طرح سے متاثر ہورہی ہے ۔مقامی لوگوں اور پنچایتی اراکین نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد حدمتارکہ کے نزدیکی علاقہ میں قائم کردہ سرکاری سکول میں سٹاف کی تعیناتی عمل میںلائی جائے تاکہ بچوں کو معیاری تعلیم مل سکے ۔