موہن بھاگوت کا مدرسہ تجوید القرآن کا دورہ

نئی دہلی// آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے جمعرات کو دہلی میں اپنی سرگرمیوں سے ہلچل پیدا کردی ،صبح کو بھاگوت نے کستوربا گاندھی مارگ پر واقع مسجد کا رخ کیا تھا ،کچھ دیر بعد اس پروگرام سے فارغ ہوکر موہن بھاگوت پرانی دہلی کے مدرسہ تجوید القرآن پہنچ گئے۔ جہاں انہوں نے مدرسوں کے بچوں سے ملاقات کی۔ ان کی خیریت معلوم کی اور مشورہ بھی دیا۔بھاگوت نے بچوں سے کہا کہ آپ پر ملک کی ذمہ داری ہے، اس لیے آپ کو پڑھ لکھ کر ملک کے لیے کام کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بچوں سے کچھ عمومی سوالات بھی کئے۔مدرسہ کے ڈائریکٹر محمود الحسن نے بتایا کہ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت صبح 10 بجے کے قریب مدرسہ پہنچے۔ وہ تقریباً ایک گھنٹہ مدرسہ کے اندر رہے اور بچوں کے علاوہ اساتذہ سے بھی ملے۔محمود الحسن کے مطابق، آر ایس ایس کے سربراہ نے بچوں سے کہا کہ وہ اسلامی علوم کے علاوہ کمپیوٹر کی مہارتیں سیکھیں، جو مستقبل میں ان کی مدد کرے گی۔