منجاکوٹ //دارالعلوم دیو بند کے مہتمم مولانامحمد سالم قاسمی کے انتقال پر جامعہ احیاء العلوم عزیزیہ منجاکوٹ راجوری میں طلباء اور اساتذہ کی طرف سے ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیاگیا ۔اس موقعہ پر مرحوم کی مغفرت کیلئے قرآن خوانی بھی کی گئی ۔ مدرسے کے اراکین نے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے مولانا کی وفات کو ملت اسلامیہ کیلئے عظیم نقصان قرار دیا اور کہاکہ اس کی تلافی ناممکن ہے ۔ جامعہ کے مہتمم مولانا محمد اکبر قاسمی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ مرحوم علمی دنیا میں حضرت نانوتوی کے علوم کے وارث ، حضرت گنگوہی کی فکروں کے امین اور حضرت حکیم الاسلام کے صحیح اور سچے جانشین تھے ۔ انہوںنے کہاکہ ان کی وفات سے علم و عرفان کا آفتاب غروب ہوگیا اور پوری ملت اسلامیہ ایک علمی اثاثے سے محروم ہوگئی ۔ اس موقعہ پر مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی ۔