موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی شروع منفی درجہ حرارت کے باعث پانی کی کئی سکیمیں ناکارہ، مقامی لوگ پریشان

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں جہاں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا سلسلہ شروع ہوا ہے وہیں دوران شب منفی درجہ حرارت رہنے سے پانی کا کئی سکیموں میں کہرا لگ رہا ہے جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ڈوڈہ کی تحصیل کاہرہ سے نائب سرپنچ محمد شریف کی قیادت میں آئے وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہلارن سلوگہ کی واٹر سپلائی سکیم ناکارہ ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں پچاس گھروں پر مشتمل آبادی کو پانی کی کمی کے باعث طرح طرح کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سکیم کا کچھ حصہ ٹھاٹھری سب ڈویژن اور دوسرا حصہ گندوہ سب ڈویژن کے دائرہ اختیار میں ہے جس کے باعث وقت پر اس کی مرمت نہیں ہوجاتی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سکیم کو ہنگامی بنیادوں پر مرمت کیا جائے تاکہ سردیوں کے ایام میں عوام کو راحت مل سکے۔بلاک چلی سے آئے سرپنچ چوہدری کالیا چاڑ نے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے علاقہ میں رہائش پذیر آبادی کو کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکار نے بجلی کرایا میں اضافہ کیا ہے لیکن بہتر بجلی نظام بنانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں۔