موسلا دھار بارش سے معمولات زندگی متاثر ندی نالوں میں طغیانی، فصلوں و دیگر زرعی شعبے کو پہنچا بھاری نقصان

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے عین مطابق ڈوڈہ ضلع پچھلے دو روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہوئی۔اس دوران متعدد رابطہ سڑکوں پر ہلکے پتھر گرنے کی اطلاع موصول ہوئی تاہم ٹریفک نظام معمول کے مطابق بحال رہا۔متواتر بارشوں سے فصلوں، پھلوں و زرعی شعبہ بڑے پیمانے پر متاثر ہوا ہے وہیں ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،گندوہ بھلیسہ و دیگر مضافات کی بیشتر رابطہ سڑکیں خستہ حال ہوئیں ہیں جبکہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے سے کئی مقامات پر لکڑی کے عارضی پل و پگڈنڈی راستے سیلاب کے ریلے میں بہہ گئے ہیں اور پانی کی متعدد اسکیموں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔سرپنچ پنچائت تلوگڑہ سکینہ بیگم و سرپنچ پنچائت سنوارہ عند الرشید خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مسلسل بارشوں سے زرعی شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی تعمیراتی ڈھانچے بھی تباہ ہوئے ہیں۔انہوں نے حکام سے متاثرین کی معقول امداد فراہم کرنے و پکڈنڈی راستوں کی مرمت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بھاری بارشو ں کے بعدکٹھوعہ ضلع میں سیلابی صورتحا ل | فضائیہ کے اہلکاروں نے سیلاب میں پھنسے دو لوگوں کو بچایا
جموں//بھاری بارشو ں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے جموں کے کٹھوعہ میں فضائیہ کے اہلکاروں نے سیلاب میں پھنسے دو لوگوں کو بچایا۔فضائیہ کے اہلکاروں نے پیر کی شام کٹھوعہ ضلع میں اْجھ ندی میں سیلاب میں پھنسے دو لوگوں کو بحفاظت نکال لیا۔ افسران نے یہ معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دریا میں دو افراد کے ساتھ درجنوں جانوروں کے پھنسے ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد فضائیہ اور ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔’افسران نے بتایا کہ انتظامیہ نے اس کام کے لیے فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کو لگایا، جس کے ذریعے ریسکیو آپریشن تیزی سے کیا گیا۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ جانور سیلابی پانی میں بہہ گئے۔ خیال رہے کہ خراب موسمی صورتحال کے چلتے جموں کے کئی علاقوں میں بھاری بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پید ا ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں رہائشی علاقوں میںنقصان ہوگیا ہے اور لوگوں کو بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔