موسلا دھار بارش سے راجوری میں تاجروں کا شدید نقصان | میونسپل کمیٹی نے ناجائز تجاوزات کیخلاف بڑے پیمانے پر مہم کا آغاز کیا

سمت بھارگو
راجوری//راجوری میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے قصبہ کے مختلف علاقوں میں تجاروں و عام لوگوں کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا ۔اس دوران میونسپل کونسل راجوری کی جانب سے جواہر نگر علاقہ میں ناجائز تجاوز کیخلاف بڑے پیمانے پر مہم کا آغاز کیا ۔تاجروں کے مطابق راجوری قصبہ کے کچھ علاقوں میں اتوار کی شام دیر گئے موسلادھار بارش شروع ہوئی اور رات بھر بارش جاری رہی جس سے نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ۔ان کا کہنا تھا کہ شہر کے کئی علاقوں میں جن میں جواہر نگر، پنجہ چوک، پنج پیر، پھلیانہ شامل ہیں، بہتا ہوا بارش کا پانی کاروباری اداروں کے اندر داخل ہونے سے املاک اور اجناس کو نقصان پہنچا ہے۔تاجروں نے بتایا کہ گزشتہ رات مختلف علاقوں میں ان کا نقصان پچاس لاکھ سے زائد ہے اور لوگوں کو دکانوں میں پڑی اپنی باقی اشیاء کو بچانے کے لئے جزوی جدوجہد کرنا پڑی۔انہوں نے میونسپل حکام اور انتظامیہ پر قصبے میں گندے نالوں کی کوئی پرواہ نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مون سون کے موسم میں متعلقہ حکام کی غیر سنجیدگی سے نقصان ہو رہا ہے۔دوسری طرف میونسپل کونسل راجوری نے تجاوزات کے خلاف ایک بڑے پیمانے پر مہم شروع کرتے ہوئے نالوں پر تعمیرات کو ہٹانا شروع کیا۔کونسل کے نائب صدر بھارت بْھوشن وید نے کہا کہ قصبے کے مختلف علاقوں میں نالیوں پر کچھ غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں جس کی وجہ سے نالیوں میں پانی کی گنجائش کم ہے اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے لوگوں کا ساز و سامان تباہ ہورہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی کی جانب سے غیر قانونی تعمیر ات کو ہٹانے کیلئے مہم شروع کر دی گئی ہے اور پہلے دن ایک سو سے زائد دکانوں کی غیر قانونی تعمیرات ہٹا دی گئی ہیں اور یہ مہم آنے والے دنوں میں جاری رہے گی۔