موسلا دھار بارشوں سے ڈوڈہ ضلع میں زرعی شعبے کو پہنچا بھاری نقصان

پگڈنڈی راستے ،عارضی پل و پانی کی سکیمیں بھی تباہ ،متاثرین کو مالی امداد و مرمت کیلئے فنڈس کا مطالبہ
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پچھلے ایک ماہ سے موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے جہاں ڈوڈہ ضلع میں درجنوں تعمیرات کو نقصان پہنچا ہے وہیں بھاری پیمانے پر فصلوں، پھلوں و زرعی شعبے متاثر ہوا ہے جبکہ پانی کی کئی سکیمیں، سڑکوں و پگڈنڈی راستوں کا بیشتر حصہ سیلابی ریلے میں بہہ گیا ہے۔ ادھر پنچائت ایسوسی ایشن نے حکومت سے ڈوڈہ ضلع میں گذشتہ دنوں کی طوفانی بارشوں سے ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرہ کنبوں کی ہر ممکن امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ضلع صدر پنچائت ایسوسی و بی ڈی سی چیئرمین گندنہ سرشاد نٹنو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ موسلا دھار بارشوں سے ڈوڈہ ضلع میں بھاری تباہی مچی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا بالائی علاقوں میں فصلیں و پھل تباہ ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں کنال زرعی اراضی، درجنوں عارضی پلوں ، پانی کی اسکیموں ، پگڈنڈی راستوں و رابطہ سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا بیشتر علاقوں میں رہایشی و غیر رہائشی تعمیرات بھی بارش کی وجہ سے ناقابل رہائش بن گئے ہیں۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے سیلاب متاثرین کی معقول مالی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کسانوں و زمینداروں کے نقصانات کی بھرپائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پنچائت ایسوسی ایشن نے ہنگامی بنیادوں پر پانی کی سکیموں، پگڈنڈی راستوں، پلوں و رابطہ سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر ڈی ڈی سی کونسلر کاہرہ معراج الدین ملک نے حالیہ دنوں میں ہوئی شدید بارشوں سے ہوئے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا بیشتر علاقوں میں ابھی سرکاری ٹیمیں نہیں پہنچیں ہیں۔انہوں نے مانگ کی کہ متاثرہ علاقوں میں خصوصی ٹیمیں روانہ کرکے پانی، بجلی، سڑکوں و گلی کوچوں کیلئے تعمیر کے لئے معقول فبڈس دستیاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔