منی پور میں خوفناک لینڈ سلائیڈنگ ۔2فوجیوں سمیت 8 افراد ہلاک،50لاپتہ

 

نئی دہلی//یو این آئی//منی پور کے نونی ضلع میں بدھ کی آدھی رات کو ہونے والے خوفناک لینڈ سلائیڈ میں کئی علاقائی فوج کے جوان دب گئے ۔ اس حادثے میں دو علاقائی فوج کے اہلکاروں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے 23 افراد کو بچا لیا ہے جب کہ 50 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔فوج، آسام رائفلز، منی پور پولیس اور مقامی لوگوں نے بڑے پیمانے پر بچاؤ اور ریلیف آپریشن شروع کردیا ہے ۔جمعرات کو ایک دفاعی اہلکار نے کہا کہ موسم صاف ہونے کے بعد ہیلی کاپٹروں کو امدادی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس حادثے میں دو جوڑے اور ایک بچہ بھی لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے ۔

 

امپھال سے تقریباً 50 کلومیٹر دور نونی ضلع میں بہنے والی ایزی ندی بھی اسے متاثر ہوگئی۔ایک دفاعی اہلکار نے بتایا کہ جیری بام کو امپھال سے جوڑنے والی ایک زیر تعمیر ریلوے لائن کی حفاظت کے لئے ہندوستانی فوج کے 107 علاقائی فوجی جوانوں کو نونی ضلع کے توپل ریلوے اسٹیشن کے قریب تعینات کیا گیا تھا۔ اسی دوران ان کا کیمپ لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گیا۔ انہوں نے کہا کہ موقع پر موجود انجینئرز اور آلات کو امدادی کارروائیوں میں لگا دیا گیا ہے ، تمام زخمیوں کا نونی کے آرمی میڈیکل یونٹ میں علاج کیا گیا۔ شدید زخمیوں کو امپھال بھیجا جائے گا۔ تازہ لینڈ سلائیڈنگ اور خراب موسم کی وجہ سے راحت اور بچاؤ کے کاموں میں رخنہ پڑ رہا ہے ۔ ہیلی کاپٹروں اور اہلکاروں نے امدادی کارروائیوں کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ موقع پر پہنچ گئے ہیں اور بچاؤ آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ فوج، آسام رائفلز، منی پور پولیس اور مقامی لوگوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر بچاؤاورراحت کا کام کیا جا رہا ہے ۔

مودی کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے منی پور کے وزیر اعلی این بیرن سنگھ سے بات کی ہے اور انہیں لینڈ سلائیڈنگ حادثے کے پیش نظرمرکز کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے ۔جمعرات کو ایک ٹویٹ میں مسٹر مودی نے کہا، ‘‘منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ سے بات کی اور لینڈ سلائیڈنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ مرکز کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا گیا ہے ۔ میں تمام متاثرین کی حفاظت کے لئے دعاگوہوں۔ سوگوار خاندانوں سے میری تعزیت۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا۔