منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے مل کر کام کریں مشیر بھٹناگرکا کٹھوعہ دورہ جی ایم ہسپتال ، آئی ٹی آئی ، فشریز فارم پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائینہ

ہیلتھ انفراسٹرکچر کی جلد تکمیل یقینی بنانے،آئی ٹی آئی اور پولی ٹیکنیک کا لجوں کا نصاب جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پرزور

کٹھوعہ //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کٹھوعہ ضلع کا وسیع دورہ کیا اور مختلف جاری ترقیاتی کاموں کا معائینہ کرنے کے علاوہ ضلع کے ترقیاتی پروفائل کا جائیزہ لیا ۔ جی ایم سی کٹھوعہ کے ایسوسی ایٹڈ ہسپتال میں 200 بستروں پر مشتمل اضافی عمارت کے جاری کام کا معائینہ کرتے ہوئے مشیر نے ایگزیکٹو ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ کثیر منزلہ عمارت کی دو منزلیں حوالے کریں تا کہ صحت کی خدمات فراہم کرنے کیلئے بڑھی ہوئی صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے ۔ مشیر نے گورنمنٹ میڈیکل کالج کٹھوعہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے میڈیکل کالج کے بقیہ حصے کے جاری سول کاموں کا جامع جائیزہ لینے کے علاوہ جی ایم سی کٹھوعہ کے ہوسٹل میں مقیم میڈیکل طلباء کو دی جانے والی سہولیات کا بھی جائیزہ لیا ۔ گورنمنٹ آئی ٹی آئی کٹھوعہ میں مشیر نے طلباء کو مختلف تجارتوں میں دی جانے والی تربیت پھولکاری آرٹ ، آٹو موٹیو ٹیکنالوجی ، سی بی ٹی لیب وغیرہ کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے طلباء سے بات چیت کی اور ادارے سے پاس آؤٹ ہونے کے بعد ان کی خواہشات کے بارے میں دریافت کیا ۔ مشیر نے ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ کو جاری کاموں میں تیزی لانے اور تمام کاموں کی مقررہ وقت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ اسکل ڈیولپمنٹ سیکٹر کی اصلاح کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے مشیر نے کہا کہ آئی ٹی آئی اور پولی ٹیکنک کالجوں کے موجودہ نصاب کو مارکیٹ کی طلب کو پورا کرنے اور صنعت کے جاب پروفائل کے ساتھ ہنر کے سیٹ کی نقشہ سازی کیلئے تبدیل کیا جا رہا ہے ۔ دورے کے دوران مشیر بھٹناگر نے یہاں ڈی سی آفس کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں تمام ضلعی افسران کی میٹنگ کی صدارت بھی کی ۔ شروع میں ڈی سی کٹھوعہ راہول پانڈے نے ضلع کے ترقیاتی پروفائل کا تفصیلی بیان دیا جس کے بعد محکمہ وار جائیزہ لیا گیا جس میں متعلقہ افسران نے درپیش مسائل سے مشیر کو آگاہ کیا ۔ میٹنگ کے دوران اٹھائے گئے تمام مسائل کو غور سے سُننے کے بعد مشیر نے یقین دلایا کہ حقیقی مسائل کو مناسب سطح پر حل کیا جائے گا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ڈیلیوریبل کے نتائج کو پورا کرنے کیلئے اپنی پوری کوشش کریں ۔ کٹھوعہ میں منشیات کی لعنت کے مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے مشیربھٹناگر نے سول اور پولیس انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ضلع سے اس لعنت کو ختم کرنے کیلئے مل کر کام کریں ۔ بعد میں مشیر نے اے ڈی سی کٹھوعہ ، چیف پروجیکٹ آفیسر نیشنل سیڈ فارم کٹھوعہ گوپال کرشن ، اے ڈی فشریز پون شرما اور دیگر ضلعی افسران کے ہمراہ نیشنل فش سیڈ فارم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پرورش کی جا رہی نسلوں ، بیج کی پیداوار کی صورتحال اور محکمہ کی طرف سے شروع کی گئی سرگرمیوں کے بارے میں دریافت کیا ۔