محمد تسکین
مہومنگت // سینئرنیشنل کانفرنس لیڈر اور ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین نے جمعرات کے روز بانہال حلقے کے دور افتادہ گاؤں منگت میں پرائمری ہیلتھ سنٹر کا افتتاح کرکے اس عوام کے نام وقف کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت دیہی اور پہاڑی علاقوں میں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دیتی ہے تاکہ عوام بنیادی طبی علاج کے لیے دور دراز کے ہسپتالوں پر انحصار نہ کریں۔افتتاحی تقریب میں سی ایم او رام بن ڈاکٹر کمال زرو، بی ایم او بانہال ڈاکٹر شبیر احمد ڈار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ فاروق احمد راہی، آر اینڈ بی محکمہ کے افسران اور پارٹی کے سینئر لیڈران بشمول محمد اشرف نائیک، بشیر احمد نائیک، عبدالرشید ملک اور عبدالجبار میر بھی موجود تھے۔سجاد شاہین نے بتایا کہ بانہال۔گول حلقے کے تمام ہسپتالوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے کروڑوں روپے منظور کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ مہو، چملواس، پریہندر (نیل) اور سُمبڑ میں نئے این ٹی پی ایچ سی قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے، جس سے دور دراز بستیوں میں صحت خدمات مزید مضبوط ہوں گی اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ دور دراز کے علاقوں میں طبی اور تعلیمی سہولیات کو میسر رکھنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ انہوں نے بجلی کے شعبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حلقے میں پاور انفراسٹرکچر کو جامع طور پر بہتر بنایا جا رہا ہے۔ بانہال، کھڑی اور رامسو کے بڑے گرڈ سٹیشنوں کی توسیع جاری ہے، جبکہ کاونہ (کھڑی)، چملواس اور عشر میں نئے رسیونگ سٹیشن تجویز کیے گئے ہیں تاکہ بہتر اور مستحکم بجلی سپلائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ سجاد شاہین نے کہا کہ حلقے میں منظور شدہ آٹھ پن بجلی منصوبے طویل المدتی طور پر رامبن ضلع کے بجلی نظام میں انقلابی تبدیلی لائیں گے۔ ساتھ ہی مہو اور منگت کو سولر ولیج کے طور پر ترقی دینے کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے، جس سے مقامی آبادی کو پائیدار اور ماحول دوست بجلی میسر آئے گی۔سجاد شاہین نے کہا کہ بانہال۔گول حلقے میں سڑکوں، تعلیمی اداروں، سیاحت اور دیگر ترقیاتی شعبوں میں تیز رفتار کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تتا پانی کو ویلنیس اور ہیلتھ ایڈونچر ٹورازم کے جدید مرکز کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے، جس کے لیے 2 کروڑ 75 لاکھ روپے پہلے ہی منظور کیے جا چکے ہیں۔ یہ منصوبہ مقامی سیاحت اور روزگار کے نئے مواقع کھولنے کی توقع رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول دوست سیاحت اور ماہی پروری کو فروغ دینے کے لیے خصوصی براؤن ٹراؤٹ مچھلی کو مہوکھڑی دریا، زبں اور ٹھنڈی چاوں کے ندی نالوں میں چھوڑا جائے گا، جس سے مقامی مچھلی پروری کو نئی تقویت ملے گی۔اپنے دورے کے دوران سجاد شاہین نے گورنمنٹ ہائی سکول منگت کا معائنہ کیا، طلبہ و اساتذہ سے بات چیت کی اور سکول کے لیے ڈیجیٹل اسمارٹ بورڈ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اسکول کے گراؤنڈ کی بہتری کے لیے دو لاکھ روپے سی ڈی ایف سے منظوری دی تاکہ کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔جمعرات کی شام کے وقت ایم ایل اے نے مہو اور ترگام کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دیر رات تک مقامی لوگوں سے ملاقات کر کے مسائل اور ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لیا۔