ملی ٹینٹ راجوری کے بالائی علاقوں میں موجود معلومات دینے پر 10لاکھ روپے انعام کا اعلان

سمت بھارگو

راجوری//جموں و کشمیر پولیس نے کہا ہے کہ ڈھانگری گاؤں حملے میں ملوث ملی ٹینٹ راجوری ضلع کے بالائی علاقوں میں چھپے ہوئے ہیں اور ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کے لیے 10 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیاہے۔ منگل کی رات جاری کردہ ایک ایڈوائزری میں، پولیس نے ملی ٹینٹوں کو کسی بھی طرح سے سہولت فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ بھی دیا۔یکم جنوری کو راجوری کے ڈھانگری گاؤں میں ملی ٹینٹوں کے حملے میں سات افراد ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے تھے۔ جب کہ ملی ٹینٹوں کی جانب سے کچھ گھروں پر فائرنگ کے بعد دو بھائیوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے، جب کہ ایک دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے پیچھے رہ جانے سے دو بچے ہلاک ہو گئے تھے۔

 

حملہ آور واردات کے بعدفرار ہو گئے۔اتوار کو، ڈھانگری کے رہائشیوں نے گاؤں میں حملوں کے پیچھے دہشت گردوں کا سراغ لگانے میں سیکورٹی ایجنسیوں کی “ناکامی” پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر سیکورٹی ادارے آئندہ 15 دنوں میں ملی ٹینٹوں کا قلع قمع نہ کرسکے تو وہ بھوک ہڑتال کریں گے۔پولیس نے کہا ہے” گاؤں میں حملہ کرنے والے ملی ٹینٹ، ابھی تک راجوری کی پہاڑیوں میں چھپے ہوئے ہیں، وہ دوبارہ دہشت گردی کا واقعہ پیش کر سکتے ہیں،‘‘۔ انہوں نے کہا، “کچھ لوگ ہیں جو ان دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور ان کی بقا میں سہولت فراہم کر رہے ہیں اور انہیں پولیس اور (سیکورٹی) فورسز کی نقل و حرکت کے بارے میں معلومات فراہم کر رہے ہیں۔”پولیس نے کہا “ملی ٹینٹوں کے سہولت کاروں” پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور بہت جلد ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ “جو بھی ملی ٹینٹوں کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا اسے 10 لاکھ روپے اور دیگر انعامات دیے جائیں گے۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا،‘‘۔لوگوں سے الرٹ رہنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن ترقی کے لیے شرط ہے اور عوام کو ہر ممکن طریقے سے امن برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) ڈھنگری حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے پولیس اور سیکورٹی فورسز راجوری میں بڑے پیمانے پر آپریشن کر رہی ہیں۔ حکام کے مطابق، گزشتہ پانچ ہفتوں میں 120 سے زائد آپریشن کیے گئے ہیں۔