جموں//جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے قائم مقام صدر رمن بھلہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی ترقی میں کانگریس پارٹی کا بہت بڑا رول ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات یقینی ہے کہ کانگریس کی آئیڈیالوجی سے ہی ملک آگے بڑھنے میں کامیاب ہوا ہے۔
موصوف قائم مقام صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں پارٹی کے یوم تاسیس کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’آج اگر بھارت مضبوطی کی طرف جا رہا ہے تو اس میں کانگریس کا بہت بڑا ہاتھ ہے ایسا نہیں ہے کہ بھارت پچھلے سات برسوں کے دوران آگے بڑھا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کے اقتدار سنبھالنے کے ساتھ ہی تمام شعبوں میں ترقی ہونا شروع ہوئی تھی۔
مسٹر بھلہ نے کہا کہ لیکن آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ ملک کے جمہوری اداروں کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کی آواز جموں و کشمیر میں خاص طور پر سنائی دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا: ’ہم یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ کانگریس کی آئیڈیالوجی سے ہی بھارت کے آگے بڑھا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کے ماحول میں لوگ محسوس کر رہے ہیں کہ کانگریس کی آئیڈیالوجی میں ہی لوگوں کے مسائل کا حل مضمر ہے۔
موصوف صدر نے کہا کہ بھائی چارے کو مضبوط کرنا ہی ملک کی ترقی کی واحد کنجی ہے۔