ملک کا 75واں یوم آزادی حنفیہ اشرفیہ ایجوکیشنل سوسائٹی گھمبیر مغلاں میں تقریب کا انعقاد

عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// آزادی کا امرت مہااتسو پروگرام کے تحت گھمبیر مغلاں میں رحمت اللعالمین اسکول آف ایجوکیشن و دار العلوم حنفیہ اشرفیہ ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام 75واںیوم آزادی بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔ خراب موسمی صورتحال کے بیچ مدرسہ پر قومی پرچم لہرایا گیا۔ اس موقع پر تمام طلباء نے سلامی دی اور قومی ترانہ پیش کیا۔ قرآن کریم کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ اس کے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ ملک کی آزادی کی 75ویں سالگرہ کے جشن میں طلباء نے اردو اور انگریزی میں تقریریں کیں جن میں ملک کی آزادی کیلئے علماء کرام کی قربانیوں اور انگریزوں کے خلاف اسلاف کے مجاہدانہ جذبات کی عکاسی کی گئی تھی نیز حب الوطنی پر مشتمل نظمیں اور ترانے بھی پیش کئے گئے۔ اس موقع پر چیرمین سوسائٹی الحاج گلزار حسین اشرفی نے مفصل اور مدلل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ انگریز بغرض تجارت ہندوستان میں داخل ہوئے اور آہستہ آہستہ ہندوستان کی ریاستوں پر قبضہ کرنا شروع کیا۔ اس وقت کے علمائے کرام نے انگریزوں کا مقصد بھانپ لیا تھا اور اسی وقت سے جدوجہد میں مصروف ہوگئے تھے۔ چنانچہ شاہ ولی اللہ محدث دہلوی نے تحریک آزادی کا آغاز کیا اور آخری دم تک جدوجہد کرتے رہے۔ حاجی گلزار نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری نسلیں اپنے اسلاف کی قربانیوں سے ناآشنا ہیں۔ وہیں پرہارون بیگ نے بھی طلباء سے کہا کہ وہ محنت سے پڑھیں اور اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کریں۔ مہمان خصوصی سرپنچ حلقہ گھمبیر مغلاں ماسٹر محمد رفیق نے بھی ہندوستان کی آزادی کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آخر میں چیرمین سوسائٹی الحاج گلزار حسین اشرفی نے علماء کے علاوہ دیگر تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ اس طرح پورے ملک میں بحالی امن و امان اور بالخصوص یو ٹی جموں و کشمیر کیلئے خصوصی دعا پر اس تقریب کا اختتام ہوا۔