عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے تفتیشی ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ دہلی دھماکے اور فرید آباد میں برآمد ہونے والے دھماکہ خیز مواد سے منسلک گرفتار ڈاکٹروں کے والدین کو ’’ہراساں ‘‘نہ کریں۔سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے دہلی میں لال قلعہ کے قریب ہونے والے دھماکے کی مذمت کی اور اس واقعے کی منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔محبوبہ مفتی نے کہا’’میں دہلی لال قلعہ دھماکے کی مذمت کرتا ہوں۔ ہمارے پڑھے لکھے ڈاکٹروں کو تکلیف ہو رہی ہے۔ میں دہلی دھماکے کی مکمل اور منصفانہ تحقیقات چاہتا ہوں، اگر ڈاکٹر اس حملے میں ملوث ہیں تو یہ ہم سب کے لیے بہت نقصان دہ ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’میں دہلی حکومت سے آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کرنے کی اپیل کرتی ہوں۔ گرفتار ڈاکٹروں کے والدین کو ہراساں نہ کریں، وہ ملوث نہیں ہیں۔ یہ اچھی بات نہیں ہے۔ ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے، لیکن بے گناہوں کو ہراساں نہ کریں۔ ‘‘