تھنہ منڈی//تھنہ منڈی کے لوگوںنے وادی کشمیر کو خطہ پیر پنچال سے ملانے والی مغل شاہراہ کی فوری طور پر بحالی کا مطالبہ کیاہے ۔ مغل روڈ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائم مقام چیئر مین عبدالرشید شال نے کہا کہ تاریخی مغل شاہراہ جو صوبہ جموں کو صوبہ کشمیر کے ساتھ ملاتی ہے،پر سفر صرف تین گھنٹوں میں طے ہوتاہے جو بند رہنے کی وجہ سے راجوری پونچھ کے لوگوں کو کشمیر جانے کیلئے 500 کلو میٹر کی مسافت طے کرناپڑرہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ سال کے دسمبرسے بند پڑی اس شاہراہ کو بحال کرنے کیلئے حکومت سنجیدگی سے اقدامات کرے ۔انہوںنے کہاکہ یہ امر لازمی ہے کہ اس روڈ پر ٹنل تعمیر کیاجائے تاکہ اسے سال بھر کھلا رکھاجاسکے ۔انہوںنے کہاکہ اس حوالے سے ریاستی حکومت نے بارہا اعلانات کئے ہیں اور مخلوط اکائیوں نے اپنے کم از کم مشترکہ پروگرام میں بھی ٹنل کی تعمیر کا ذکر کیاہے ۔ان کاکہناتھاکہ مغل روڈ پر ایسے روح افزامقامات ہیں جن کوسیاحتی طور پر ترقی دی جاسکتی ہے جس سے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیداہوںگے ۔انہوںنے مغل روڈ کو قومی شاہراہ کادرجہ دینے کی بھی مانگ کی ۔