مغل شاہراہ کی بحالی کیلئے پسی ہٹانے کا عمل شروع موسم ساز گار رہا تو 6دن میں سڑک قابل آمد ورفت ہو گی :محکمہ

بختیار کاظمی

سرنکوٹ// راجوری پونچھ کو وادی کشمیر سے جوڑنے والی مغل شاہراہ گزشتہ چار دنوں سے ٹریفک آمدورفت کے لئے بند ہے تاہم حکام کی جانب سے شاہراہ کی بحالی کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ مغل شاہراہ ایک بڑی لینڈ سلایڈنگ آ جانے کی وجہ سے بند ہو گئی تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے شاہراہ پر دو بڑی فوک لینڈ مشینوں کو کام پر لگایا دیا گیا۔متعلقہ محکمہ کے ایگز یکٹو انجینئر نے بتایا کہ اگر موسم ساز گار رہا تو آئندہ چھ دنوں میں پسی ہٹا کر شاہراہ کو قابل آمد ورفت بنا دیا جائے گا ۔

 

 

انہوں نے بتایا کہ بھاری مقدار میں ملبہ شاہراہ پر ہے جبکہ اُ س کو ہٹانے کیلئے مشینری کو متحرک کردیا گیا ہے ۔آفیسر موصوف نے بتایا کہ اس وقت 3سو میٹرکے قریب سلائیڈ پڑی ہوئی ہے جبکہ اس کے علاوہ پہاڑی پر سے کھسکنے والا ملبہ بھی ہٹانا پڑے گا ۔غور طلب ہے کہ اس وقت بھی مذکورہ مقام پر پتھر کھسک کر آرہے ہیں۔دوسری جانب مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ شاہراہ کو جلدازجلد بحال کرنے کی کوششیں کی جائیں ۔