سرنکوٹ// برفباری کے باعث بند ہونے والی مغل شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بحال کردی گئی ہے جبکہ 300درماندہ مسافروںکو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیاگیا ۔گزشتہ روز مغل شاہراہ 42کلو میٹر کے پوائنٹ پر برفانی تودے گرآنے کی وجہ سے بند ہوگئی تھی جس کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں مسافر درماندہ ہوگئے جنہیں مشینری اور افرادی قوت لگاکر بحفاظت نکال لیاگیا ۔اس دوران ایس ایس پی پونچھ کی قیادت میںبچائو کارروائی شروع کر کے 8 کلو میٹر پیدل سفر کر کے مسافروں کو محفوظ مقامات تک پہنچایاگیا۔چونکہ سڑک بند ہوگئی تھی اس لئے مسافروں کو گزشتہ شام کئی کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرناپڑا ۔دریں اثناء شاہراہ سے چھتہ پانی سے لیکر پیر گلی تک برف ہٹاکر اسے ٹریفک کیلئے بحال کردیاگیاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے مشینری اور افرادی قوت لگاکر سڑک سے برف ہٹائی اور اسے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بحال کردیاگیا ۔ڈپٹی کمشنر پونچھ نے بتایاکہ سڑک پر ٹریفک کا سلسلہ بحال ہوگیاہے اور گاڑیاں اس پر چل سکتی ہیں ۔