اشرف چراغ
کپوارہ//پیر کی شام کو منز پتھرا چوکی بل کرالہ پورہ میں ایک تیندوے نے 10سالہ تجمل بشیر گوجری پر حملہ کر کے انکی چیر پھاڑ کی ۔معصوم کی ہلاکت کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور دوسرے روز بھی اس علاقہ میں صف ماتم تھا ۔تجمل بشیر جس کو پیر کی شام کو ایک خونخوار تیندوے نے اپنا نوالہ بنایا تھا کو منگل کی صبح کو پر نم آنکھو ں سے سپرد خاک کیا ۔مقامی لوگو ں نے تیندوے کو پکڑنے کے لئے محکمہ وائلڈ لائف سے مطالبہ کیا کہ کسی تاخیر کے بعد اس تیندوے کو پکڑا جائیں کیونکہ آج تک اس تیندوے کے کئی بار لوگو ں پر حملہ کیا ۔
واضع رہے کہ اس سے 6ماہ قبل مارسری چوکی بل کے علاقہ میں ایک تیندوے نے 15سالہ بچی زینت پر حملہ کر کے اس کی چیر پھاڑ کر کے اس کو ابدی نیند سلایا جبکہ گزشتہ سال چوکی بل کے ہی زون ریشی اور مارسری میں الگ الگ حملوں کے دوران تیندوے نے دو شہریو ں کی چیر پھاڑ کر کے ہلاک کر ڈالا اور اس طرح گزشتہ 12مہینو ں کے دوران اس علاقہ میں تیندوے کے حملو ں میں مرنے والو ں کی تعداد 4پہنچ گئی جبکہ عید کے بعد اسی علاقہ میں تیندوے نے ایک شہری کو زخمی کر ڈالا ۔اس دورا ن منگل کے روز ہفرڈہ رامحال علاقہ میں ایک خونخوار ریچھ نمودار ہوا جس کی وجہ سے علاقہ میں لوگو ں کی نقل و حمل خوف کی وجہ سے محدود رہ گئی جبکہ ریچھ نے ہفرڈہ سکول کے قریب اپنا مورچہ سنبھالا جس کی وجہ سے سکولی بچے سہم کر رہ گئے ۔کپوارہ کے متعدد علاقوں میں جنگلی جانورو ں کے حملو ں کی اطلاعات اکثر سامنے آتی رہتی ہیں ۔محکمہ وائلڈ لائف نے لوگو ں کو خبر دار کیا کہ بچے اور بزرگ اکیلے گھر سے باہر نہ نکلیں ۔