عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے کہا کہ نئی حکومت کا سب سے پہلا کام عوامی اشتراک سے لوگوں کو راحت رسانی پہنچانے کے ساتھ ساتھ معاشی و اقتصادی بد حالی دور کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے منگل کو اپنی رہائش گاہ پر نو منتخب ممبران اسمبلی اور پارٹی لیڈروں کے علاوہ تاجر انجمنوں،قلمکاروں اور دانشوروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو نظر انداز کیا گیا اور بیرون ریاستوں کے لوگوں کو نوکریاں دی گئی۔انہوں نے کہا‘‘ تعمیراتی پروجیکٹوں کیلئے بیرون ریاستوںسے ہی ٹھکیداروں کو لایا گیا جبکہ بیروکریسی کا یہ عالم ہے کہ غیر ریاستی افسراں کی بڑی تعدادکو تعینات کیا گیا،جس سے یہاں کے عوامی مسائل میں حد درجہ اضافہ ہوا‘‘۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہر جگہ پر پارٹی منشور کو عملائے گی۔