مسلسل بارش سے جون میں بھی دسمبرکا احساس کشتواڑمیں تعلیمی ادارے بند برفباری و بارشیں جاری

 

عاصف بٹ

کشتواڑ//محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔جسکے سبب ضلع بھر میں سردی کی شدید لہر جاری ہے ۔انتظامیہ نے خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر سکولوں کو احتیاطی طور ضلع بھر میںبند کردیاہے۔

 

سنتھن ٹاپ کے دس کلومیٹر میں ڈیڈھ فٹ کے قریب تازہ برف جمع ہے اور برفباری کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔بارشوں کے سبب ضلع بھر میں عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی ہے اور لوگ گھروں کے اندر محصور ہوکرہ رہ گئے ہیں۔بالائی و میدانی علاقہ جات میں بارشوں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا جسکے سبب سڑکیں متعدد مقامات پر زیر آب آئیں۔

 

جبکہ میدانی علاقہ جات کا حال بھی یکساں ہے جہاں سڑکیں و گلی کوچے زیر آب ہیں جسکے سبب لوگوں نے گھروں میں رہنے کو ہی ترجیح دی ۔ماہ جون کے مہینے میں بھی لوگوں کو دسمبر کی سردی کا احساس ہورہا ہے سردی کی شدت میں حدسے زیادہ اضافہ ہواہے اور لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کردیاہے۔آخری اطلاع ملنے تک بارشوں کا سلسلہ مسلسل جاری تھا۔