مسلح افواج کے پرچم کا دن راج بھون میں منایا گیا

جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مسلح افواج کے یوم پرچم کے موقع پر مسلح افواج کے تمام ارکان اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔راج بھون میں منعقدہ تقریب میں مسلح افواج کا جھنڈا لگانے پرمسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اور دفاعی افواج اور ان کے خاندانوں کی بہادری اور بے لوث خدمات کو سلام پیش کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یوم پرچم ہم سب کے لیے مسلح افواج کے بہادر اہلکاروں کے ساتھ اظہار تشکر اور یکجہتی کا موقع ہے۔

 

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ میں اپنے فوجیوں کی ہمت اور لگن کو سلام پیش کرتا ہوں اور شکریہ کے ساتھ ان کی بہادری اور ہمارے ملک کی خدمت کا اعتراف کرتا ہوں۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مسلح افواج کے فلیگ ڈے فنڈ میں دل کھول کر حصہ ڈالیں اور فوجیوں، سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے عظیم مقصد کی خدمت کریں۔بعد ازاں ڈائریکٹر سینک ویلفیئر ڈپارٹمنٹ نے لیفٹیننٹ گورنر کو سابق فوجیوں، ویر ناریوں، ان کے زیر کفالت افراد اور مسلح افواج کے خدمت کرنے والے اہلکاروں کی بہبود کے لیے محکمہ کی طرف سے کی گئی کوششوں اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔