مزید خبریں

جنم اشٹمی کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر جنم اشٹمی کی مناسبت سے ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں ہندو طبقہ کیساتھ ساتھ مسلم طبقہ کے لوگوں نے بھی شرکت کر کے آپسی بھائی چارہ اور ہم آہنگی کو قائم رکھنے کی بہترین مثال پیش کی ۔مذکور ہ ریلی ہنو مان مندر مینڈھر سے نکل کر قصبہ کے مختلف علا قوں سے ہوتے ہوئے واپس ہندمان مندر میں آکر اختتام پذیر ہوئی ۔ریلی کے دوران جموں وکشمیر پولیس کی نفر ی تعیناتی رہی جبکہ سیول انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران بھی اس موقعہ پر موجود رہے ۔غور طلب ہے کہ کووڈ کی آمد اور اس کے بچائو کیلئے عائد لاک ڈائون پابندیوں کے بعد پہلی مرتبہ مذکورہ ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا ۔

بزرگ شہری پر چاقوسے حملہ
شدید زخمی حالت میں ہسپتال داخل
جاوید اقبا ل
مینڈھر // مینڈھر سب ڈویڑن ہیڈکوارٹر پر ایک بزرگ شہری چاقو حملے میں شدید زخمی ہوگیا جس کے بعد اس کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال داخل کروایا گیاہے۔مینڈھر قصبہ کے سنگالہ چوک میں زخمی ہونے والے شخص کی شناخت محمد حسین ولد مندو سکنہ گوہلد عمر 75کے طور پر ہوئی ہے۔اہل خانہ نے بتایا کہ بزرگ اپنی دکان پر بیٹھا ہوا تھا کہ اس کا ایک قریبی رشتہ دار نے اس پر چاقو سے حملہ کر دیا جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گیا تاہم بعد اس کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔غور طلب ہے کہ مینڈھر میں گزشتہ 24گھنٹوں میں یہ دوسرا چاقو حملہ تھا۔جموں وکشمیر پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات کا عمل شروع کر دیا ہے۔

سرنکوٹ میں ناجائز تجاوزات ہٹانے کا مطالبہ
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ قصبہ میں 31جولائی کو آئے سیلان کی وجہ سے لاکھوں کی املاک کو نقصان پہنچاتاہم یہ جاننے کی کوشش نہیں کی گئی کہ آخر کار سرنکوٹ میں تباہی کی وجہ کیا رہی۔مکینوں کا کہنا ہے کہ سرنکوٹ میں قدرتی آفات کی بڑی وجہ اکثر مقامات پر ناجائز تجاوزہے جس کی وجہ سے آب نکاسی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سرنکوٹ قصبہ میں جتنی بھی ناجائز تجاوز کی گئی ہے اس کو اگر نہ ہٹایا گیا تو زیادہ تر مقامی لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبو ہو جائینگے ۔غور طلب ہے کہ قصبہ میں سے دو نالوں کا پانی بہتا ہے تاہم ان میں ہوئی تجاوز کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔لوگوں نے مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں لا قانونیت کو ختم کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ 2014کے سیلا ب میں لوگوں کا کروڑوں کا نقصان ہو گیا تھا لیکن اس کے بعد بھی اس خستہ حال نظام کو معیاری نہیں بنایا گیا ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں ہوئی ناجائز تجاوز کو ہٹانے کیلئے جلدازجلد عملی قدم اٹھایا جائے تاکہ مذکورہ نوعیت کی صورتحال کا پھر سے سامنا نہ کرنا پڑے ۔

مویشیوں میں پھیل رہی چمڑی کی بیماری
محکمہ پشو پالن متحرک ،ڈینگ میں بیداری پروگرام منعقد
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں مویشیوں میں پھیلی ہوئی بیماری کی جانچ کیساتھ ساتھ عوام کو بیدار کرنے کیلئے محکمہ پشو پالن کی جانب سے اب عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔گزشتہ دنوں کشمیر عظمیٰ میں ایک خبر شائع کی گئی تھی جس میں کسانوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے مویشیوں میں چمڑی کی بیماری پھیل گئی ہے تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے تاہم خبر کے شائع ہونے کے بعد محکمہ پشو پالن کی جانب سے سب ڈویژ ن کے ڈینگ علاقہ میں ایک بیداری پروگرام منعقد کیاگیا جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔محکمہ پشو پالن کی جانب سے سرپنچ رمیش چوہدری کی موجودگی میں ایک کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں محکمہ کے ماہرین نے اس بیماری کے بارے میں آگاہی دی ۔اس کے علاج کے طریقے بھی بتاتے ہوئے کہا کہ مویشیوں کو اس خطرناک بیماری سے بچانے کے لئے محکمہ کے ڈاکٹروں کا مشورہ لینا بھی ضروری ہے۔

ماحولیاتی منصوبوں پر نظر ثانی کیلئے آفیسران کا اجلاس
راجوری//ماحولیات کی ضلعی کمیٹی نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل کی صدارت میں منعقدہ اجلاس کے دوران ماحولیاتی منصوبے پر نظر ثانی کی۔اس منصوبے میں وسیع پیمانے پر شجرکاری کرکے، پلاسٹک/پولی تھین کے استعمال کو روکنے کے لئے اقدامات کرنے، ٹھوس فضلہ اور ہسپتال کے فضلے کو ٹھکانے لگانے کے طریقہ کار کو بہتر بنانے، کمیونٹی کی شراکت کو فروغ دینے اور بڑے پیمانے پر بیداری، مضبوط بنانے کے ذریعے ضلع میں ماحولیات کے مجموعی پیرامیٹرز کوعملی جامعہ پہنانے اور ایک جامعہ پالیسی مرتب کرنے پر زور دیا گیا ۔اجلاس میں گرین کور کو بڑھانے اور جنگلات کی باڑ لگانے کیساتھ ساتھ اضافی شجر کاری مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈی ڈی سی نے پلان میں ریئل ٹائم شور مانیٹرنگ سسٹم اور ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم کو شامل کرنیکی ہدایت بھی جاری کیں ۔اجلاس میں مختلف ماحولیاتی مسائل کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کیلئے خصوصی سوشل میڈیا مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور ایک بہتر مستقبل کی تشکیل میں مدد کے لئے عالمی سطح پر لوگوں کو مثبت ماحولیاتی اقدامات کرنے کی ترغیب دی گئی۔اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری دفاتر میں سولر روف ٹاپ پینلز لگائے جائیں اور عوام کو اپنے گھروں میں سولر روف ٹاپس لگانے کی ترغیب دینے کے لئے خصوصی آگاہی سرگرمیاں منعقد کی جائیں۔

جل شکتی کے عارضی ملازمین کا پونچھ میں احتجاج جاری
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ جل شکتی کے عارضی ملازمین کی جانب سے پونچھ میں اپنے مطالبات کو لیکر 72 گھنٹے کی ہڑتال جاری ہے۔اس دوران ان ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کرکے اپنی نوکری کو باقاعدہ بنانے کا مطالبہ دوہرایا۔پی ایچ ای ایمپلائز ایسوسی ایشن کے بینر تلے احتجاج کررہے عارضی ملازمین نے کہا کہ یومیہ اجرت والے اپنی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے لئے کئی دہائیوں سے جدوجہد کر رہے ہیں۔قومی پرچم لہراتے ہوئے کارکنان جل شکتی محکمہ کے دفتر کے باہر جمع ہوئے اور جموں و کشمیر انتظامیہ کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔اس دوران پونچھ میں پینے کے پانی کی عوام کو قلت نہ ہو اس کے لئے ایگزیکٹو انجینئر محکمہ چل شکتی پونچھ منیر حسین نے جونیر ملازمین کی ایک ٹیم تشکیل دی ہے۔ پمپنگ اسٹیشن پر دورہ کر کے عوام کو سپانی کی سپلائی کر گی۔ایگزیکٹو انجینئر نے کہا کہ جنم اشٹمی کے تہوار پر پانی کی بہتر سپلائی کے لئے وہ ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس میں انھیں عوام کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ ادھر احتجاجی کارکنوں نے دھمکی دی کہ اگر ان کا مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو وہ اپنے احتجاج کو مزید تیز کریں گے۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یونین کے اعلی رکن نے کہا کہ ہم حکومت کو متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ اگر اْن کی مستقلی کے مطالبے کو پورا نہیں کیا گیا تو سینکڑوں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے کارکن احتجاج میں شدّت لائیں گے۔انہوں نے الزام لگایا کہ لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ ان کے مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے عارضی ملازمین نے دو دہائیوں سے محکمہ کے لئے خدمات انجام دی ہیںلیکن وہ اب بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملک میں استحصال کی بدترین مثال ہے۔

متعدد کارکنوں نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی
حسین محتشم
پونچھ// بنوت گنڈی پنچایت سے بکر وال برادری سے تعلق رکھنے والے متعدد افرادنے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ۔مذکورہ علاقہ میں اپنی پارٹی کے سنیئر لیڈر اور سابقہ ممبر اسمبلی شاہ محمد تانترے کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مکینوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس دورا ن پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں حاکم دین، چوہدری بلور، چچا کالو،عبدالحمید، مستقیم وغیرہ شامل ہیں ۔اس موقع پر بولتے ہوئے چوہدری بلور الدین نے کہا کہ اپنے دوسالہ دور میں سابق ایم ایل اے شاہ محمد تانترے نے جس طرح سے عوام کی بلا لحاظ مذہب و فرقہ خدمت کی ہے اس سے متاثر ھوکر انہوں نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اس موقع پر سابق ایل ایل اے اور جموں کشمیر اپنی پارٹی کے ضلع صدرکے علاوہ پارٹی کے ورکنگ ضلع صدر الحاج بشیر احمد خاکی ،جنرل سیکر یٹری سرجن سنگھ ، پارٹی لیڈر راجہ ممتاز احمد، منطور دایا اور صوبیدار محمد یوسف موجود تھے جنہوں نے پارٹی میں شمولیت کرنے والے افراد کو ہار پہنا کر ان کا والہانہ استقبال کیا اور امید ظاہر کی کہ جماعت اس سے مزید مضبوط ہو گی۔

سرکاری رہائشی کوارٹرز کے اردگرد گندگی جمع
حسین محتشم
پونچھ//تحصیل کمپلیکس پونچھ کے سامنے افسران کے لئے بنے ہوئے رہائشی کوارٹروں کے اردگردگندگی کا ڈھیر جمع ہوگئے ہیں جن سے اٹھنے والے تدفن سے نہ صرف کوارٹروں میں رہنے والے پریشان ہیں بلکہ اس کے ملحقہ رہنے والے عام شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ان شہریوں نے میونسپل کونسل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میونسپلٹی اپنا کا نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری کوارٹروں کا یہ حال ہے شہر کا کیا حال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قلعہ پونچھ کے ارد گرد بھی جھاڑیاںاُگی ہوئی ہیں اور وہاں بھی صفائی کا کو انتظام نہیں ہے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں مداخلت کر کے جلد سے جلد ان کوارٹروں کے اردگرد صفائی کرائیں تاکہ وہاں موجود لوگوں کو پریشانی سے نجات حاصل ہو سکے۔

راجوری میں رابطہ کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد
ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیاگیا
راجوری//راجوری کی عدالتی انتظامیہ اور سول وپولیس انتظامیہ کے درمیان چوتھی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجوری کررہے تھے ۔میٹنگ راجوری ڈاک بنگلہ کے کانفرنس ہال میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجوری محمود احمد چوہدری ،چیف جوڈیشل مجسٹریٹ امیت شرما، ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محمد اسلم، پبلک پراسیکیوٹر شاہین احمد، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجوری کی موجودگی میں منعقد ہوئی ۔اس اجلاس میں ضلع ترقیاتی کمشنر پون کمار پریہار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری سچن دیو سنگھ کے علاوہ پی ڈی ڈی، پی ڈبلیو ڈی، پی ایچ ای، صحت، جنگلات اور میونسپل کونسل کے دیگر افسران موجود تھے۔اجلاس کے دوران جو ایجنڈا تشکیل دیا گیا ہے اس پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے آفیسران نے بعض امور کو موقع پر ہی حل کیا گیا جبکہ بعض کاموں کو ایک ماہ کی مخصوص مدت میں مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجوری نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ضلع راجوری کے دائرہ اختیار میں کام کرنے والی مختلف عدالتوں کی سربراہی میں پیش کردہ بنیادی ڈھانچے کی سہولیات بہت اہمیت کی حامل ہیں۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ جو مسائل انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ان کو متعلقہ ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کی طرف سے مقررہ مدت میں مکمل کرنا ہوگا۔ڈپٹی کمشنر راجوری نے موقع پر ہی اپنے افسران کی ٹیم کو ہدایت دی کہ وہ اہم اہمیت کے حامل پروجیکٹ کو اس کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کے دوران طے شدہ مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں۔