پونچھ کالج میں پی جی کورس شروع کرنیکاامکان
جموں یونیورسٹی کی ٹیم نے ادارے کا معائنہ کیا
حسین محتشم
پونچھ//جموں یونیورسٹی کی جانب سے ڈگری کالج پونچھ کادورہ کرکے عربی کا پی جی کورس شروع کرنے کیلئے امکانات کاجائزہ لیا ۔ذرائع نے بتایاکہ حکام کی طرف سے پونچھ کالج میں عربی کے شعبے میں پی جی کورس شروع کرنے کا فیصلہ لیاگیاہے اور2018-19کے سیشن کے دوران یہ کورس شروع ہوجائے گا۔ اسی کا جائزہ لینے کیلئے پروفیسر ایم اے ملک ڈائریکٹر پونچھ کیمپس محکمہ نیولوجی جموں یونیورسٹی، پروفیسر بی لابھ ڈیم فیکلٹی آرٹس جموں یونیورسٹی، ڈاکٹر غلام عباس پروفیسر شعبہ عربی ڈگری کالج راجوری ، اسسٹنٹ رجسٹرار کلدیپ شرما جموں یونیورسٹی پر مشتمل ایک ٹیم نے پونچھ کالج کا دورہ کر پی جی کورسز شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ اس موقعہ پر ڈگری کالج کا عملہ پرنسپل مسرف حسین شاہ کی قیادت میں موجود تھا ۔
ساتویں تنخواہ کمیشن کو منظوری
ملازم تنظیموں نے فیصلے کا خیر مقدم کیا
تھنہ منڈی /طارق شال/ ریاستی سرکار کی طرف سے ریاست جموں کشمیر میں ساتویں تنخواہ کمیشن کی منظوری پر متعدد ملازمین تنظیموں نے خیر مقدم کیاہے ۔ شیپ اینڈ وول ورکرز ایسو سی ایشن راجوری کے ضلع صدر محمد آصف میر، ممبر سنٹرل باڈی غلام نبی میر، ممبر محمد شکور خان، ریٹائرڈ گرداور عبدالعزیزشا ل ودیگران نے کہا کہ ریاستی مخلوط سرکار نے ریاست کے ملازمین کے لئے ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات کو منظوری دیکر ملازمین کی دیرینہ مانگ پوری کرلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار نے یہ ایک تاریخی فیصلہ لیاہے اور اس کیلئے تمام ملازمین حکومت کے شکر گزار ہیں جو عرصہ دراز سے اس مطالبے کیلئے جدوجہد کررہے تھے ۔
کابینہ میٹنگ کے فیصلوں کی ستائش
جاوید اقبال
مینڈھر//ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صدارت میں گزشتہ روز ہوئی کابینہ میٹنگ کے فیصلوں کی ستائش کرتے ہوئے پی ڈی پی کارکنان نے کہاکہ وہ وزیر اعلیٰ کے شکر گزار ہیں جنہوںنے مینڈھر اور سرنکوٹ کی سرحد پر ڈنہ شاہستار میںیونیورسٹی کیمپس کے لئے 1255کنال اراضی فراہم کی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ میٹنگ میں لئے گئے دیگر فیصلے بھی قابل ستائش ہیں اور سزائے موت کے آرڈی نینس کو منظوری دینے سے جرائم پر قابوپایاجاسکے گا۔انہوںنے کہاکہ اسی طرح سے ساتویں تنخواہ کمیشن کی ملازمین کو ادائیگی بھی بہت بڑافیصلہ ہے ۔ پی ڈی پی زونل صدر حاجی محمد اعظم ساگر ،ضلع نائب صدر الحاج ماسٹر محمد دین پسوال ،ریاستی ممبر برائے گوجر بکروال ایڈوائزری بورڈ چوہدری محمد صادق،شوکت علی،محمد اعظم فانی،نثار چوہدری،ماسٹر غلام احمد خان،حاجی محمد صادق خان،سابق سرپنچ نذیر چوہدری،حبیب اللہ خان وغیرہ نے کہاکہ وہ حکومت خاص طور پر وزیر اعلیٰ کے شکر گزار ہیں جنہوںنے سرنکوٹ اور مینڈھر کی سرحد پر ڈنہ شاہستار میں یونیورسٹی کیمپس کے لئے جگہ دی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس فیصلے سے پورے خطہ پیر پنچال کو فائدہ ملے گا ۔ ان کاکہناتھاکہ یہ ایک سیاحتی مقام ہے جسے تعلیمی طور پر فروغ دیاجاسکتاہے ۔
نویں جماعت کی طالبہ سے جنسی زیادتی کا الزام
پولیس نے کیس درج کر تحقیقات شروع کر دی
عشرت بٹ
منڈی//سرحدی علاقہ پونچھ میں نویں جماعت کی ایک طالبہ نے جنسی زیادتی کا الزام عائد کیاہے جس پر پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سرحدی علاقہ سلوتری میں نویں جماعت میںزیر تعلیم طالبہ نے اپنے ساتھ عصمت ریزی کا الزام عائد کیاجس پرپولیس تھانہ پونچھ میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ اتوار کو طالبہ کے گھر والوں نے پولیس تھانہ پونچھ میں عصمت ریزی کے سلسلہ میں ایک کیس درج کروایا جس کے بعد طلبا کا طبی معائنہ کروایاگیاتاہم اس کی رپورٹ ابھی تک پولیس کو نہیں ملی ۔البتہ پولیس نے پولیس تھانہ پونچھ میں ایف آئی آر زیر نمبر 66/2018 زیر دفعات 376/109/363/511کا کیس درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔ متاثرہ لڑکی کا الزام ہے کہ اس کے ساتھ اسی کے گاﺅں کے ایک لڑکے نے جنسی زیادتی کی اور اس میں ایک ٹیچر بھی ملوث ہے ۔پولیس ذرائع کاکہناہے کہ لڑکی کے ملزم کے ساتھ پہلے سے ہی تعلقات ہونے کا شبہ ہے لیکن یہ سب کچھ تحقیقات کے بعد سامنے آئے گا۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ چند دن پہلے اسی طالبہ کو پولیس نے بس اڈہ پونچھ سے مشکوک حالت میں پکڑااور پھر اسے والدین کے حوالے کیاگیا۔انہوںنے بتایاکہ بعد میں اس نے دو افراد پر عصمت دری کرنے کا الزام عائد کیاہے اور پولیس نے اس سلسلے میں باضابطہ کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اگر الزامات درست پائے گئے تو ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری کی والدہ سپرد خاک
تھنہ منڈی// ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری عبدالقیوم میر کی والدہ کو ان کے آبائی علاقے راجدھانی تھنہ منڈی میں پرنم آنکھوںسے سپرد خاک کردیاگیا۔مرحومہ کا انتقال جموں میں ہواتھا۔مرحومہ حاجرہ بیگم کی عمر 78 سال تھی اور وہ کافی عرصہ سے علیل تھیں ۔ منگل کے روز حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ان کی وفات ہوگئی جس کے بعد نعش کو راجدھانی لایاگیا جو ان کا آبائی علاقہ ہے ۔وہیں بدھ کے روز انکی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوںنے شرکت کی ۔آخری رسومات کی ادائیگی میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال، ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس،ایس ڈی ایم تھنہ منڈی کے افسران و مقامی سیاسی و سماجی تنظیموں کے عہدیداران اور عام لوگوں نے بھی شرکت کی ۔
پونچھ میں رہبر تعلیم اساتذہ کا احتجاج
پونچھ //ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہوں کو سٹریم لائن بنانے اور دیگر مطالبات کے حق میں رہبر تعلیم اساتذہ نے چیف ایجوکیشن افسرپونچھ کے دفتر کے باہر پرامن طور پر احتجاج کیا ۔ یہ احتجاج فورم کے ضلع صدر شاہنواز کاظمی کی قیادت میں کیاگیا جس میں فورم کے ریاستی سینئر نائب چیئرمین نجم جعفری اور دیگر اساتذہ بھی شامل تھے ۔احتجاج کررہے اساتذہ نے بتایاکہ ان کا یہ احتجاج ریاست بھر میں ہورہاہے اور ان کی مانگ ہے کہ ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہوں کو سٹریم لائن بنایاجائے اور دیگر مطالبات بھی پورے کئے جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ باربار یقین دہانیاں دینے کے باوجود حکومت نے ایس ایس اے اور رہبر تعلیم اساتذہ کے مطالبات پورے نہیں کئے ۔
روڈ سیفٹی ہفتہ کے تحت تقاریب کا سلسلہ جاری
نوشہرہ میں طبی و بیداری کیمپ منعقد
راجوری //29ویں روڈ سیفٹی ہفتے کے سلسلے میں خطہ پیر پنچال میں بھی تقاریب کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس سلسلے میں نوشہرہ میں محکمہ موٹر وہیکل کی طرف سے ایک طبی و بیداری پروگرام کا انعقاد کیاگیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ سچن دیو سنگھ ، ایڈیشنل ایس پی ماسٹر پاپسی ، اے آر ٹی او راجوری نیرج شرما، بی ایم او نوشہرہ اور دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔اس دوران ڈاکٹروںکی ٹیم بھی موجو دتھی ۔ تقریب میں مقامی تجارتی انجمنوں کے عہدیداران اور ڈرائیوںنے بھی حصہ لیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ایڈیشنل ڈی سی و دیگر افسران نے کہاکہ ٹریفک قوانین کا خیال رکھاجائے اور ان قوانین کی خلاف ورزی نہ کی جائے ۔اس دوران 190ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کی آنکھوں کی روشنی کا معائنہ کیاگیا اور ساتھ ہی ان کادیگر طبی معائنہ بھی ہوا۔تقریب کے دوران کچھ لوگوںمیں مفت ہیلمٹ بھی تقسیم کئے گئے ۔
پونچھ میں پمفلٹس تقسیم کئے گئے
پونچھ //پونچھ میں بھی محکمہ موٹر وہیکل کی طرف سے تقریبات منعقد کی جارہی ہیں جس دوران لوگوں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں جانکاری دی جارہی ہے ۔ اس سلسلے میں بدھ کے روز اے آر ٹی او پونچھ عبدالرحیم کی قیادت میں ایک ٹیم نے ٹریفک قوانین سے متعلق پمفلٹس تقسیم کئے اور لوگوں پر زور دیاکہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں ۔ اس موقعہ پر محکمہ کے انسپکٹر ظہور ، چیئرمین اویک انڈیا ایاز مغل ، سب انسپکٹر ٹریفک احتشام الحق ، سرسید مشن کے سربراہ سرفراز احمد اور دیگر لوگ بھی موجو دتھے ۔
قمر نے کابینہ فیصلوں کا خیر مقدم کیا
راجوری //ممبر اسمبلی راجوری چوہدری قمر حسین نے کابینہ فیصلوں کی ستائش کرتے ہوئے عصمت دری کے ملزمان کو سزائے موت دینے کے قانون کی منظوری کا خیر مقدم کیاہے ۔پریس کلب راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری قمر نے کہاکہ یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے او رایسا قانون وقت کی ضرورت تھا تاکہ کمسن بچیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والوں سے سختی سے نمٹاجاسکے ۔انہوںنے کہاکہ ریاستی حکومت اس معاملے میں سنجیدہ ہے اور تمام تر ضروری اقدامات کئے جائیںگے ۔ممبراسمبلی نے ملازمین کیلئے ساتویں تنخواہ کمیشن کی منظوری کا بھی خیر مقدم کیا ۔ساتھ ہی انہوںنے نئے کالجوں کے قیام پر بھی حکومت کی ستائش کی ۔
قاسم چوہدری بی ڈی او تھنہ منڈی تعینات
طارق شال
تھنہ منڈی //محمد قاسم چوہدری بلاک ڈیولپمنٹ افسر تھنہ منڈی تعینات ہوئے ہیں جن کی تعیناتی کا مقامی لوگوںنے خیر مقدم کیاہے ۔ محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کی طرف سے جاری حکمنامے کے مطابق محمد قاسم چوہدری کومحکمانہ ترقی دیکر بلاک ڈیولپمنٹ افسر تعینات کیاگیاہے ۔یاد رہے کہ پچھلے تین سال سے تھنہ منڈی میں کلی طور پر کوئی بھی بی ڈی او تعینات نہیں رہا جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کاسامنارہا اور ایک ہی بی ڈی او کیلئے تھنہ منڈی اور پلانگڑھ بلاکوں کا کام نمٹانا آسان نہیں تھا ۔تاہم اب حکومت نے تھنہ منڈی کیلئے الگ بی ڈی او تعینات کیاہے جس کا مقامی سیاسی و سماجی حلقوں نے خیر مقدم کیاہے ۔
راجوری میں قومی یوم پنچایتی راج منایاگیا
راجوری //گرام سوراج ابھیان کے خصوصی پروگرام کے تحت ملک بھر کی طرح راجوری میں بھی 24اپریل کو ان قومی یوم پنچایتی راج کے طور پر منایاگیا ۔ اس دوران کئی جگہوں پر تقاریب منعقد ہوئیں جن کے ذریعہ عام لوگوں میں جانکاری پھیلائی گئی ۔اس دن کو منانے کیلئے گاﺅں گاﺅں پروگرام منعقد ہوئے ۔ اس موقعہ پر لوگوں کو مرکزی معاونت والی سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی اور ان پر ان سکیموںسے مستفید ہونے پر زور دیاگیا ۔اس سلسلے کی ایک بڑی تقریب ہنجانہ ٹھاکر ا میں منعقد ہوئی جس میں حکومت ہند کے نمائندوں تسنیم ماجد گنائی (آئی اے ایس ) اور ونیش پنچنندا انڈرسیکریٹری نے بھی شرکت کی ۔انہوںنے بھی شرکاءپر زور دیاکہ وہ سکیموں کافائدہ اٹھاکر خوشحال زندگی بسر کریں اور اپنے علاقے کو ترقیافتہ بنائیں ۔ اس تقریب کا اہتمام بلاک ڈیولپمنٹ افسر نوشہرہ سریندر سنگھ کی طرف سے کیاگیاتھا۔پروگرام کے دوران گرام پنچایت کا منصوبہ بھی زیر بحث لایاگیا ۔اس کے علاوہ پردھان منتری آواس یوجنا پر بھی بات کی گئی اور فہرست سے باہر رہ جانے والے بی پی ایل کنبوں کو یقین دلایاگیاکہ اس سلسلے میں حکام سے بات کی جائے گی تاکہ ان کے نام بھی مستفید کنندگان کی فہرست میں درج ہوسکیں ۔