بیروہ میں غیر مقامی مزدور کی مبینہ خودکشی
ارشاد احمد
بڈگام//وسطی کشمیر کے بیروہ علاقے میں بدھ کی صبح ایک غیر مقامی مزدور نے مبینہ طور پر خود کشی کرکے اپنا کام تمام کر دیا ۔پولیس کے مطابق بدھ کی صبح مقامی لوگوں نے درخت سے لٹکتی ہوئی ایک لاش دیکھی جس کے بعد انہوں نے پولیس کو مطلع کیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جب پولیس ٹیم وہاں پہنچی تو انہوں نے لاش کو درخت سے نیچے اُتار ااور اس کی شاخت کی ۔پولیس نے خوزسوزی کرنے والے شخص کی شناخت اکھلیش ولد برندر پال ساکنہ اتر پردیش کے طور کی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص اینٹوں کے بھٹے میںکام کرتا تھا۔ قانونی لوازمات کو مکمل کرنے کے بعد پولیس نے مذکورہ شخص کی لاش کو دیگر ساتھوں کے سپرد کیا ۔اس سلسلے میں پولیس نے ایک کیس درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔
جی سی سی نے حدبندی کمیشن کو یاداشت پیش کی
سرینگر//گروپ آف کنسرنڈ سٹیزنس جموں کشمیر نے بدھ کو حد بندی کمیشن کو ایک یاداشت ارسال کی۔ نئے انتخابی حلقہ جات کی تشکیل اور نئی حد بندی کے حوالے سے گروپ آف کنسرنڑ سٹیزنس (GCC) جموں و کشمیر نے بدھ کو حد بندی کمیشن کو ایک میمو رنڈم ارسال کیا ہے۔گروپ نے کمیشن پر زور دیا ہے کہ وہ قانون اور ضوابط کی پاسداری کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے دستور کی پابندی کرتے ہوئے سماج کے ہر طبقے کی خواہشات کا احترام کریں ۔یاداشت میں قانونی اور تاریخی حقائق کا خلاصہ کرتے ہوئے آبادی کی بنیاد پر حد بندی کے عمل کو مکمل کرنے زور دیا گیا ہے۔واضح رہےGroup of Concerned Citizensمیں سابق بیرو کریٹ، سماجی کارکن، براڈکاسٹر، اعلی ٰافسر ، ٹریڈ اور معیشت سے تعلق رکھنے والے سماج کے ہر طبقے کے لوگ شامل ہیں جو ایک غیر سیاسی کارکنان کی جماعت ہے۔
بانڈی پورہ میں بھی ڈرونز پر پابندی عائد
سرینگر//جموں و کشمیر کے پانچ اضلاع کے بعد شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں بھی ڈرونز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔قبل ازیں سر ینگر، بارہمولہ، رام بن، سانبہ اور راجوری اضلاع میں ڈرونز اور فضا میں اڑائے جانے والی دیگر چیزوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ضلع مجسٹریٹ بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے ایک حکمنامہ جاری کیا ہے جس میں ڈرونز اور اس جیسی چیزوں کی خرید و فروخت، ٹرانسپورٹیشن اور انہیں اپنے پاس رکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ضلع بانڈی پورہ کے فضائی حدود میں ہوا میں اڑنے والی نامعلوم چیزوں کو گردش کرنے کی اجازت دینا بہت ہی خطرناک ہے۔سرکای محکموں کو مختلف کاموں کی انجام دہی کے لئے ڈرونز کی ضرورت پڑنے پر متعلقہ پولیس اسٹیشن کو مطلع کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں جبکہ جن لوگوں کے پاس ڈرون یا اس جیسی چیزیں ہیں انہیں کہا گیا ہے کہ وہ ان کو متعلقہ پولیس اسٹیشن میں جمع کریں۔
بھارتی فضائیہ کا
کاونٹر ڈرون سسٹم نصب کرنے کا منصوبہ
سرینگر//سرحد پار سے ڈرونوںکے ذریعہ حملے اور ہتھیار سمگل کرنے کی کارروائیوں کا توڑ کرنے کیلئے بھارتی فضائیہ نے اینٹی ڈرون سسٹم نصب کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کو کاونٹر ڈرون سسٹم کا نام دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں فضایہ نے دس اینٹی ڈرون سسٹم کی خریداری کیلئے بولی طلب کی ہے ۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جموں فوجی ایئر بیس پر گزشتہ ماہ ہوئے ڈرون کے ذریعے حملے اور سرحد پار سے اس طرف ہتھیار اور گولہ بارود پہنچانے کے اقدامات کو روکنے کیلئے بھارت اینٹی ڈرون سسٹم خریدرہا ہے ۔ اس سلسلے میں ہندوستانی فضائیہ نے دس اینٹی ڈرون سسٹم کی خریداری کیلئے بولیاں لگائی ہیں۔ ہندوستانی فضائیہ نے اس خریداری کیلئے ہندوستانی کمپنیوں سے ہی بولیاں منگوائی ہیں۔ اس کو اینٹی ڈرون سسٹم یا کاونٹر ڈرون سسٹم کہا جاتا ہے۔ بتادیں کہ گزشتہ 27 جون کو جموں میں ایئرفورس اسٹیشن پر ڈرون حملہ ہوا تھا۔ یہ ملک میں پہلا ڈرون حملہ ہے۔ اس کو لے کر اب سیکورٹی ایجنسیاں محتاط ہوگئی ہیں۔
دلیب کمار کی موت پرمشیر فاروق خان کا اظہار تعزیت
جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے بدھ کے روز بالی ووڈ کے تجربہ کار اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔مشیر خان نے کہا کہ مرحوم اداکار ہندوستانی سنیما کے ایک مشہوراور قابل اداکار تھے۔اور ان کی موت کا صدمہ سب کو ہے ۔انہوں نے کہا کہ دلیپ کمار کا انتقال ہماری ثقافتی دنیا کیلئے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ دلیپ کمار کو ہندوستانی فلمی صنعت کے بہترین اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں جموں وکشمیر سے کافی لگائو تھا کیونکہ مرحوم اداکار نے یہاں اپنی بہت سی ہٹ فلموں کی شوٹنگ کی تھی۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لئے بہت کچھ کیا تھا۔مشیر نے سوگوار خاندان ، مداحوں اور پیروکاروں سے اظہار تعزیت کی۔
کان کنی پر پابندی ہٹانا خوش آئندہ : احسان پردیسی
سرینگر// جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے یوتھ لیڈر اور انچارج کانسچونسی سونہ وار احسان پردیسی نے اتھواجن ، ووین اور ملحقہ علاقوں میں کان کنی پر عائد پابندی ہٹانے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے انتظامی فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے اس پیشے سے وابستہ ہزاروں خاندان خصوصا مزدوروں کو راحت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کان کنی پر پابندی نے اس طبقہ کو نان شبینہ کا محتاج بنا دیا تھا اور اس کام سے وابستہ مزدور قرضوں کے بوجھ تلے ڈوب گئے تھے۔احسان پردیسی نے غیر مقامی لوگوں کیساتھ کئے گئے کان کنی کے ٹھیکوں کو منسوخ کرنے اور مقامی لوگوں کیساتھ یہ ٹھیکے جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔
بانڈی پورہ میںدیہی ترقی محکمہ کا کارنامہ!
۔10لاکھ کی لاگت سے تعمیر کی گئی دیوارتین ماہ میںہی گرگئی
عازم جان
بانڈی پورہ //خیار بانڈی پورہ میںدیہی ترقی محکمہ نے 9لاکھ 60ہزار روپے کی لاگت سے بیک ٹو ولیج سکیم کے تحت دیوار تعمیرکی تھی جو تین ماہ کے بعد ہی گرگئی۔ مقامی لوگوں نے بتایاکہ مڈل سکول خیار سے لیکر گجر پتی تک بیک ٹو ولیج پروگرام کے تحت اس دیوارکو تعمیر کیا تھا۔ اگرچہ بی ڈی او بانڈی پورہ کی نوٹس میںمعاملہ لایا گیا لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد سے مطالبہ کیاکہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائے اور دیوار کو دوبارہ تعمیر کرانے کیلئے اقدامات کریں۔ اے ڈی ڈی سی نے اس سلسلے میںکہا کہ بیک ٹو ولیج پروگرام کے تحت یہ دیوارتین ماہ کے اندرہی ڈہ گئی اور اس کی تحقیقات کیلئے ایک ٹیم مقرر کی گئی تھی جس نے رپورٹ پیش کی اوربہت جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
کرانکشون سوپور میں نصب ٹرانسفارمر خراب
سرینگر//تکیہ بل کرانکشون سوپورمیںگزشتہ ایک ہفتے سے لوگوں کو بجلی عدم دستیابی کا سامنا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا کہ علاقے میں نصب ٹرانسفارمرخراب ہوگیا لیکن اُسے ٹھیک نہیں کیا گیا ۔ لوگوں نے کہا کہ گرمی کے ان ایام میں بجلی نہ ہونے سے انہیںسخت مشکلات درپیش ہیں۔ مقامی لوگوںنے کہا کہ یہ بجلی ٹرانسفارمر بار بار خراب ہوجاتا ہے جو مقامی لوگوں کیلئے باعث عذاب ہے ۔ اس سلسلے میں متعلقہ حکام کا کہناہے کہ بجلی ٹرانسفارمر کی مرمت ہوچکی ہے اور بہت جلد علاقے میں نصب کیا جائے گا۔ سی این آئی
اے اے وائی ، پی ایچ ایچ راشن کارڈ رضاکارانہ طور پر سرنڈر کریں
سرینگر// ڈائریکٹر فوڈ سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افیئرز محکمہ (ایف سی ایس اینڈ سی اے) کے مطابق ایسے تمام خاندانوں / گھرانوں / راشن کارڈ ہولڈروں جن کو اے اے وائی اور پی ایچ ایچ زمروںکے تحت راشن مل رہا ہے لیکن اب مالی حالت میں بہتری آئی ہے ،کو راشن لینے کے لئے نااہل قرار دیا گیا ہے۔ ان راشن کارڈ ہولڈروں سے کہا گیا ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر ان کے حق میں جاری ہونے والے راشن ٹکٹیں 15 روز کے اندر سپرد کردیں۔
منشیات مخالف مہم
بڈگام میں 2 افراد گرفتار ،ہیروئن برآمد
سرینگر// پولیس نے بڈگام میں دو افراد کو نشیلی اشیاء سمیت گرفتار کیا ہے۔واتھورہ میں قائم چوکی پر پولیس تھانہ چاڈوڑہ سے ایک پولیس پارٹی نے مشکوک حالت میں گھوم رہے ایک شخص کو روکا اور اسے گرفتار کرلیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 300 گرام ہیروئن برآمد ہوا۔مذکورہ شہری کی شناخت یونس منظورعرف ساحل ساکن واتھورہ کے نام سے ہوئی ہے۔پوچھ تاچھ کے دوران اس کے انکشاف پر ایک اورشہری کو گرفتار کیا گیاجس کی شناخت ناصر فاروق صوفی ساکن واتھورہ کے نام سے ہوئی ہے۔ چیکنگ کے دوران اس کے قبضے سے 200 گرام ہیروئن بھی برآمد ہوئی۔دونوں افراد کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔اس سلسلے میںپولیس نے ایف آئی آر نمبر 106/2021 کے تحت ایک کیس چاڈورہ تھانے میں درج کیا ہے۔
دلشاد شاہین اپنی پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی صدر کشمیر مقرر
سرینگر //جموں کشمیراپنی پارٹی نے دلشاد شاہین کو صوبائی صدر کشمیرخواتین ونگ مقرر کیا ہے۔اس تقرری کی منظوری پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے بدھ کودی۔ دلشاد شاہین اسپیشل سکریٹری ہوم ڈپارٹمنٹ کی حیثیت سے ریٹائر ہوگئیں اور وہ جموں و کشمیر میں اسٹیٹ ہیومن رائٹس کمیشن کی ممبر بھی تھیں۔
آرینز کالج میں قانون کے طلباء کیلئے ای انٹرنشپ کاپروگرام
سرینگر// ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی (ڈی ایل ایس اے) چنڈی گڑھ نے قانون کے پیشہ ور افراد کے لئے ای انٹرنشپ پروگرام کا انعقاد کیا۔ آرینز کالج آف لاء کے 50 طلباء کا انتخاب اس ای انٹرنشپ پروگرام کے تحت کیا گیا۔ان طلباء نے مختلف نامور شخصیات سے ملاقات کی جنہوں نے ’’سب کے لئے انصاف تک رسائی‘‘ کیلئے خواندگی کے پروگراموں اور اسکیموں کے علاوہ قانونی امداد اور خدمات کے طریقہ کار پر بھی روشنی ڈالی۔اس طویل ای انٹرنشپ کے دوران چندی گڑھ کے متعدد قانونی ماہرین ، ماہرین نفسیات اور سماجی مصلحین جن میں اشوک ار مان (سی جے ایم،سیکریٹری ڈی ایل ایس اے)، راجیشور سنگھ لاء افسر ریاستی لیگل سروسز اتھارٹی (ایس ایل ایس اے)، سیما پسکریچہ ثالثی کے ماسٹر ٹرینر ، نیل رابرٹس چیف کوآرڈی نیٹر ( ڈی ایل ایس اے)، ڈاکٹر ستیندر کور چیئرپرسن چائلڈڈویلفیئر کمیٹی،ڈاکٹر مدنجیت ساہوٹا ممبر جوینائل جسٹس بورڈ، جے ایس جیرا پرنسپل بلائنڈ انسٹی ٹیوٹ، دھننجے اور سمرنجیت سنگھ جو ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی نمائندگی کررہے تھے،شامل ہوئے ۔ڈاکٹر انشو کٹاریہ چیئرمین آریانز گروپ نے جسٹس جسونت سنگھ ، جج پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے ساتھ ایگزیکٹو چیئرمین ، ریاستی قانونی خدمات کا شکریہ ادا کیا۔آرینز کالج آف لاء سے تعلق رکھنے والی پونییت کور اور انکور گارگ نے بتایا کہ انہیں ڈی ایل ایس اے چندی گڑھ کے افراد سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔
مولانا ہمدانی کا بشیر احمد قادری کے انتقا ل پر اظہارِ رنج
سرینگر// جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے سجادہ نشین زیارت سید ولی سید بشیر احمد قادری ساکن ریاضت ٹینگ خانیار کے انتقال پررنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوارخاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ جمعیت کے ایک تعزیتی اجلاس میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔
ٹنگمرگ میں لوڈ کیرئیر سے عمارتی لکڑی ضبط،2افراد گرفتار
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ //ٹنگمرگ میں محکمہ جنگلات نے ایک لوڈ کیرئیر سے غیر قانونی طور کاٹی گئی لکڑی ضبط کی ۔محکمہ جنگلات ٹنگمرگ میں تعینات فارسٹر بشیر احمد ماگرے نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر کھونچی پورہ کے نزدیک ایک لوڈ کیرئر زیر نمبر Jk04D-4829کو روک کر اس کی تلاشی لی۔تلاشی کے دوران آٹومیں 12مکعب فٹ لکڑی ضبط کی گئی اور لوڈ کیرئیر ڈرائیور محمد امین ایتو اوراس کا ساتھی ہلال احمد شاہ ساکن دھوبی ون کو ٹنگمرگ پولیس کے حوالے کیا ۔ پولیس نے ان کے خلاف ایف ائی آر نمبر 60کے تحت کیس درج کرلیا۔
نرسنگھ گڑھ بٹہ مالو میں پینے کے پانی کی قلت
سرینگر// سرینگر کے نرسنگھ گڑھ بٹہ مالو علاقے میں پینے کے صاف پانی کی قلت نے عام لوگوں کو دشواریوں میں مبتلا کیا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ بال گارڈن نرسنگھ گڑھ علاقے میں قبرستان کے نزدیک زیر التوا پروجیکٹ میں شمشان بونی سے لیکر قبرستان تک600فٹ پائپیں نہیں بچھائی گئی ہیں،جس کا خمیازہ سبھی لوگوں کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے مزید بتایا کہ اگر چہ اس کام کیلئے پہلے ہی کام بھی تفویض کیا گیا ہے اور اس کام کیلئے سازو سامان بھی فراہم کیا گیا تاہم گزشتہ دو برسوں سے کام التواء میںہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ موسم گرما کے ان سخت ترین ایام میں علاقے کے لوگوں کو پینے کے پانی سے محروم کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کو بھی بار بار یاد دہانی کرائی گئی تاہم صرف یقین دہانیوں سے ہی کام چلایا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر لوگوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے اقدمات کریں۔