کولگام کی مغوی لڑکی بازیاب،اغوا کار گرفتار
کولگام//کولگام پولیس نے ایک مغوی لڑکی کو بازیاب کرکے اغواکار کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایک بیان کے مطابق 25اپریل کوکولگام پولیس اسٹیشن میں ایک شخص نے شکایت درج کی کہ اس کی لڑکی(نام مخفی) کو ثانق احمدکھانڈے ولدعبدالرشیدکھانڈے نے اغواکیا ہے۔اس شکایت کی بنیاد پر پولیس نے ایف آئی آرزیر نمبر 62/2021متعلقہ دفعات کے تحت درج کیااور معاملے کی چھان بین ایس ایچ اور پولیس اسٹیشن کولگام کی قیادت میں ٹیم نے شروع کی۔پولیس نے مخصوص سراغوں کے بعد اغواکی گئی لڑکی کو بازیاب کیااوراغواکار کو گرفتار کیا۔اُسے پولیس اسٹیشن کولگام منتقل کیا گیا ۔پولیس نے قانونی اور طبی لوازمات پورا کرنے کے بعد لڑکی کو قانونی وارثین کے سپرد کیا۔کیس کی تحقیقات جاری ہے۔پولیس کی اس چابکدستی کی مقامی لوگوں نے سراہنا کی ہے اور پولیس نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سماج دشمن عناصر سے نمٹنے کیلئے پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔
ڈی ڈی سی وائس چیرپرسن شوپیان کا کئی علاقوں کا دورہ
شاہد ٹاک
شوپیان// شوپیا ن ضلع میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل وائس چیئر پرسن عرفان منہاس نے ضلع کے متعدد علاقوں کا دورہ کیا۔اس دوران انہوں نے آبادی کو درپیش مسائل جیسے پانی، بجلی، سڑک اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔کئی علاقوں میں عوامی وفود موصوف سے ملاقی ہوئے۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی وائس چیئرپرسن نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ترجیحی بنیادوں پران کے مسائل حل کئے جائیں گے۔اس موقع پر شاداب کریوا میں ایک عوامی دربار منعقد کیا گیا ۔
کورونا پر قابو پانا لازمی
سوپور اور بڈگام میںپولیس کا مذہبی رہنماؤں کے ساتھ رابطہ
سرینگر//سوپور اور بڈگام پولیس نے مذہبی رہنماؤں اور ائمہ مساجد کے ساتھ ملاقاتوں کے تسلسل کے طور پر کوروناپر قابو پانے والے اقدامات پر عمل پیرا ہونے کے بارے میں ائمہ مساجد اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ اجلاس منعقد کئے۔ ایس ایس پی سوپور کی ہدایت پرتارزو اورپانزلہ تھانوںجبکہ بڈگام میں ماگام، بیر وہ ، چاڈورہ اور چرارشریف تھانوںکے اختیار میں آنے والے علاقے کے ائمہ مساجد نے اس میٹنگ میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شرکاء پر زور دیا گیا کہ وہ مسجد شریف میں بھیڑ کم کریں جس کے لئے شرکا نے حامی بھرلی۔
کورونا سے نجات کیلئے دعائوں کا اہتمام کریں: جمعیت ہمدانیہ
سرینگر// جمعیت ہمدانیہ نے تمام ائمہ مساجد، خانقاہوں اور زیارتگاہوں کے سجادہ نشین حضرات سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک کے ایام کے دوران خصوصاً تراویح اور تلاوت قرآن کے وقت کورونا وائرس سے نجات کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔جمعیت نے عوام پر زور دیا کہ وہ کورونا وائرس کے احتیاطی تدابیر پر من و عن عمل کریں اور علمائے کرام اور ڈاکٹر حضرات کے احکامات پر سختی سے عمل کریں۔
سابق چیف انجینئرشیخ عبدالسلام فوت
ڈاکٹر فاروق اور الطاف بخاری کا اظہارِ رنج
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سابق چیف انجینئر انجینئرشیخ عبدالسلام ساکن راج باغ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے بھی اس سانحہ ارتحال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اس دوران اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے انجینئر شیخ عبدالسلام کی وفات پرگہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے جنہوں نے حضرت بل کی تعمیر میں شاندار خدمات انجام دی ہیں۔اُن کی وفات کو بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے بخاری نے کہاکہ انجینئر عبدالسلام کے ساتھ اُن کی دیرینہ دوستی تھی۔بخاری نے کہاکہ ’’اُن کی وفات ہمارے کنبہ کے لئے ناقابل ِ تلافی نقصان ہے‘‘۔انہوں نے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی۔
ڈاکٹر فاروق کا اظہار تشویش
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سابق چیف انجینئر شیخ عبدالسلام کو صورہ میڈیکل انسٹیچوٹ میں معقول علاج ومعالجہ نہ کرنے اور اُنہیں وہاں پر بیڈ فرہم نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ہی اپنی انتھک کوششوں سے صورہ میڈیکل انسٹی چوٹ کی تعمیر میں ایک اہم رول ادا کیا تھا ۔ڈاکٹر عبداللہ نے مرحوم کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور طبی محکمہ کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے مئوثر اقدامات ضرورت اُٹھانے کی ضرورت ہے جبکہ اُنہوں نے اسپتالوں میں کورونا متاثرین کو معقول علاج ومعالجہ فراہم کرنے پر زور دیا ۔اس دوران جمیعت ہمدانیہ کے سربراہ میر واعظ ریاض ہمدانیہ نے بھی فن تعمیر کے معروف ماہر شیخ عبدالسلام کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحو م کے حق میں دُعائے مغفرت کی جبکہ اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
سینئر صحافی برکھا دت کے والد کی موت پر سابق وزرائے اعلیٰ کا اظہار دکھ
سرینگر// سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے سینئر صحافی و مصنفہ برکھا دت کے والد کی موت پر گہرے دکھ و صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ برکھا دت کے والد ایس پی دت کی منگل کی صبح دلی کے ایک ہسپتال میں کورونا سے موت واقع ہوئی۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے برکھا دت کے والد کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’برکھا آپ کو پہنچے صدمے پر میں افسردہ ہوں، اس کا اندازہ ہی نہیں لگایا جا سکتا ہے کہ آپ اور آپ کا باقی خاندان اس وقت کس کرب سے گذر رہا ہوگا۔ ہم، میرا پورا خاندان بالخصوص میرے والد آپ کو، آپ کی بہن اور آپ کے خاندان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں‘۔پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’برکھا آپ کو پہنچے صدمے پر مجھے بے حد افسوس ہے ۔ میں آپ اور آپ کے خاندان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتی ہوں‘۔