مینڈھر کے وفد کی ڈی سی سے ملاقات
ٹی ایس پی رقومات کے صحیح استعمال اور دیگر مسائل کے حل کی مانگ
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر تحصیل کا ایک وفد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد سے ملاقی ہوا جس کی قیادت چوہدری محمد صادق ممبر سٹیٹ ایڈوائزری بورڈ گوجر بکروال و ماسٹر محمد دین پسوال ضلع نائب صدر پی ڈی پی کر رہے تھے۔وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مینڈھر میں ترقیاتی کام صیح ڈھنگ سے نہیں ہو رہے اور علاقہ میں بجلی اور پانی کی عد م دستیابی کا مسئلہ سنگین ہے ۔وفد کے ارکان نے کہاکہ گوجر ایڈوائزری بورڈ اور ٹی ایس پی سے وابستہ کام کاج نہیں ہو رہے اور تین سال سے عام لوگوں کو ٹی ایس پی کا پیسہ نہیں دیاگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی ایس پی کا پیسہ سیاسی اثر ورسوخ رکھنے والے لوگ خرچ رہے ہیں جبکہ غریب گوجر تک یہ پیسہ نہیں پہنچ رہا ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علا وہ ترقیاتی کام ڈھنگ سے نہیں ہو رہے ۔ انہوںنے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی کہ پانی کی قلت دور کی جائے اور لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیاجائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ کے ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے زیادہ تر سکیمیں پانی کی ناکام ہو چکی ہیں اور ان کی مرمت نہیں کی جارہی ۔ان کا کہنا ہے کہ مزدور طبقہ کو نریگا کا پیسہ وقت پر نہیں ملتاجس سے مزدوروں کو کئی قسم کی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فوری طور مزدور طبقہ کو مزدوری دی جائے تاکہ وہ اپنے بچوں کو روٹی کھلا سکیں اور ان کی تعلیم بھی جا ری رکھ سکیں ۔انہوںنے بجلی کے شعبے میں بہتری لانے پر زور دیتے ہوئے مینڈھر میں ہی ٹرانسفارمر ٹھیک کرنے کیلئے ورکشاپ قائم کرنے کی مانگ کی ۔ انہوںنے سڑکوں کی مرمت اور التوا میں پڑے پروجیکٹوں کی تکمیل کی مانگ کی ۔اس دوران انہوںنے اضافی کرایہ ، ائورلوڈنگ اور دیگر مسائل کو بھی ڈپٹی کمشنر سے آگاہ کیا ۔انہوںنے ڈی سے اپیل کی کہ وہ مینڈھر میں ایک عوامی دربار لگائیں ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے وفد کے تمام مطالبات سننے کے بعد انہیں یقین دلایاکہ وہ ان کو حل کریںگے ۔وفد میںسابق سرپنچ نذیر حسین،نثار چوہدری،حاجی محمد فضل،حاجی محمد اسلم وغیرہ بھی تھے۔
پی ایچ ای ڈپلومہ ہولڈروں کا احتجاج
حسین محتشم
پونچھ// محکمہ پی ایچ ای کے آئی ٹی آئی ڈپلومہ ہولڈرس کی جانب سے فوارہ گارڈن پونچھ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس دوران مظاہرین نے ریاستی مخلوط سرکار کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔انہوںنے الزام لگایا کہ سرکار انہیں عرصہ دراز سے نظر انداز کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی مخلوط سرکار کی جانب سے ان کے ساتھ بار بار وعدے کئے گئے لیکن افسوس کہ ان میں سے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ میں مختلف زمروں کے تحت عارضی ملازم دو دو دہائیوں سے کام کرتے آ رہے ہیں جن کو مستقل کئے جانے کے سلسلہ میں کوئی پیش رفت نہیں کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سینکڑوں ملازم جن میں آئی ٹی آئی ڈپلومہ ہولڈرس، سی پی ورکرس، لینڈ کیس ملازم شامل ہیں،کومختصر سی تنخواہ دی جاتی ہے اورستم در ستم یہ کہ مختصر یہ تنخواہ بھی بروقت نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ بروقت تنخواہیں واگزار نہ ہونے کی وجہ وہ لوگ بھکمری کا شکار ہو رہے ہیں۔احتجا ج کے دوران ملازموں نے متعلقہ افسران پر بھی الزام لگایا کہ وہ ان کے ساتھ صحیح برتائو نہیں کرتے۔انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ محکمہ پی ایچ ای اور دیگر محکمہ جات میں جہاں عارضی ملازم کام کر رہے ہیں، ان کو مستقل کیا جائے۔انہوںنے انتباہ دیاکہ اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو وہ سپلائی لائن بند کردیںگے ۔
محکمہ دیہی ترقی کا جائزہ لیاگیا
پونچھ میں100بنکر ، 200پل اور172کھیل کود میدان تعمیر ہونگے
پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران محکمہ دیہی ترقی کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا۔اس میٹنگ کے دوران بتایاگیاکہ نریگا ، پی ایم اے وائی ، بی اے ڈی پی ، کلسٹر ماڈل ولیجز ، 13-14مالیاتی کمیشن اور کانور جنس کے تحت کئی کام ہورہے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ نریگا سکیم سے جہاں روزگار فراہم کیاجائے وہیں قیمتی اثاثے بھی قائم کئے جائیں ۔انہوںنے کہاکہ ضلع میں 100بینکروں ، 172کھیل کود کے میدان اور 200پلوں کی تعمیر کا ہدف پورا کیاجائے اور افسران و ملازمین پوری محنت اور لگن سے کام کریں ۔انہوںنے جاب کارڈ کی جانچ اور جاب کارڈ وں کو آدھار سے منسلک کرنے پر زور دیتے ہوئے تمام بلاک ڈیولپمنٹ افسران کو ہدایت دی کہ وہ نریگا کے تحت کاموں میں تیزی لائیں ۔انہوںنے آدھار سے سیڈنگ میں خراب کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اے ڈی ڈی سی کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ افسران کے ساتھ علیحدہ میٹنگ کریں ۔انہوںنے سکیموں کی عمل آوری میں شفافیت پر زور دیا ۔ اس دوران بتایاگیاکہ مختلف بلاک کی 34پنچایتوںکو اس ماہ کے اواخر تک اوپن ڈیفیکیشن فری قرار دیاجائے گا۔
نمائندہ عظمیٰ مینڈھر کو صدمہ
مینڈھر //مینڈھر سے کشمیر عظمیٰ کے نمائندہ جاوید اقبال کو صدمہ پہنچاہے جن کی پھوپھی انتقال کرگئی ہیں ۔سریا بی طویل علالت کے بعد65سال کی عمر میں انتقال کرگئیں جن کوکیری گلہوتہ میں دفن کردیاگیا۔ان کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوںنے شرکت کی ۔ ادارہ ٔکشمیرعظمیٰ کی طرف سے دکھ کی اس گھڑی میں جاوید اقبال کو تعزیت پیش کی جاتی ہے اور دعا ہے کہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ ملے ۔
زہر خوردنی کے واقعات
خاتون کی موت ،طالبہ کو بچالیاگیا
بختیارحسین
سرنکوٹ //سرنکوٹ میں زہر خوردنی کے دو الگ الگ واقعا ت میں ایک شادی شدی خاتون کی موت ہوگئی جبکہ ایک طالبہ کوبروقت علاج سے بچالیاگیا ۔36سالہ زرینہ بیگم زوجہ محمد نثار ساکن کلر کٹل نے کوئی زہریلی شے نگل لی جس کے بعد اسے سرنکوٹ ہسپتال لایاگیاجہاںسے اسے پہلے پونچھ اور پھر گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیاتاہم راستے میں ہی اس کی موت ہوگئی ۔ بعد میں پوسٹ مارٹم کرکے اس کی نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی ۔ اسی طرح سے مسکان خواجہ دخترممتاز احمد خواجہ عمر 18سالہ سکنہ فضل آباد ہال ٹی سی پی سرنکوٹ جو بارہویں جماعت کی طالبہ ہے ، نے زہریلی شے کھائی تاہم اس کا سرنکوٹ میں ہی علاج کیاگیااور بروقت علاج سے وہ بچ گئی ۔
بار ایسوسی ایشن جموں کی بند کال کی مذمت
حسین محتشم
پونچھ// بار ایسوسی ایشن پونچھ نے جموں بار کی بند کال کی مذمت کی ہے ۔پونچھ بار کے نائب صدر ایڈووکیٹ اسحق خان کی قیادت پونچھ کے وکلاء کا ایک اجلاس منعقد ہواجس میں انہوںنے بار ایسوسی ایشن جموں کی بند کال اور بار ایسوسی ایشن کٹھوعہ کی آصفہ قتل معاملہ میں چالان کو روکنے کی جم کر مذمت کی ۔ انہوںنے کہا کہ انسانیت سوز طاقتوں کے خلاف وکلا کومیدان عمل میں آنا چاہئے لیکن سب کچھ الٹا ہورہاہے اور مجرم کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے جو وکالت کے نام پر سیاہ دھبہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آصفہ معاملہ میں مرحومہ کے لواحقین کو انصاف ملے گا۔اجلاس میںجنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ سجاد چوہان، جوائنٹ سیکریٹری ایڈووکیٹ الیاس احمد خواجہ، خزانچی ایڈووکیٹ رب نواز خان اور ایڈووکیٹ عادل سلیم بھی موجود تھے۔
سابق تحصیلدار کے اعزاز میں الوداعیہ
طارق شال
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کے سابق تحصیلدار شاہد اقبال کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری عبدالقیوم میر بطور مہمان خصوصی موجود تھے۔ اس موقعہ پر سب یویژنل پولیس آفیسر تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری،سب ڈیویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی محمد افضل مرزا، تحصیلدار تھنہ منڈی قدیر الرحمن قاضی، تحصیلدار منجا کوٹ محمود خان، نائب تحصیلدار تھنہ منڈی فاروق راتھر، نائب تحصیلدار ساج و نائب تحصیلدار شاہدرہ شریف، ایگزیکٹو آفیسر تھنہ منڈی کبیر احمد ملک، تحصیل سپلائی آفیسر تھنہ منڈی ضمیر احمد مرزا، محمد اسلم گنائی چیئر مین گیس ایجنسی تھنہ منڈی، ٹھیکیدار منظور احمد ملک،حاجی غلام محی الدین عارف صدر بیوپار منڈل ودیگران بھی موجو دتھے ۔مقررین نے شاہد اقبال کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ وہ تین سال بطور نائب تحصیلدار رہے اور لگ بھگ دو سال بطور تحصیلدار رہ کر تھنہ منڈی کی عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ۔اپنے خطاب میںشاہد اقبال نے کہا کہ تھنہ منڈی کی عوام نے انکی خامیوں کو نظر انداز کر کے انہیں بھرپور تعاون دیااوران کی تربیت میں مقامی لوگوں کا ہاتھ ہے۔انہوںنے سول سوسائٹی تھنہ منڈی کے اراکین، شمیم احمد مغل، شمشیر احمد لون، شکیل گنائی، شکیل میر، مشتاق شال، ایڈووکیٹ نوید انجم شال، حاجی مقبول رینہ وغیرہ کا شکریہ اد اکیا ۔موصوف کو تحصیلدار سرنکوٹ تعینات کیاگیاہے ۔
’گرام سوراج ابھیان ‘
ضلع انتظامیہ نے تیاریوںکاجائزہ لیا
راجوری //ضلع انتظامیہ راجوری نے ’گرام سوراج ابھیان ‘کے خصوصی پروگرام کی تیاریوںکا جائزہ لیاگیا ۔ یہ پروگرام چودہ اپریل سے شروع ہوکر پانچ مئی تک جاری رہے گا۔ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے ایک میٹنگ میں انتظامات کو حتمی شکل دی ۔میٹنگ میں ضلع کے دیگر کئی افسران بھی موجو دتھے ۔ اس موقعہ پر بتایاگیاکہ اس پروگرام کو لوگوں تک بیداری پہنچانے کے مقصد سے شروع کیاگیاہے تاکہ وہ زمینی سطح پر محکمہ دیہی ترقی و دیگر محکمہ جات کی طرف سے چلائی جارہی سکیموںسے فائدہ اٹھاسکیں۔ اس پروگرام کے تحت چودہ اپریل کو سماجی برابری کا دن منایاجائے گا۔ اسی طرح سے اٹھارہ کو سوچھ بھارت ، بیس کو اجوالا یوجنا ، چوبیس کو پنچایت راج دیوس ، اٹھائیس کو گرام شکتی ابھیان ، تیس اپریل کو ایوش مین بھارت ابھیان ، دو مئی کو کسان کلیان کریاشلہ اور پانچ مئی کو آجیویکا و کشل وکاس میلہ کے طور پر منایاجائے گا۔دریں اثناء صفائی ستھرائی کیلئے لام ، قلعہ درہال ، سریا ، کھمبہ ، راجپور کمیلا ، نونیال ، بجنواہ اور ہنجانہ گائوں کا انتخاب کیاگیاجو سبھی حد متارکہ کے قریب واقع ہیں ۔ڈپٹی کمشنرنے ہدایت دی کہ اس پروگرام کے دوران زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کو یقینی بنایاجائے اور ذرائع ابلاغ کی مدد بھی لی جائے ۔
سڑک حادثے میں3افراد زخمی
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ لام روڈ پر ٹاٹا موبائل اور کار کے درمیان تصادم ہوجانے کے باعث ایک بچے سمیت تین افراد زخمی ہوئے ہیں ۔یہ حادثہ راجپور پٹہ علاقے میں اس وقت پیش آیا جب راجوری جارہی کار زیر نمبر JK11A-4907مخالف سمت سے آرہی ٹاٹا موبائل گاڑی زیر نمبر JK11-9839سے ٹکراگئی ۔اس حادثے کے نتیجہ میں تین افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر نوشہرہ ہسپتال منتقل کیاگیاجہاںسے سات سالہ محمد مصطفی ولد ذوالفقار احمد ساکن اندروٹھ کو گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کردیاگیاہے ۔دیگر دوزخمیوں مصطفی حسین ولد اللہ دتا اور نازیہ کوثر زوجہ عاشق حسین ساکنان اندروٹھ نوشہرہ کاعلاج مقامی سطح پر ہی چل رہاہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔