ہائر سکینڈری سکول گول میں بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو مہم
زاہد بشیر
گول//ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن طارق حسین گنائی کی ہدایت پر جہاں پورے ضلع میں ’’بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو‘‘پر پروگرام منعقد ہوئے جس کی نگرانی چیف ایجوکیشن آفیسر رام بن کر رہے تھے ۔ ادھر سب ڈویژن گول کے صدر مقام ہائر سکینڈری سکول گول میں ایک پروگرام کا انعقاد ہوا جس کی صدارت لیکچرارمنظور احمد تراگوال کر رہے تھے ۔ اس موقعہ پر بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو پرمقررین نے روشنی ڈالی ۔لیکچرارمنظور احمد تراگوال کے علاوہ نواز احمد وانی ، معصوم الحق ، شہنواز غنی و کلسٹرگول کے طلبہ و طالبات نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی ۔اس موقعہ پر جن طالبان نے اس پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اُن میں توحید شریف، اقلیمہ کائنات ، اقصیٰ بٹ ، سلواہ راحت، شبنم ودیگر شامل تھے۔اس موقعہ پر بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔
کشتواڑ میں بھیم رائو امیڈکر کا 127واں جنم دن منایا گیا
کشتواڑ//ہفتہ کے روزشڈولڈکاسٹ ویلفیئر اسوسی ایشن اور ایس سی ، ایس ٹی،او بی سی لیبر یونین کی جانب سے گوری شنکر مندر سر کوٹ میں رام داس چرن کی قیادت میں ڈاکٹر بھیم رائو امیڈکر کا 127واں جنم دن بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔اس موقعہ پر لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔شرکاء نے بھیم رائو امیڈکر کی زندگی اور ان کی کار کردگی پر روشنی ڈالی۔اس پروگرام میں اجیت بھگت چیئر مین شڈولڈ کاسٹ ،شڈولڈ ٹرائب،بیکورڈ کلاس لیبر یونین ،حقیقت سنگھ شڈولڈ کاسٹ یوتھ صدر،وکی کمار جوائنٹ سیکریٹرییوتھ،اشونی کمار سیکریٹری ستیش کمار، نیرج کمار ،اندر جیت سنگھ،کرن جیت سنگھ،رندیپ کمار،رویندر کمار،نیک چند،دینی کمار،اندرجیت بھگت،اجے کمار،خوف چند،وجے بھگت،روی بھگت،ساجن کمار،شرون کمار،پون کمار بھگت،نریش کمار ،دلیپ کمار وغیرہ موجود تھے۔
پردھان منتری اُجولا دوس
رام بن کے 100 کنبوں میں ایل پی جی کنکشن تقسیم کئے جائیں گے
رام بن //رام بن ضلع میں اُجولا دوس کے موقعہ پر 100 ایل پی جی کنکشن فراہم کئے جائیں گے۔اس سلسلہ میں انڈین آئیل کارپوریشن نے بی پی ایل اور ایس سی/ایس ٹی کنبہ کی 100خواتین میں پردھان منتری اُجولا یوجنا کے تحت ایل پی جی کنکشن فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔پردھان منتری اُجولا یوجنا( PMUY) مرکزی سرکار کی ایک فلیگ شپ سکیم ہے،جس کے تحت غریب خواتین کو کھانا پکانے کے لئے صاف ایندھن فراہم کیا جاتا ہے۔انڈین آئیل کارپوریشن کے ڈسٹرکٹ نوڈل افسر راکیش تکو نے کہا ہے کہ 20 اپریل کو اُجولا دوس منایا جائے گا ۔اس سکیم کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کے مقصد سے اور انکے صحت میں بہتری لانے کے لئے انکے لکڑی اور چولھے پر کھانا پکانے کے بوجھ کو کم کرنے کے لئے گیس کنکشن فراہم کئے جائیں گے۔انہوںنے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں ان میں بیداری پیدا کرنے کے لئے بھی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ضلع رام بن کے موضع سناسر کو 5مئی2018 تک دھویں سے پاک قرار دینے کی نشاندہی کی گئی ہے۔
بیٹی بچائو، بیٹی پڑھائو پر بیداری پروگرام کا اہتمام
رام بن //ضلع بھر میں گرام سوراج یوجنا منانے کے سلسلہ میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی سالگرہ پر محکمہ ہیلتھ نے آر ڈی ڈی ،تعلیم و دیگر محکموں کے اشتراک سے گورنمنٹ ہائی سکول ڈولی گام میں ’’ بیٹی بچائو، بیٹی پڑھائو ‘‘ پر ایک بیداری پروگرام بشمول بحث و مباحثہ کا ایک پروگرام منعقد کیا گیا ۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر طارق حُسین گنائی مہمان خصوصی تھے۔اسی موضوع پر ایک بیداری پروگرام گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول رام بن ،گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بٹوت، اور گورنمنٹ ہائی سکول اُکھرال میں بھی منعقد کیا گیا ۔چیف میڈیکل افسر رام بن ڈاکٹر سیف الدین خان، اے سی ڈی جی ایچ کرائی پاک، ڈی پی او طارق سہراوردی اور محکمہ تعلیم کے افسران اور سکول سٹاف کے علاوہ طلاب اور مقامی لوگوں نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔اس سے قبل سکول سے ایک بیداری ریلی نکالی گئی ،جو مختلف بازاروں سے ہوتے ہوئے سکول احاطہ میں اختتام پذیر ہوئی۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ڈی سی نے دختر کشی کے خلاف سماج کو بیدار بنانے کی ضرورت پر زور دیا ،کیونکہ اسکی وجہ سے لڑکیوں کی آبادی میں کمی آ رہی ہے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ریاستی سرکار نے متعدد سکیمیں لانچ کی ہیں جن کا مقصد والدین کو لڑکے اور لڑکی میں امتیاز نہ کرنے کی جانب راغب کیا گیا ہے،کیونکہ سماج کے لئے دونوں بہت ہی اہم ہیں۔
امید ٹرسٹ نے رام بن میں امبیڈکر کا جنم دن منایا
رام بن //رام بن کی ایک سماجی تنظیم اُمید ٹرسٹ کی جانب سے ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈ کر کی127 ویں سالگرہ منانے کے لئے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب کا انعقاد میتر،ا رام بن میں آرگنائزیشن کے جنرل سیکرٹری مسعود اقبال زرگر نے روائتی لیمپ روشن کرکے کیا ۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں انہوں نے حصولیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ امبیڈکر ہمیشہ سے ہی غریب اورسماج کے کمزور طبقہ کی بھلائی کے لئے کام کر تے تھے اور ایک حقیقی سماجی کارکن تھے۔انہوں نے کہا کہ بطور آئین ساز کمیٹی کے ان کا سب سے بڑا تحفہ بھارت کو دنیا کا سب سے بڑا آئین ہے،جو کہ ملک کے ہر ایک شہری کی بلا لحاظ مذہب و ملت ،رنگ و نسل کے تحفُظ یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ حقیقی معنوں میں آئین ہند کے معمار تھے۔ٹرسٹ کے تمام ممبران نے تقریب میں شرکت کی۔
سرکاری و پرائیویٹ سکولوںمیں جعلی داخلے
ڈی سی کشتواڑ نے جانچ کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی
اے آئی بٹ
کشتواڑ/ //ضلع صدر دفتر پر آسودہ حال خاندانوں کے طلاب کا قصبہ کے سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں جعلی داخلہ کی شکایات کے پیش نظر ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے ایک کمیٹی تشکیل دی ،جسے سرکاری و پرائیویٹ سکولوں میں جعلی داخلہ کی جانچ و پڑ تال کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔ضلع انتظامیہ کو متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں کہ بہت سے آسودہ ہال طبقہ کے طلاب قصبہ کے پرائیویٹ سکولں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں جبکہ انکا مستقل داخلہ ضلع کے دور دراز علاقوں کے سرکاری سکولوں میں کیا گیا ہے،جہاں وہ امتحان میں شامل ہو جاتے ہیں۔شکایات میں کہا گیا ہے کہ ایسے عمل سے غریب طبقہ کے طلاب کو اعلیٰ داخلہ او سرکاری ملازمتوں میں اپنے جائز حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح سے با رسوخ اور آسودہ ہال طبقہ کے طلاب غریب لوگوں کے قیمتوں پر ریزرویشن کا ثمر اُٹھاتے ہیں جس سے غریب طبقہ کے طلاب کو اپنے حق سے محروم رکھا جاتا ہے۔شکایت پر غور کرنے کے بعد ڈی سی نے ایک کمیٹی تشکیل دی جو کہ چیف ایجوکیشن افسر ،متعلقہ تحصیلدار اور بلاک ڈیولپمنٹ افسر پر مشتمل ہو گی۔کمیٹی سے ایسے کیسوں کی نشاندہی کرکے سکولوں کا ریکارڈ چیک کرنے کو کہا گیا تاکہ قصور وار اہلکاورں اور پرائیویٹ سکولوں کے مالکان کے خلاف تحت قانون کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔کمیٹی سے اس سلسلہ میں ہر 15 روز کے بعد اپنی رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔
رام بن میں شب معراج کا اہتمام
ضلع کی مساجد میں ہزاروں عقیدت مندوں نے نماز ادا کی
ایم ایم پرویز
رام بن//ضلع بھر میں شب معراج نہایت ہی مذہبی جوش و خروش و احترام سے منایا گیا ۔ اس سلسلہ میں ضلع کی مساجد میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے نماز ادا کی۔اس سلسلہ میں رات بھر ضلع کی مساجد میں شب بیداری کی گئی ، اطلاعات کے مطابق ضلع کے بانہال قصبہ کی تین مساجد ، رام بن رامسو، چندر کوٹ، سیری، بٹوت ،سنگلدان اور راجگڑھ میں بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شب بیداری کی اور نماز ادا کی۔متعلقہ اوقاف کمیٹیوںنے عقیدت مندوں کے لئے مناسب انتظامات کئے تھے۔مذہبی رہنمائون نے اس موقعہ پر اپنے خطبہ میں اس دن کی فضیلت پر روشنی ڈالی ۔مقررین نے پیغمبرؑ محمد کی تعلیمات اور انکے زندگی کے مختلف مرحلوں پر وشنی ڈالی۔
تین روزہ بیساکھی میلہ اختتام پذیر
زاہد ملک
ریاسی//ڈیرہ بابا بندہ بہادرکے عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے ریاسی میں قائم دریائے چناب کے کنارے پر واقع ڈیرہ میں تاریخی گوردوارہ میں حاضری دی،جہاں پر بیساکھی کا تین روزہ میلہ منعقد کیا گیا تھا جو سنیچر وار کے روز اختتام پذیر ہوا۔صوبہ جموں کے مختلف علاقوں اور دیگر ریاستوں جیسے کہ پنجاب،ہریانہ، چندی گڑھ اور دہلی و ملک کے دیگر حصوں سے آئے ہوئے شردھالووں نے اس میلہ میں جوش و خروش سے شرکت کی اور ڈیرہ بابا بندہ بہادر شرائن سے آشیرواد حاصل کیا۔بیساکھی کے موقعہ پر ضلع کے ریاسی قصبہ میں مہا دیو مندر میں بھی بیساکھی کا میلہ منعقد کیا گیا تھا ،جہاں پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے حاضری دی اور بھگوان شو سے آشیرواد حاصل کیا ۔
آ گ کی واردات میں بزرگ خاتون لقمہء اجل
زاہد ملک
ریاسی //مہور میں آتشزنی کے ایک واقعہ میں ایک بُزرگ خاتوں کے موت کی اطلاع ہے۔ پولیس کے مطابق تحصیل مہور کے سارھ(داگمور)کے چوکیدار نانک چند ولد ٹیک رام کے مکان میں اچانک آگ نمو دار ہوئی جس نے آناً فاناً میں پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لیا۔ہمسایوں نے فوری طور کاروائی کرکے آگ پر قابو پایا ۔ایس ڈی پی او مہو مجیب الرحمان نے کہا کہ آگ کیک خبر سن کر ہمسائیگی میں رہائش پذیر بزرگ 65سالہ خاتوں ٹھکری دیوی دم توڑ بیٹھی۔
کشتواڑ میں بیساکھی تہوار پر تقریب کا اہتمام
اے آئی بٹ
کشتواڑ//موسم بہار کا تہوار ’’بیساکھی‘‘ ضلع کشتواڑ میں نہایت ہی جوش و خروش اور رواعتی جوش و جذبہ کے ساتھ منائی گئی۔ہر اسل بیساکھی کا تہوا ماہ اپریل میں آتا ہے،جسکی وجہ سے اسے فصل کٹائی کا تہوار کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔اس دن سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے مقامی لوگ کشتواڑ کے گوردواروں میں جاتے ہیں۔اس سلسلہ میں ایک میلہ دریائے چناب کے کنارے پر منعقد کیا جاتا ہے۔میلے میں مختلف اسٹال لگائے گئے تھے۔ اس موقعہ پر لوگ خصوصاً ہندو اور سکھ فرقہ سے تعلق رکھنے والے لوگ دریائے چناب کے کناروں پر بھندر کوٹ میں نہاتے ہیں، جو کہ اس تہوار کا ایک کلچر ہے۔گورودوارہ کشتواڑ میں سکھوں کا سب سے بڑا اجتماع ہوا۔اس موقعہ پر تاریخی پریڈ گرائونڈ کو سجایا گیا تھا ،جو ایک تہوار کی شکل دکھائی دیتا تھا۔اس موقعہ پر ایک کُشتی کا مقابلہ بھی منعقد کیا گیا ، جس میں مقامی پہلوانوںنے شرکت کی۔ اس موقعہ پر مسلمانوں نے سکھ طبقہ کے لوگوں کو بیساکھی کی مبارک باد دی۔
ایس پی اوکی خود کشی کی ناکام کوشش
ایم ایم پرویز
رام بن//پولیس اسٹیشن بٹوت کے ایک ایس پی او نے سنیچر کے روز اپنی رہائش گاہ پر کوئی زہریلی شہ نوش کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی ایک ناکام کوشش کی ،جسکی وجہ سے اسکی حالت متغیر ہوئی ۔پولیس کے مطابق مذکورہ ایس پی او کو فوری طور پر شیرکشمیر میموریل ہسپتال ،بٹوت علاج و محالجہ کے لئے منتقل کیا گیا۔ایس پی او کی پہچان انگریز سنگھ ساکنہ سنا سر ،بٹوت کے بطور کی گئی ہے۔بٹوت پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے اس انتہائی قدم کے پیچھے کار فرما وجہ کو ڈھونڈنے کے لئے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
چناب میں نہانے گیا شخض دریا بُرد
ایم ایم پرویز
رام بن//پولیس کے مطابق سنیچر کے روز بنیرا ٹنگر کا ایک شخض دریائے چناب میں بہہ گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق گاجا سنگھ عمر53 سال ولد ساون سنگھ ساکنہ بنیرا ،ٹنگر دریائے چناب کے کنارے نہانے کے لئے گیا تھا کہ پانی کے تیز بہاو کی وجہ سے وہ بہہ گیا ۔دھرم کنڈ پولیس نے مقامی غوطہ خوروں کی خدمات لیکر تلاشی مہم شروع کی ہے،تاہم آخری اطلاعات تک نعش کو دریا سے باہر نہیں نکالا گیا ہے۔