مقتولہ کی وکیل کوتحفظ دیا جائے: ڈوڈہ سول سوسائٹی
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//کھٹوعہ عصمت دری اور قتل مقدمہ میں مقتولہ کی وکیل ایڈوکیٹ دپیکا سنگھ راجوت کو مجرموں کے حمایتی وکلاء کی طرف سے دی جانے والی دھمکی پر ڈوڈہ سول سوسائٹی نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے حق و انصاف کی خاطر جد وجہد کرنے والی خاتون وکیل کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اگر موصوفہ کو کوئی گزند پہنچا تو ریاست کے حالات مزید خراب ہوں گے۔سول سوسائٹی ممبران عبدالقیوم زرگر ،اشتیاق احمد دیو، نصیر احمد کھوڑا، محبوب احمد ٹاک، کرامت اللہ نہرو، عبدالمنان بانڈے، حکیم راشد زرگر، اقبال بلوان اور ایڈوکیٹ حسان بابر نہرو نے لوگوں سے احتجاج کے دوران و سوشیل میڈیا پر کچھ لکھتے وقت جذبات قابو میں رکھنے کی بھی اپیل کی ہے۔ اْنہوں نے جموں بار کی طرف سے متاثرہ لڑکی کے کنبہ کو مالی امداد کے مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی امداد انصاف کا متبادل نہیں ہو سکتی۔
سی بی آئی تحقیقات کامطالبہ کرنیوالوں کی مذمت
ایم ایم پرویز
رام بن//رام بن سول سوسائٹی نے کٹھوعہ میں عصمت ریزی کے واقعہ کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کرنے پر سوال کھڑے کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری سمجھ میں یہ نہیں آرہا ہے کہ اب جبکہ جموں و کشمیر پولیس نے اس واقعہ میں عدالت میں فرد جُرم پیش کیا ہے ،تو ایسے میںسی بی آئی تحقیقات کا کوئی جواز نہیں بنتا۔انہوں نے جموں کے چند مفاد خصوصی رکھنے والوںکی جانب سے کرائم برانچ پر شک و شبہات لگانے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح سے یہ عناصر اپنے ذاتی مفاد کے لئے خطہ کے مختلف طبقوں میں خلیج پیدا کرنے کی کو شش کر رہے ہیں۔سول سوسائٹی نے مزید کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ریاست کے پُر امن حالات کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انکے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔
ریاسی ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ منعقد
بورڈ نے سال 2018-19 ء کیلئے 141.24کروڑ روپے کو منظوری دی
ریاسی//امداد باہمی اور لداخ امور کے وزیر چیرنگ دورجے جو ریاسی کے ضلع ترقیاتی بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں کی صدار ت میں بورڈ کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔اس دوران جامع تبادلہ خیال کے بعد سال 2018-19کے لئے ریاسی ضلع کے خاطر 141.24 کروڑ روپے کے کیپکس بجٹ کو منظور ی دی گئی ۔خزانہ کے وزیر مملکت اجے نندا ، راجیہ سبھا ممبر شمشیر سنگھ منہاس ، وائس چیئرمین مشاورتی بورڈ برائے گجر بکروال چودھری گلزار احمد کٹھانہ ، چیئرپرسن سوشل ویلفیئر بورڈ پروفیسر نرمل گپتا ،وائس چیئرمین مشاورتی بورڈ برائے کسان دلجیت سنگھ چپ ، وائس چیئرمین مشاورتی بورڈ برائے شیڈول کاسٹ بھوشن لال ڈوگرہ ، ایم ایل اے گول ۔ ارناس اعجاز احمد خان، ایم ایل اے گلاب گڈھ ممتاز احمد خان، ایم ایل سی شیام لال بھگت ، ڈی سی ریاسی پرسنا راما سوامی جی ، ایس ایس پی ریاسی طاہر حسین اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی اس میٹنگ میںموجود تھے۔چیرنگ دورجے نے اس موقعہ پر کہا کہ بورڈ میٹنگوں کو ترقیاتی عمل میں ایک کلیدی اہمیت حاصل ہے اور اس میں لئے گئے فیصلوں کو صحیح صورت میں عملایا جانا چاہیئے۔انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ مختلف سیکٹروں میں مختص رقومات کو منصفانہ طور استعمال میں لائیں تاکہ ترقیاتی اہداف کو وقت پر حاصل کیا جاسکے۔انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ وہ مختلف سکیموں کو عملانے کے لئے افرادی قوت اور مشینری کو متحرک کریں۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے اجے نندانے کہا کہ ترقیاتی عمل میں عوامی نمائندوں کو بھی شامل کیا جانا چاہیئے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے لوگوں کی سہولیت کے لئے کئی پروجیکٹ شروع کئے ہیں۔انہوں نے ریاسی کے لئے ایک علاحدہ ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے پر بھی زور دیا تاکہ وہاں سیاحتی سرگرمیوں کو تقویت حاصل ہوسکے۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے مختلف پروجیکٹوں اور سکیمو ں کی پیش رفت کا خاکہ پیش کیا۔مختلف بورڈوں کے چیئرمینوں اور ارکان قانون سازیہ نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا اور اپنی اپنی آراء سامنے رکھیں۔ انہوں نے لوگوں کے مسائل کو بھی اُجاگر کیا۔بورڈ نے ضلع کے ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے حوالے سے موقعہ پر کئی فیصلہ جات کو بھی منظور ی دی ۔
ویژن چناب ریجن2030
نوجوان ناقابل یقین بھارت کا ایک حصہ بننے کے خواہاں
طاہر ندیم خان
بھدرواہ //راشٹریہ رائفلز نے بھدرواہ کیمپس کے ا شتراک سے پیر کے روز ’’ ایک متوقع ویژن۔ چناب ریجن۔2030 ‘‘کے موضوع پر ایک روزہ مقابلہ کا اہتمام کیا، جس میںوادی چناب کے مُختلف کالجوں نے شرکت کی اور اس موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقعہ پر آر آر،سیکٹر4 کے کمانڈر روہت نوٹیال مہمان خصوصی تھے،جنھوں نے پروگارم کی صدارت بھی کی، جبکہ کیمپس کے ریکٹر پروفیسر جی ایم بٹ مہمان ذی وقار تھے۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں انہوں نے وادی چنا ب ،طلاب کے مستقبل پر اپنا نقطہ و نگاہ پیش کیا اور وادی چناب کے طلاب ، جو کہ ناقابل اعتبات بھارت کا ایک حصہ بننے کے خواہاں ہیں،کے تئیں سرکار کے رویہ کی مذمت کی۔انہوں نے الزام لگایا کہ وادی چناب کے ساتھ ہر شعبہ میں امتیاز کیا جا رہا ہے۔ ایک طالبہ نازش وانی نے وادی چناب میں2030 تک100فیصدی خواندگی کا شرح حاصل کرنے کے لئے کوششیں کرنے کا اپیل کی،جسکے لئے انہوں نے دیانتدار اور ہونہار اُمیدواروں کا انتخاب کرنے پر زور دیا ۔ڈوڈہ کے وکرم سنگھ نے کہا کہ ہم کشمیر اور جموں کی علاقائی سیاست کے شکار ہو رہے ہیں ،انہوںنے اسکا سد باب کرنے کے لئے لداخ کے طرز پر چناب ویلی ہل ڈیولپمنٹ کونسل تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر وادی چناب کو کونسل دیا جاتا ہے تو2030 تک وادی چناب ایک طاقتور خطہ ابھر کر آئے گا۔بھدرواہ پی جی کالج کے فرح رسول نے کہا کہ علیحدہ ترقیاتی کونسل الاٹ کرنے سے سیاحت کے شعبہ میں کافی ضافہ ہوگا اور بھدرواہ تعلیم کا ایک اہم مرکز بن کر سامنے آئیگا۔اپنے خطاب میں روہت نوٹیال نے کہا کہ وادی چناب کشمیر اور جموں کے درمیان مرکزی حیثیت رکھنے کے باوجود فراموش کیا گیا ہے لیکن حالات تیزی سے بدل رہے ہیںاور اس خطہ میں ترقی کا دور دورہ شروع ہوگا۔بھدرواہ کیمپس کے ریکٹر پروفیسر جی ایم بٹ نے انڈین آرمی کا خطہ کے طلاب کو اپنے توقعات،خواہشات اور خدشات کا اظہار کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ وادی چناب کے تعلیمی نظام میں بہتری لائی جائے اور اس توقع کا اظہار کیا کہ بھدرواہ میں عنقریب ہی ایک کلسٹر یونیورسٹی کا قائم کی جائے۔مقابلہ میں جی ڈی سی ڈوڈہ کی نازش وانی ،کابریہ فاطمہ اور پی جی کالج بھدرواہ کی فرح رسول نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔پروگرام کے اختتام پر آر آر کی جانب سے 600 بیش بہا قیمتی کتابیںکیمپس کی لائبریری کو عطیہ کی گئیں۔
ریاسی میں بجلی ملازمین کا احتجاج
زاہد ملک
ریاسی//پاور ڈیولپمنٹ محکمہ کے نیڈ بیس ورکروںاور کیجول لیبروں نے محکمہ کے خلاف احتجاجی مُظاہرہ کیا ۔ریاسی کے نیو بس اسٹینڈ میں یہ ملازمین اکٹھا ہوئے اور پی ڈی ڈی آفس کے باہر احتجاجی مُظاہرہ کیا ۔مُظاہرین اپنے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے اور پی ڈی ڈی حُکام کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔یہ ملازمین اپنے بقایا اُجرت واگُذار کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ دریں اثنا رام بن کے محکمہ پی ڈی ڈی کے نیڈ بیس ورکرووں نے بھی اپنے مطالبات کو لیکر احتجاج کیا ۔اس سلسلہ میں انہوں نے ایگزیکٹو انجینئر کے دفتر سے ایک ریلی نکالی۔
بانہال میںطبی کیمپ کا اہتمام
رام بن // فوج کی جانب سے تحصیل بانہال کے زینی ہال میں پیر کے روز ایک مفت طبی کیمپ کا اہتما م کیا گیا ۔فوج نے یہ کیمپ مقامی لوگوں کی صحت میں بہتری لانے کے مقصد سے منعقد کیاگیا ۔کیمپ میں 211 مریضوں نے شرکت کی جن میں بزرگ شہریوں کے علاوہ خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔طبی کیمپ میں فوج کے دو میڈیکل افسروں بشمول ایک خاتون میڈیکل افسر اور دو نرسنگ اسسٹنٹ اور سب ڈویژن ہسپتال بانہال کے ایک سول ڈاکٹر نے بھی شرکت کی۔کیمپ کے دوران بنیادی معائنہ ،معالجہ اور مفت ادویات کی تقسیم کاری کی گئی۔
ڈوڈہ میں ڈیزاسٹرمینجمنٹ پر بیداری کیمپ
ڈوڈہ //ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس 7ویں بٹالین کے اشتراک ڈوڈہ میں یک روزہ تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقعہ پر ڈ ی سی بھوانی رکوال مہمان خصوصی تھے جبکہ اے ڈی سی پون پریہار مہمان ذی وقار تھے۔پروگرام میں اے سی آر طارق حُسین نائیک، اے سی اجے ورما ، ڈی ای پی او ایاز مغل، این ڈی آر ایف 7ویں بٹالین کے انسپکٹر گووند سنگھ ، ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے پیشہ ور عاشق حُسین راتھر کے علاوہ دیگر افسروں ، اساتذہ اورطلاب نے بھی شرکت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر بھوانی رکوال نے طلاب سے خطاب کیا اور عام لوگوں کو آفات سماوی سے بیدار ی کی اہمیت اجا گر کی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ این ڈی آر ایف 7ویں بٹالین یہاں طلاب کو قدرتی آفات سماوی جیسے کہ زلزلوں، پسیاں گر آنے، سیلاب، آندھی طوفان کی جانکاری دینے اور اسکے لئے اپنائے جا رہے حفاظتی اقدام کے باری میں جانکاری دے گی۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ضلع افسر عاشق حُسین راتھر نے پروگرام کے باری میں جانکاری فراہم کی اور اس سلسلہ میں کئے جا رہے اقدام سے لوگوںکو واقف کیا۔
۔500گرام چرس سمیت سمگلر گرفتار
ایم ایم پرویز
رام بن//رام بن پولیس نے ایک منشیات سمگلر کو 500 گرام چرس سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے مطابق رام بن کے کیفٹیریا موڑ پر پولیس نے ایک شخض غلام حُسین وانی ولد اکبر وانی ساکنہ اشہار ،بانہال کو ایک ناکہ پر گرفتار کیا جس کے قبضہ سے 500 گرام چرس برآمد ہوئی۔پولیس نے مبینہ سمگلر کے خلاف ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 53 of 2018 زیر دفعہ8/20 این ڈی پی سی ایکٹ کے تحت درج کیا ۔مبینہ چرس سمگلر کو موقعہ پر ہی گرفتار کیا گیا ۔
کانگریس ریاست جموں و کشمیر مسائل کی جڑ: ٹاک
بانہال //پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے کانگریس پر دوغلی سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے ریاست جموں و کشمیر کے تمام مسائل کی جڑ قرار دیاہے۔پارٹی کے مطابق کانگریس کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ریاست کو کافی قیمت چکانی پڑتی ہے۔بانہال میں پی ڈی پی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر لیڈر و ایم ایل سی فردوس ٹاک نے کہا کہ کانگریس نئی دہلی میں ایک بات کرتی ہے اور کشمیر میں ان کا لہجہ کُچھ اور ہی ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب یہ لوگ جموں پہنچتے ہیں تو یہ کُچھ اور ہی بولتے ہیں۔انہوں نے ریاست کے جمہوری اداروں کو کمزور کرنے کے لئے کانگریس کو مورد الزام ٹھہرایا ۔ٹاک نے مزید کہا کہ کانگریس آئینی دفعہ جات اور ریاست کی خصوصی پوزیشن کو کمزور کرنے کی ذمہ وار ہے۔انہوں نے مبینہ الزام لگایا کہ کانگریس نے نیشنل کانفرنس کے ساتھ ساز و باز کرکے ریاست کی خصوصی پہچان کو مسخ کر دیا ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ کانگریس ریاست کے تمام مسائل کی ماں ہے۔اس موقعہ پر پارٹی کے ضلع صدر بشیر احمد رونیال نے موجودہ سرکار کی جانب سے کئے گئے کاموں کو اُجا گر کیا اور کہا کہ دور دراز علاقوں کی ترقیاتی کاموں کی جانب خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سرکار ریاست کے دور افتادہ دیہی علاقوں میںسڑک روابط،طبی و تعلیم کی بھلائی کے لئے توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔انہوں نے نیشنل کانفرنس کو ایک ہی سکے کے دو پہلو قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ آج وہ کشمیر میں ہمدرددکھانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن جب یہ اقتدار میں تھے تو انہوں نے ریاست کے عوام کے لئے کُچھ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی والی سرکار ریاست کو ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی نے کرسی کی خا طرکبھی بھی ایجنڈا کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کیا ہے۔اس سے قبل پارٹی ورکوں نے ایم ایل سی کا والہانہ استقبال کیا ۔
کشفہ ٹرسٹ مالیگام میں دو روزہ تربیتی پروگرام اختتام پذیر،شرکاء میں اسناد تقسیم
عظمیٰ رپورٹر
بانہال //جمعیت اہلحدیث پوگل پرستان کی طرف سے الکلیتہ الکشفیہ مالیگام میں دو روزہ اسلامی تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ضلع رام بن کے پچاس سے زائد مندوبین نے شرکت کی ۔یہاں جاری بیان کے مطابق پروگرام کے آغاز میں ناظم تبلیغ جاوید احمد سلفی نے تربیتی پروگرام کے اغراض ومقاصد کو اجاگر کیا۔ایڈوکیٹ مولوی عبدالطیف گنائی نے پوگل پرستان میں سلفیت کے تاریخی سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پوگل پرستان کی سرزمین کا طرہ امتیاز یہ ہے کہ یہ زمین قرآن وسنت کی آبیاری اور دعوت توحید کے لئے بہت زرخیز رہی ہے۔اس کی تاریخ روشن اور تابناک ہے۔جسکا سلسلہ احمد اللہ بالی رحمہ اللہ سے شروع ہوتا ہے اور پھر یہ روشن تاریخ مولوی عبدالسبحان سے لے کر علامہ محمد اسماعیل اثری رحمہ اللہ کی شکل میں پوری ریاست میں قرآن وسنت کی روشنی بکھیرتی رہی۔انہوں نے ریاست جموں وکشمیر میں قرآن وسنت کی ترویج واشاعت میں پوگل پرستان کا کردار لا ثانی رہا ہے۔جہاں اس خطہ ارض نے احمداللہ بالی، مولوی،عبدالسبحان،سخی محمد ،عبدالسبحان شال،جیسی شخصیات کو جنم دیا جنہوں نے توحید کے شجرہ مثمرہ کو اپنے خون جگر سے سینچا۔پروگرام کے افتتاح میں شیخ عبدالقیوم سراجی نے شیخ المشائخ، استاذ الاساتذہ علامہ محمد اسماعیل کی دینی خدمات کو آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ بتایا انہوں نے کہا کہ علامہ نے اپنی پوری زندگی دین کی خدمت اور قرآن وسنت کی اشاعت میں صرف کی۔اور ان کے شاگرد ان کے اس مشن کو آگے بڑھانا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔تربیتی پروگرام میں جمعیت اہل حدیث کے جید اور مقتدر علماء اور اسکالرز نے علوم شرعیہ کی اہمیت، اسلام میں نظم وضبط، عقائد راسخہ ،تدوین حدیث اور شخین کا مقام، نوجوان نسل کی تعلیم وتربیت، جمع قرآن کے ادوار، اسلام میں امارت کی اہمیت جیسے بنیادی اور اہم موضوعات پر اپنے لیکچر پیش کیے۔اور شرکاء کے اذہان کو اپنی علمی تفوق و تبحر سے جلاء بخشی۔ڈاکٹر عبدالوحید الکندی نے علوم شرعیہ کی اہمیت وافادیت پر سیر حاصل بحث کی اور بتایا کی علم دینی حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے کیونکہ اسی سے اللہ تعالیٰ کی معرفت حاصل ہوتی ہے اور عقائد راسخہ میں ملکہ حاصل کی جا سکتی ہے۔شیخ نزیر احمد المدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ فرقہ ناجیہ وہ جماعت ہے جو قرآن وسنت پر عمل پیرا ہے۔اور اس جماعت کی نشاندہی خود اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے کی ہے۔جس کے بارے میں سلفین صالحین نے بھی واضح نشاندہی کی ہے اور فرمایا ہے کہ یہ وہ جماعت ہے جن کا منھج بھی وہی ہے جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کا منھج تھا۔ڈاکٹر محمد آمین المدنی نے جمع قرآن کے مختلف ادوار پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خود اپنی زندگی میں ہی قرآن کی ترتیب وکتابت کروائی۔انہوں نے بتایا ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ قرآن کریم کو حفظ کریں، اسے سمجھیں اور پھر اسے اپنی زندگی میں عملائیں۔حافظ محمد یوسف سلفی نے امت مسلمہ کے زوال کے اسباب پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ دینی علم کی کمی امت مسلمہ کے زوال کی سب سے بڑی وجہ ہے۔مسلمانوں کو علوم دینیہ کے علاوہ سائنسی علوم بھی سیکھنے چاہئیں۔کیونکہ عصری علوم سیکھنے میں کوئی ممانعت نہیں۔شمس الدین سلفی نے اسلام میں نظم وضبط کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ فطرت نے ہر چیز میں نظم وضبط کو اہمیت دی۔اور دین میں بھی نظم وضبط کی اتنی ہی زیادہ اہمیت ہے۔لہذا اسے اپنی زندگی میں جگہ دینے کی ضرورت ہے۔لیکچرر منظور احمد کٹوچ نے بتایا کہ مسلم نوجوانوں کو اس پر فتن دور میں مغربی فکر ونظر کا غلام بنایا گیا ہے۔دین سے دوری اور اخلاقی پستی کی وجہ سے انہیں اپنے اہداف سے کوسوں دور کرنے کی نت نئی سازشیں کی جاتی ہیں جسکی وجہ سے مسلم نوجوانوں کو تباہی کے راستے پرڈال دیا گیا ہے۔اس لئے والدین کو چاہیے کہ ایک دینی ماحول میں ان کی ذہن سازی، شخصیت سازی اور کردار سازی پر توجہ دیں نیز قرآنی تعلیمیات اور نبوی خطوط پر نوجوان نسل کی تعلیم وتربیت کی جائے تاکہ ایک بہترین معاشرے کی تشکیل ممکن ہو۔شیخ ظہور احمد سلفی نے اپنے درس میں بتایا کہ روحانی تربیت آسمانی غذا یعنی قرآن کریم سے ہی ممکن ہے۔اور بنی نوع انسان کی تعمیر وتربیت بھی اسی آسمانی مصحف کی تعلیمات کے ذریعے کی جانی چاہئے۔اس کے علاوہ عبدالحفیظ کشفی نے بھی شرکاء کو اسلامی تعلیمات سے آگاہ کرتے ہوئے امیر جماعت کی اطاعت پر زور دیا۔اور اسلام میں امیر کے مقام کی قدر ومنزلت کو قرآن وسنت کی روشنی میں اجاگر کیا۔انہوں نے بتایا کہ اسلام میں خروج کی کوئی جگہ نہیں اور نہ ہی مسلمان حکمرانوں کی تکفیر کی کوئی دلیل قرآن وسنت سے ثابت ہے۔اس کے علاوہ ماسٹر عبدالرحمان گنائی، ماسٹر رفیق احمد کٹوچ، ماسٹر محمد اسماعیل رونیال،شجاعت احمد کٹوچ،زبیر احمد کشفی وغیرہ نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے تربیتی پروگرام کی افادیت کو اجاگر کیا اور آئندہ اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔ماسٹر عبدالرحمان بالی نے اپنے صدارتی خطبے میں علامہ محمد اسماعیل اثری رحمہ اللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ علامہ کے مشن کو جاری وساری رکھنا ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کشفیہ کالج کی تعمیر وترقی میں علامہ کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔پروگرام میں عبدالقیوم سراجی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ آخر میں تحصیل صدر جمعیت اہل حدیث پوگل پرستان عبدالوحید کشفی نے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اور بتایا کہ مرکزی جمعیت کی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے دور حاضر جمعیت کی تاریخ کا سنہری دور اور ایک روشن باب ہے۔اور وہ مرکزی جمعیت کے مشکور ہیں کہ وہ دعوتی، اصلاحی ، فلاحی ورفاء عامہ کے کاموں میں تحصیل جمعیت کی راہنمائی کے ساتھ ساتھ حوصلہ افزائی بھی کرتے رہتے ہیں۔
پوگل میں تیندوہ نمودار
محمد تسکین
بانہال // اتوار کی دوپہر بعد بانہال کے پوگل علاقے میں ایک تیندوہ نمودار ہوا جس کی وجہ سے علاقے میں سراسمیگی پھیل گئی اور بھاری تعداد میں لوگ جمع ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اتوار کی بعد دوپہر پوگل ہائی سکول کے اوپر سے ایک تیندوہ بستی میں نمودار ہوا جس کی وجہ سے پوگل اور اس کے ملحقہ علاقوں میں لوگوں میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی اور لوگوں کے بھاری ہجوم کو دیکھ کر یہ خونخوار تیندوہ لوہار پورہ کے قریب ایک اخروٹ کے درخت پر چڑھ گیا۔ اس دوران وہاں لوگ جمع ہوگئے اور محکمہ جنگلات سے وابستہ ملازمین بھی علاقے کی طرف روانہ کئے گئے لیکن لوگوں کی موجودگی اور شور شرابے کو دیکھتے ہوئے تیندوہ درخت سے نیچے آیا اور قریبی جھاڑیوں کی طرف بھاگ گیا ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس جنگلی درندے کی وجہ سے لوگوں میں خوف ہے اور تمام چھوٹے بڑے مرد و خواتین اور بچے ڈر محسوس کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چند روز پہلے اسی تیندوے نے ایک غریب شخص کی گائے کو ہلاک کیا تھا اور لوگوں کو جان و مال کا خطرہ لاحق ہے ۔ انہوں نے محکمہ جنگلی حیات سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پوگل میں موجود جنگلی درندوں کو پکڑ کر لے جائے اور عوامی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں تاکہ علاقے میں قائم ڈر کا ماحول ختم ہو جائے ۔
سڑک حادثات میں دو افراد زخمی
زاہد ملک
زاہد ملک
ریاسی//ریاسی کے پونی باریکھ علاقہ میں ایک سوفٹ گاڑی حادثے کاشکار ہوگئی جس کے نتیجہ میں دوا فراد زخمی ہوئے ہیں ۔گاڑی زیر نمبر4906 JK02BN ڈرائیورکے قابو سے باہر ہو کر کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں علاج و معالجہ کیلئے پی ایچ سی باریکھ پہنچایا گیا جہاں سے دونوں افراد کو بہتر علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا۔اسی طرح ایک اور حادثہ ریاسی سولہ سڑک پر پیش آیا ۔ ذرائع کے مطابق سی آر پی ایف بس اور سینٹرو گاڑی کی آپس میں ٹکرائیں تاہم کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈگری کالج کی مانگ پرپونی میں مظاہرے
زاہد ملک
زاہد ملک
ریاسی//ریاسی کے پونی علاقہ کے لوگوں نے ڈگری کالج قائم کرنے کے مطالبے پر مظاہرے کئے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سرکاری اطلاع کے مطابق جموں خطہ میں نئے کالج دئے جائیںگے۔لیکن پونی کو کالج سے محروم رکھا گیا۔پونی ترقیاتی فورم نے کالج نہ ملنے پر آج احتجاجی مظاہرے کئے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کو طلباء کو میعاری تعلیم دینی چاہیے۔ان کاکہناتھاکہ حکومت کو چاہئے کہ پونی جیسے بیکوارڈ علاقوںکے طلباء کو ایک اچھی ایجوکیشن کی مدد کرنی چاہے۔ان کا کہنا تھا کہ پونی علاقہ میں زیادہ تر غریب لوگ رہتے ہیں جو اپنے بچوں کو باہر نہیں بھیج سکتے ہیں۔ مظاہرین پونی بازار سے ہوتے ہوئے تحصیل دفتر پونی پہونچے جہاں انہوں نے کالج کے قیام کیلئے نعرے بازی کی ۔
کلریکل ایسو سی ایشن گول برہم
زاہد بشیر
گول// JKLADCSAنے سرکاری بیان پر برہمی کا اظہار کیاہے جس میںساتویںپے کمیشن سے قبل کلرکوں کے مطالبات پورے نہ کرنے کاکہاگیاہے ۔پریس کے نام جاری ایک بیان میں ایسو سی ایشن نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت نے ساتویں پے کمیشن سے متعلق دئے گئے بیان سے ایسو سی ایشن کو کافی دکھ پہنچا ہے جس وجہ سے انہوں نے 16اپریل کو یوم سیاہ کے طور پر منایا۔