مویشی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے کادعویٰ
طارق شال
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی پولیس نے مویشی سمگلنگ کی ایک کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے 18مویشی بازیاب کئے ۔ایس ڈی پی او تھنہ منڈی چوہدری افتخار احمدکی ہدایت پر ایس ایچ او تھنہ منڈی نذیر احمد ڈار کی سربراہی میں ایک خصوصی ناکہ لگایاگیاجس دوران خضر پل کے نزدیک راجوری سے کشمیرکی طرف جارہی 3 ٹاٹاموبائل گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی گئی جن کے اندر 18مویشی پائے گئے ۔پولیس کے مطابق یہ مویشی ٹاٹا موبائل گاڑیوں زیر نمبرات JK12-3677،JK02-5780اور JK11A-4324سے برآمد ہوئے ہیں اور ان تینوں گاڑیوں کو ضبط کرکے سمگلنگ کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیاگیاہے ، جن کی شناخت یاسر حسین ولد نذیر حسین سکنہ کھبلاں، راحیل احمد ولد عبدالمجید سکنہ کھبلاں اورشوکت شاہ ولد حفیظ شاہ سکنہ بہروٹ کے طور پر ہوئی ہے ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ تھنہ منڈی میں ایف آئی آر زیر نمبرات 44/45/46زیر دفعہ 188آر پی سی کا کیس درج کیاگیاہے ۔
مینڈھر میں بھی مویشی سمگلنگ کوشش ناکام بنائی گئی
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر پولیس نے بدھوار اور جمعرات کی درمیانی شب دو الگ الگ جگہوں پر چھاپے مار کر مال مویشی کی سمگلنگ کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ گزشتہ رات پولیس کو ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی جس پر ایس ڈی پی او مینڈھر ریاض تانترے نے کارروائی کرتے ہوئے دو الگ الگ پولیس کے ناکے لگا کر پانچ ٹاٹا موبائل کو ضبط کرکے ستائیس مویشیوں کو بھی ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ پانچ افراد کو حراست میں لے لیاجن سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے ۔ ملزمان کی پہچان نصیر حسین سکنہ بھاٹی دھار،جاوید اقبال،محمد مشتاق ،محمد دین ،محمد خوشیداورمحمد تاج کے طور پر ہوئی ہے۔اس سلسلہ میں مینڈھر پولیس نے ایک مقدمہ زیر نمبر56اور57 زیر دفعات188 RPC/3 pca درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
طبی مرکزدن کے12بجے مقفل پایاگیا
راجوری //حکام نے کنڈی کے سواڑی علاقے میں پرائمری ہیلتھ سنٹر مقفل پائے جانے پر کارروائی شروع کردی ہے ۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق مقامی لوگوںنے شکایت کی کہ یہ طبی مرکز دن کے بارہ بجے بند پڑا ہے جس پر ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی ہدایت پر ایک ٹیم نے موقعہ کا جائزہ لیا اور طبی مرکز کو مقفل پایا ۔ذرائع نے بتایاکہ اس موقعہ پر ایک بھی افسر یا ملازم موجود نہیں تھا ۔ ضلع انتظامیہ کے ایک افسر نے بتایاکہ اس طبی مرکزکے تمام عملے کو اٹیچ کردیاگیاہے اور اس کی جگہ نیا عملہ تعینات کیاگیاہے ۔
ضلع اطلاعات افسر کے تبادلے پر تقریب
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ اطلاعات پونچھ کے ملازمین کی جانب سے پونچھ سے تبدیل ہونے ضلع اطلاعات افسر عابد حسین شاہ کے اعزاز میں الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں محکمہ کے سبھی ملازمین نے شرکت کی۔اس موقعہ پر مقررین نے بطور ضلع اطلاعات افسر عابد شاہ کی کارکردگی کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کام کرکے انہوںنے بہت کچھ سیکھا اور ایسے افسران بہت کم ہی ملتے ہیں۔ افسر عابد حسین شاہ نے کہا کہ انکو پونچھ میں ملازمین سے کام کاج میں بھرپور تعاون ملا اور وہ اسے ہمیشہ یاد رکھیںگے۔
ہیومن ویلفیئر سوسائٹی جڑانوالی گلی کاوفد ایس ڈی ایم سے ملاقی
جاوید اقبال
مینڈھر//جموں و کشمیر ہیومن ویلفیئر سوسائٹی جڑانوالی گلی (پونچھ) کا ایک وفد محمد رزاق بجاڑ چیئرمین سوسائٹی و نثار چوہدری ایڈووکیٹ کی قیادت میں ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر تنویر خان سے ملاقی ہوا۔ وفد نے تنویر خان نے بطور ایس ڈی ایم تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کو مبارک با دپیش کی اور کہا کہ ایک مقامی آفیسر ہونے کی وجہ سے عوامی مسائل سے وہ بخوبی واقف ہیں اوران کی تعیناتی مینڈھر کے عوام کیلئے خوش آئندہے ۔وفد نے دوران ملاقات عوامی مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے تحصیل مینڈھر و بالاکوٹ کے دور دراز علاقہ جات میں پانی، بجلی اور سڑکوں کی خستہ حالت کی جانب توجہ مبذول کروائی۔وفد کے ارکان نے کہا کہ تحصیل بالاکوٹ کے علاقہ سنگیوٹ ،چنڈیال،رتہ جبڑ کے عوام پانی کی فراہمی سے محرو م ہیں اور سرحد کے نزدیک رہنے والوں کے لئے بینکروں کی تعمیر عمل میں لائی جائے ۔ اس دوران ایس ڈی ایم مینڈھر نے وفد کی مانگوں کو جائز قرار دیتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ جائز مطالبات پورے کئے جائیں ۔
بار ایسو سی ایشن پونچھ جنرل سیکریٹری وزیر اعلیٰ سے ملاقی
پونچھ//بار ایسو سی ایشن پونچھ کے جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ سجاد چوہان نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کی ۔یہاں جاری بیان کے مطابق ایڈووکیٹ سجاد چوہان نے وزیر اعلیٰ کی اس بات پر سراہنا کی کہ انہوںنے رسانہ عصمت ریزی و قتل کیس کے ملوثین کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ابھی تک اطمینان بخش کارروائی عمل میں لائی ہے ۔سجاد چوہان نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ پونچھ میں نئے چیمبرس کی تعمیر کی جائے جس سے نوجوان وکلا کو بیٹھنے کی جگہ فراہم ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی کمپیوٹر لیب کے لئے بھی جگہ دی جائے اور کمپیوٹر بھی فراہم کئے جائیں۔ایڈووکیٹ سجاد چوہان نے مزید کہا کہ سٹینڈنگ کونسل میں نوجوانوں کو مواقع دیئے جائیں کیونکہ بہت سے نوجوان وکلا آج بھی حکومت کی جانب دیکھ رہے ہیں جن کے ساتھ انصاف کیاجاناچاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیاہے کہ حکومت وکلا کے مسائل کو حل کرے اور انہیں بھی انصاف فراہم ہو۔وزیر اعلیٰ نے یقین دلایاکہ ان کی طرف سے اجاگر کئے گئے مسائل کو حل کیاجائے گا۔
رسانہ واقعہ پر پیرامیڈیکل کالج سرنکوٹ کے طلاب کا احتجاج
بختیار حسین
سرنکوٹ //رسانہ عصمت دری و قتل کیس پر پیرا میڈیکل کالج سرنکوٹ کے پرنسپل ڈاکٹر ممتاز بخاری کی قیادت میں طلباء نے احتجاج کیا ۔اس موقعہ پر طلباء نے رسانہ قتل کیس پر انصاف کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے قاتلوں کو پھانسی دینے کی اپیل کی ۔اس موقعہ پرمتاثرین کے حق میں نعرے بازی کی گئی ۔طلباء نے کہاکہ یہ واقعہ درندگی کی انتہاہے اور اس نے نہ صرف ریاست بلکہ پوری دنیا کو ہلاکررکھ دیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس واقعہ کو سرانجام دینے والوں انسان نما درندوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ انہیں پھانسی کی سزا سنائی جانی چاہئے اور جلد سے جلد اس معاملے پر قانون سازی کی جائے ۔پرنسپل ڈاکٹر ممتاز بخاری نے کہاکہ ایسے واقعات کا رونما ہونا شرمناک اور تشویشناک بات ہے اور حکومت کو کڑی کارروائی کرتے ہوئے مجرموں کو پھانسی دینی چاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ ایسے درندوں کیلئے سماج میں کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے جنہوںنے ایک معصوم بچی کونہ صرف اپنی ہوس کا نشانہ بنایا بلکہ اس کا بے دردی سے قتل بھی کردیا ۔
کٹھوعہ واقعہ انسانیت سوز :خدمت خلق سوسائٹی
ہندو ایکتا منچ کی تشکیل فرقہ وارانہ رنگت دینے کیلئے ہوئی
بختیار حسین
سرنکوٹ// جموں و کشمیر خدمت خلق سوسائٹی کے چیئرمین ڈاکٹر شیراز میر نے کٹھوعہ سانحہ پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بار ایسو سی ایشن جموں، ہندو ایکتا منچ اور اس قبیل کی جماعتوں کی مذمت کرتے ہیں جنہوںنے غیر منطقی اور بلاجواز ہڑتالیں شروع کررکھی ہیں ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف پوری دنیا کے لوگ رسانہ واقعہ پر انصاف کی مانگ کر رہے ہیں وہیں دوسری طرف بی جے پی ٍکے وزرا اور دیگر عناصر حق اور انصاف کے راستہ میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوںنے مانگ کی کہ کرائم برانچ کو چالان پیش کرنے سے روکنے والے وکلاء کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ساتھ ہی ہڑتال کی کالیں دینے والے جموں وکلاء کے خلاف بھی کارروائی کی جائے ۔ انہوںنے بار کونسل آف انڈیا پر زور دیاکہ انصاف کی راہ میں حائل ان وکلاء کو سبق آموز سزا ملنی چاہئے ۔ڈاکٹر شیراز میر نے کہاکہ بارایسوسی ایشن جموں کی ہڑتال ہندوستان کی تاریخ کاسیاہ ترین دن تھا اور اس قسم کا واقعہ شاہد ہندوستان کی تاریخ میں پہلا واقعہ ہو گا۔انہوں نے کہاکہ وکلا کوکم ازکم یہ خیال رکھناچاہئے تھاکہ اس کیس کی تحقیقات کی نگرانی عدالت عالیہ کررہی ہے لیکن اس کے باوجودمعاملہ کوفرقہ وارانہ بنیادپردیکھ کرتحقیقات کے عمل میں اڑچنیں پیداکرنے کی کوششیں کی گئیں۔ انہوں نے متاثرہ کی وکیل دیپکا رکودھمکیوں پربھی تشویش کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ انسانیت سوزواقعے کوسیاسی اورفرقہ وارانہ رنگ دینے کیلئے ہندوایکتامنچ کاقیام عمل کرکے ملزمان کوبچانے کیلئے ترنگاجھنڈااْٹھاکر ریلیاں نکالنے والوںکے خلاف جھنڈے کی توہین کامعاملہ درج کیا جاناچاہئے۔انہوں نے کہاکہ متاثرہ کوانصاف دلانے کی بجائے ملزمان کوبچانے کیلئے بارایسوسی ایشن اوردیگرفرقہ پرستوں کی انسانیت مخالف مہم موجودہ سماج کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔
مشکوک نقل و حرکت
راجوری کے تین علاقوں میں تلاشی کارروائی شروع
سمت بھارگو
راجوری //مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز کی طر ف سے راجوری کے نارلہ گائوں اور دو دیگر مقامات پر تلاشی کارروائی شروع کی گئی ہے ۔پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ دوروز قبل تریاٹھ اور کوٹرنکہ کے درمیان میں واقع نارلہ اور دیگر گائوں میں مشکوک افراد کی نقل و حرکت دیکھی گئی ہے جس کے بعد پولیس و سیکورٹی فورسز کی طرف سے مشترکہ تلاشی کارروائی شروع کی گئی ہے جو دوسرے روز بھی جاری رہی ۔ انہوںنے بتایاکہ فورسز کی طرف سے یہ تلاشی کارروائی جاری ہے ۔انہوںنے مزید بتایاکہ سندر بنی کے کچھ گائوں میں تلاشی لی جارہی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ یہ کارروائی مقامی لوگوںکے اس دعوے کے بعد شروع کی گئی کہ علاقے میں مشکوک نقل و حرکت دیکھی گئی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ تلاشی لی جارہی ہے لیکن ابھی تک کچھ بھی سامنے نہیں آیا ۔دریں اثناء چنگس علاقے میں بھی تلاشی کارروائی شروع کی گئی ہے جو پولیس اور آرمی کی طرف سے مشترکہ طور پر چلائی جارہی ہے ۔یہ تلاشی کارروائی چار گائوں میں چلائی جارہی ہے ۔ ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے بتایاکہ ضلع میں تین مقامات پر تلاشی کارروائی ہورہی ہے ۔