زونل دفتر ڈونگی کو مقفل کرنیکا الزام
کلرک اوردوسابق سرپنچوں سمیت متعد د کیخلاف کارروائی شروع
سمت بھارگو
راجوری //حکام نے زونل ایجوکیشن دفتر ڈونگی کے ایک کلرک اور دومقامی سرپنچوں سمیت چند افراد کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے جن پر الزام ہے کہ انہوںنے گزشتہ تین ہفتوںسے دفتر کو مقفل رکھاہواہے ۔ذرائع نے بتایاکہ ایک ماہ قبل محکمہ تعلیم کی طرف سے زونل ایجوکیشن دفتر کو کرایہ کی عمارت سے ایک سرکاری عمارت میں منتقل کرنے کے بارے میں حکم جاری کیاگیا جس کے بعد محکمہ نے دفتر کو منتقل کرنے کا سلسلہ شروع کیا اور ریکارڈ و دیگر بنیادی ڈھانچے کا بیشتر حصہ نئی عمارت میں منتقل کربھی دیاگیا تاہم کچھ مقامی لوگوںنے اس عمل میں رکاوٹ ڈالی اور کرایہ والی عمارت کو مقفل کردیا جس کی وجہ سے بقیہ ریکارڈ اور دیگر سامان تین ہفتوںسے اس عمارت کے اند رہی پڑاہواہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ محکمہ کی طرف سے بارہا کوششیں کرنے کے باوجود تعطل نہیں ٹوٹا اور معاملہ حل طلب بناہواہے ۔ رابطہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے بتایاکہ دو مقامی سرپنچوں نے کچھ لوگوں کے ساتھ مل کر دفتر کو منتقل کرنے میں رکاوٹیں کھڑی کررکھی ہیں جبکہ بیشتر سامان پہلے ہی نئی عمار ت میں بھیج دیاگیاہے ۔انہوںنے بتایاکہ چیف ایجوکیشن افسر راجوری نے بیس اپریل کو علاقے کا دورہ کیا اور اس بارے میں تمام تر تفاصیل سے آگاہ کیا ۔انہوںنے بتایاکہ اس معاملے میں ایک کلرک بھی ملوث ہے جس کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے جبکہ سرپنچوںاور دیگر مقامی لوگوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی ۔
نوشہرہ میں بھی لوک عدالت منعقد
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ میں بھی لوک عدالت کا انعقاد کیاگیا جس میں 3فوجداری مقدمات کا فیصلہ کیاگیا ۔یہ لوک عدالت سب جج عدالت نوشہرہ میں تحصیل لیگل سروس کمیٹی کے چیئرمین سب جج ونود کمار کی قیادت میں ہوئی جس میں کل ستر مقدمات زیربحث لائے گئے جن میںسے مجرمانہ نوعیت کے تین مقدمے موقعہ پر ہی حل کئے گئے اور ٹریفک سے متعلق 7050روپے کا جرمانہ وصول کیاگیا ۔اس دوران سیول مقدمے بھی حل کئے گئے ۔ اس موقعہ پر بڑی تعداد میں لوگوںنے شرکت کی ۔لوک عدالت میں بار ایسو سی ایشن کے صدر رتن سنگھ ایڈووکیٹ ، اجیت سنگھ ، حق نواز ، اشونی شرما، ورون گجرال سمیت دیگر وکلاء بھی موجو دتھے ۔
طالبات سے فیس وصولی پر لوگ برہم
جاوید اقبال
مینڈھر//اس سال طالبات سے فیس وصولی پر لوگوںنے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ایک طرف حکومت نے لڑکیوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کیلئے قانون بنایا اور دوسری طرف ان سے داخلہ فیس وصول کی جارہی ہے ۔ مینڈھر کے لوگوںنے کہاکہ تمام سکولوں میں داخلے کے دوران ہر لڑکی کو پندرہ روپے سے لے کر تیس روپے تک کی چھوٹ دی جارہی ہے جبکہ حکومت نے یہ اعلان کررکھاہے کہ لڑکیوں کومفت میں تعلیم دی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ کئی طالبات جب داخلہ لینے سکول پہنچیں تو ان سے فیس کے پیسے مانگے گئے جو ان کے پاس نہیں تھے اور انہیں خالی ہاتھ واپس لوٹناپڑا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت فیس وصولی کرکے بیٹی پڑھائو بیٹی بچائو مہم کا قلع قمع کررہی ہے ۔رابطہ کرنے پر چیف ایجوکیشن افسر پونچھ نے کہاکہ انہیں سیول سیکریٹریٹ سے ایک چھٹی موصول ہوئی ہے جس کے بعد فیس وصول کرنا ان کی مجبوری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ انہیں وہی کرناہے جو حکومت کہے گی ۔
۔18سالہ نوجوان پہاڑی سے گر کر لقمہ اجل
جاوید اقبال
مینڈھر//بالاکوٹ میں ایک 18سالہ نوجوان پہاڑی سے گر کر لقمہ اجل بن گیا ۔ اس کی شناخت محمد عرفان ولد حاجی محمد صغیر سکنہ بسونی کے طور پر ہوئی ہے۔یہ نوجوان صبح بکریاں چرانے کیلئے گھر سے نکلا لیکن جب وہ گھر واپس نہیں آیاتو تلاش کرنے پر اس کو زخمی حالت میں پایاگیا۔ا س دوران نوجوان کو فوری طور پر نزدیک آرمی ہسپتال پہنچایاگیاجہاں ڈاکٹروںنے اسے کسی سیول ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا جس کے بعد لواحقین نے اس کو فوری طور سب ضلع ہسپتال مینڈھر پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔بعد میں قانونی لوازمات پورا کرکے اس کی نعش کو آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کیاگیا ۔
سرنکوٹ میں رہبر تعلیم اساتذہ کا اجلاس منعقد
بختیار حسین
سرنکوٹ// جموں کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کا سرنکوٹ میں ایک اجلاس منعقد ہواجس میں اساتذہ کے مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ اس موقعہ پر بولتے ہوئے ضلع صدر پونچھ شاہ نواز کاظمی نے حکومت کو آڑھے ہاتھ لیااور کہاکہ سرکار ان کے مطالبات پورے کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت قوم کے معماروں سے ٹکرانے کے بجائے ان کے مسائل پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے ۔زونل صدر محمد یوسف شاہ نے وزیر تعلیم سے اپیل کی کہ وہ ان کے مسائل حل کریں ۔انہوںنے کہاکہ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گاجس کی ذمہ داری خود حکومت پر عائد ہوگی ۔انہوںنے انتباہ دیاکہ ریاست کے تمام سکولوں کو بند کرکے ہڑتال کی جائے گی ۔تحصیل صدر بدر دین راتھر نے کہاکہ ہزاروں کی تعداد میں رہبر تعلیم اساتذہ مشکلات کاشکار ہیں اور ان کے مسائل حل نہیں کئے جارہے ۔ میٹنگ میں سید علی مرتضیٰ شاہ، عبدالوارث، عبدالقوی ،مختار خواجہ، غلام محی الدین ،چوہدری غلام عباس ،فاروق بھٹی، سرفراز بھٹی، محمد فاروق، شفاعت پٹھان، نور احمد، نصرت شاہ،زاہد خان، طارق اعجاز، محمد کبیر، اسحق راہی وغیرہ بھی موجود تھے۔
ولی داد کا اظہار تعزیت
مینڈھر //نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر چوہدری ولی داد نے بھاٹی دھارمینڈھر کے نمبردارجان محمد کی والدہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہا رکیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ مرحومہ کی وفات پر وہ غمزدہ کنبے کے ساتھ دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور یہ دعا کرتے ہیں کہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ ملے اور لواحقین یہ صدمہ برداشت کرسکیں ۔ انہوںنے کہاکہ مرحومہ نیک سیرت اور بااخلاق خاتون تھیں جن کی وفات علاقے کیلئے ایک نقصان ہے ۔
سنی یوتھ ونگ کا اظہار رنج و غم
پونچھ //سنی یوتھ ونگ نے اپنے کارکن فردوس احمد کی سڑک حادثے میں موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے ۔ یہاں جاری بیان کے مطابق فردوس احمد بھینچ میں سڑک کے کنارے کھڑے تھے کہ ایک تیز رفتار ٹاٹا سومو نے انہیں زور دار ٹکر مار دی جس سے وہ شدید زخمی ہوئے اور انہیں فوری طور پر ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیاگیاجہاںسے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں بھیجاگیاتاہم وہ منجاکوٹ کے مقام پر دم توڑ بیٹھے ۔بیان کے مطابق خواجہ فِردوس احمد نہایت ہی شریف النفس اور ہمدرد نوجوان تھاجو 22سال کی عمر میں اس دار فانی سے چلاگیا ۔تنظیم کے ریاستی صد ر خواجہ اعجاز احمد مدنی نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نوجوان کے اندر انسانیت اور خدمت گزاری کا بہت زیادہ جذبہ تھاجس کے انتقال سے ونگ کے سبھی ارکان غم میں ڈوبے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس خلا کو پر کرنا بہت مشکل ہے ۔مدنی نے کہا کہ اس وقت ان کے اہلِ خانہ پہ کیا گزر رہی ہے،انہیں اس بات کا احساس ہے ۔ انہوں نے اہلِ خانہ کو صبر و تحمل کی تلقین کی اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی۔اس نوجوان کو اس کے آبائی گائوں اتولی میں سپرد خاک کردیاگیا۔
پی ایم اے وائی کی جانکاری کیلئے گھر گھر مہم شروع
درہال //بلاک ڈیولپمنٹ افسر درہال عبدالحق چوہدری نے محکمہ کے دیگر ملازمین کے ہمراہ پی ایم اے وائی (پردھان منتری آواس یوجنا ) کی جانکاری فراہم کرنے کیلئے گھر گھر مہم شروع کی ہے ۔یہاں جاری بیان کے مطابق بی ڈی او نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بے گھر لوگوں کیلئے مرکز کی طرف سے شروع کی گئی اس سکیم کے تحت مکانات کی تعمیر میں تعاون دیں ۔انہوںنے کہاکہ ہر ایک مستحق کنبے کو اس کا حق دیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ یہ مہم جاری رہے گی اور اس با ت کو یقینی بنایاجائے گاکہ مستحقین تک ان کا حق پہنچے ۔انہوںنے محکمہ کے ملازمین کو ہدایت دی کہ فوری طو رپر فائلیں مکمل کریں تاکہ لوگوں کے جلد سے جلد مکانات تعمیر ہوسکیں ۔
بزرگ شہری کی پراسرار موت
پرویز خان
منجاکوٹ //تحصیل منجاکوٹ کے کھوڑی ناڑ علاقہ سے ایک بزرگ شہری کی پراسرار موت ہوئی ہے ۔اس کی شناخت محمد سلیمان ولد میر محمد سکنہ کھوڑی ناڑ منجاکوٹ عمر پچاس سال کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے نعش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیاہے تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکاکہ موت کی وجہ کیاتھی۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ منجاکوٹ میں دفعہ 174 کے تحت کیس درج کر کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
پانی کے سپلائی نظام میں باربار خرابی
ٹھنڈی کسی میں نئی مشینری کی تنصیب کی مانگ
راجوری //راجوری کے ٹھنڈی کسی کے لوگوںنے علاقے میں محکمہ پی ایچ ای کے میکنکل ونگ سے نئی مشینری کی تنصیب کی مانگ کی ہے تاکہ آنے والے موسم گرما کے دوران پمپنگ اسٹیشن بغیر کسی رکاوٹ کے کام کرسکے ۔ منکوٹ ، ٹھندی کسی ، سڈیال اور چھبر دھڑہ کے لوگوںنے بتایاکہ موسم گرما میں پانی کے بیشتر قدرتی ذرائع سوکھ جاتے ہیں جس کی وجہ سے ان کا تمام تر انحصار محکمہ پی ایچ ای پر ہوتاہے ۔انہوںنے بتایاکہ کئی بار پانی کی سپلائی کا نظام متاثر ہوجاتاہے اور محکمہ کی طرف سے یہ دعویٰ کیاجاتاہے کہ ان کے پمپنگ اسٹیشن میں خرابی پیداہوگئی ہے ۔مقامی شہریوں نریندر کما ر ، ونود شرما اور محمد صدیق نے مانگ کی کہ پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے علاقے میں نئی مشینری نصب کی جائے تاکہ آنے والے موسم گرما کے دوران کسی بھی طرح کی مشکل کاسامنا نہ کرناپڑے ۔ انہوںنے کہاکہ پچھلے سال بھی موسم گرما کے دوران کئی دنوںتک پانی سپلائی متاثر رہی تھی اور محکمہ تکنیکی خرابی کا بہانہ بناتارہا۔اس سلسلے میں محکمہ کے میکنکل ونگ نے بتایاکہ ٹھنڈی کسی میں دو پمپ نصب کئے گئے ہیں جن میںسے ایک پہلے مرحلے جبکہ دوسرا دوسرے مرحلے میں ہے ۔