بی اے ڈی پی فنڈز کے غلط استعمال کا الزام
جاوید اقبال
مینڈھر//بالاکوٹ کے لوگوںنے حکومت و ضلع انتظامیہ پر بی اے ڈی پی رقومات کا غلط استعمال کرنے کا الزام عائد کیاہے ۔نمبردار بالاکوٹ محمد ایاز خان نے کہا کہ حکومت کی طرف سے سرحدی علاقہ کے لئے فراہم کی جانے والی یہ رقومات غلط طور پر استعمال ہورہی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایک اعلیٰ سطح پر کمیٹی تشکیل دیر تحقیقات کرائے اور یہ دیکھاجائے کہ یہ پیسہ کہاں استعمال ہواہے ۔انہوںنے کہاکہ سرحدی علاقوں کے نام پر آنے والی یہ رقومات غلط استعمال ہورہی ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ بالاکوٹ میں تین ایسی پنچایتیں ہیں جو بالکل ہی سرحد پر واقع ہیں جبکہ ایک پنچایت مینڈھر علاقہ کی بھی سرحد پر واقع ہے لیکن ان پنچایتوں میں بی اے ڈی کا پیسہ نہ کے برابر استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بالاکوٹ کے دھراٹی ،بھروتی اور بالاکوٹ علاقوںاورمینڈھر کے ڈیری ڈبسی علاقے کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے اوران علاقوں کے نام پر آنے والے پیسے کو کسی دوسری جگہ استعمال کیاجارہاہے ۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں تحقیقات کروائیں نہیں تو کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
انس واٹر سپلائی سکیم کا افتتاح
۔ 42ہزار نفوس کو پینے کا صاف پانی فراہم ہوگا
راجوری//صحت ، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے وزیر شیام لال چودھری اور خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور قبائلی امو رکے وزیر چودھری ذوالفقارعلی نے کوٹرنکہ میں انس واٹر سپلائی سکیم اور مندر گالا میں اری گیشن انسپکشن ہٹ کا افتتاح کیا۔این آر ڈی ڈبلیو پی کے تحت مکمل کئے گئے پروجیکٹ پر 7.49کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیںاور اس واٹر سپلائی سکیم کی بدولت درجنوں دیہات سے تعلق رکھنے والے 42ہزار نفوس کو پینے کا صاف پانی فراہم ہوگا۔ان دیہات میں حبی،ریحان، سواری،ترالا، سانوکٹ ،کوترنکا،کھاہ،جمالو اور دھار سنکاری شامل ہیں۔اس موقعہ پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیام لال چودھری نے کہا کہ حکومت ریاست کے تما م علاقوں کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ریاست کی باگ ڈور سنبھالتے ہی ریاست کے لوگوں کو مختلف سکیموں کے تحت سہولیات فراہم کرنے کا تہیہ کیا اور اب تک ریاست کے دور دراز علاقوں تک پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔انہوںنے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں دیگر واٹر سپلائی سکیموں پر جاری کام کو مکمل کرنے کے اقدامات کریں۔چودھری ذوالفقار نے اس موقعہ پر کہا کہ واٹر سپلائی سکیم اَنَس اُن دیگر ترقیاتی پروجیکٹو ں میں شامل ہے جن کو موجودہ حکومت نے ریاست کے دور دراز علاقوں میں قائم کرنے کافیصلہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ بدھل۔ شوپیاں سڑک ، پتلی قلعہ ایکو پارک ، کوٹرنکہ ۔ خواس اور راجوری ۔کوٹرنکہ سڑک ، انڈور سٹیڈیم ، جی اینڈ بی ہوسٹل ، کوٹرنکہ تفریحی پارک ،شکر مارگ سیاحتی پروجیکٹ اور انس ارگیشن پروجیکٹ خطے میں نئے ترقیاتی دور کی شروعات ہے ۔وزراء کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری ، چیف انجینئر اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول کے کے منگوترا ، چیف انجینئر پی ایچ ای اشوک گنگوترا ، ایس ای رفیع خان و دیگر ضلع افسران تھے۔
ایڈیشنل پبلک پراسکیوٹر کی باربار تعیناتی
بار ایسو سی ایشن راجوری برہم ، ہڑتال تیسرے روز بھی جاری رہی
منیر خان
منیر خان
راجوری //بار ایسو سی ایشن راجوری کے بینر تلے وکلاء نے تیسرے روز بھی ہڑتال کرتے ہوئے حکومت کو اس بات پر تنقید کا نشانہ بنایاکہ وہ ایڈیشنل سیشن کورٹ راجوری کے نظام ِ عدل کے ساتھ مذاق کررہی ہے اور ایڈیشنل پبلک پراسکیوٹر کی پوسٹ کے ساتھ کھیل کھیلاجارہاہے ۔پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بار کے صدر حق نواز مرزا و دیگر وکلاء نے کہاکہ حکومت کی طرف سے ایڈیشنل پبلک پراسکیوٹر کی پوسٹ کے ساتھ کھیل کھیلاجارہاہے ۔انہوںنے بتایاکہ ایڈووکیٹ اشفاق بخاری کو جون 2017میں ایڈیشنل پبلک پراسکیوٹر کے طور پر تعینات کیاگیا تاہم ستمبر 2017میں انہیں ہٹادیاگیا لیکن دوبارہ اکتوبر 2017میں انہیں پھر سے اسی عہدے پر تعینات کیاگیا اور پھر فروری 2018کو پھر سے ہٹایاگیا ۔ انہوںنے بتایاکہ اتنا ہی نہیں بلکہ انہیں ایک مرتبہ پھر 18اپریل 2018کو اس عہدے پر تعینات کیاگیا لیکن 19اپریل کو چوبیس گھنٹوں کے اندراندر پھر سے ہٹادیاگیا ۔انہوںنے کہاکہ اس طرح کی حرکات کی وجہ سے نہ صرف عدلیہ کے نظام کو تباہ کیاجارہاہے بلکہ کام کاج بھی متاثر ہورہاہے ۔انہوںنے بتایاکہ وہ پچھلے تین روز سے اس فیصلے کے خلاف ہڑتال کررہے ہیں اوراس کے خلاف ہڑتال جاری رکھیںگے ۔اس موقعہ پر شوکت چوہدری ، راکیش شرما، آصف اقبال ، محمد فاروق ، ذوالفقار احمد ، شاہنواز مرزا ، طارق محمود وغیرہ بھی موجو دتھے۔
اڑائی میں مفت طبی کیمپ کا اہتمام
عشرت بٹ
منڈی//محکمہ صحت کی جانب سے تحصیل منڈی کے علاقہ اڑائی میں مفت طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اعجاز احمد اسد مہمان خصوصی تھے ۔ کیمپ کا افتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے کیا ۔اس دوران ضلع اسپتال پونچھ اور سب ضلع اسپتال منڈی کے ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم جن میں ڈاکٹر قیوم چوہدری ،ڈاکٹر عشرت باگن، ڈاکٹر نظر حسین، ڈاکٹر راہل شرما،بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر امرجیت سنگھ ، اصغر میر شامل ہیں ، نے 800سے زائد مریضوں کا طبی معائنہ کرکے ان میں مفت ادویات تقسیم کیں۔دریں اثناء مقامی لوگوں کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے ایک دربار بھی منعقد ہواجس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ اڑائی میں جموں کشمیر موبائل بینک شاخ کے قیام ،اڑائی کٹھا تا اڑائی سڑک کی دوبارہ تعمیر اور دیگر مسائل کو حل کیاجائے گا۔انہوںنے اڑائی کے معذور کنبوں کی طبی تشخیص پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اس سلسلے میں ریاستی حکومت سے بات کرکے ماہر ڈاکٹروں کو یہاں جانچ کیلئے بلایاجائے گا۔اس دوران 100سے زائد معذور افراد میں معذوری کی اسناد بھی تقسیم کی گئیں ۔طبی کیمپ میں چیف میڈیکل افسر پونچھ ڈاکٹر ممتاز بھٹی ،نائب چیف میڈیکل افسر پونچھ ڈاکٹر شمیم بھٹی ،بلاک میڈیکل افسر منڈی ڈاکٹر سید مشتاق جعفری بھی موجودتھے۔
رسانہ کیس پر ضرور انصاف ملے گا:تانترے
متعدد کارکنان کی پی ڈی پی میں شمولیت کا دعویٰ
پونچھ//ایم ایل اے پونچھ شاہ محمد تانترے نے فتح پُور سیکٹر کی دُور دراز پنچایت ڈنہ دحکڑاں کا دئورہ کر کے وہاں عوام کے اجتماع سے خطاب کیا ۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق اس دوران عوام کی ایک کثیر تعداد نے مُختلف سیاسی جماعتوں کو چھوڑ کر پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کر لی۔ عوام کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے گزشتہ تین سال میں ایم۔ایل۔اے موصوف کی کارکردگی کو دیکھ کر اور اُن سے متاثر ہو کر یہ قدم اُٹھایا ہے۔ اس موقعہ پر تانترے نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے اُنہیں منڈی میں کالج کی منظوری پر مبارک باد پیش کی اور یہ یقین ظاہر کیا کہ اس سے نوجوانوں کو روشن مستقبل سنوارنے میں مدد ملے گی۔ ایم۔ایل۔اے موصوف نے منڈی میں ڈگری کالج کی منظوری کے لئے وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی، وزیرِ تعلیم سیّد الطاف بُخاری اور نائب صدر پی۔ڈی۔پی سرتاج مدنی کا شُکریہ ادا کیا۔ تانترے نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ مُستقبل قریب میں پونچھ کے طَلَباء و عوام کو کلسٹر یونی ورسٹی کا تحفہ بھی مِلے گا۔ موصوف نے ریاست کے نوجوانوں بالخصوص وادی کے نوجونوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بہتر مُستقبل کے لئے ہڑتالوں وغیرہ سے پرہیز کریں۔ تانترے نے کہا کہ پُوری دُنیا کو مُلکِ ہندوستان کی کورٹ کچہری پر ناز ہے اس لئے وہ اس بات کا یقین رکھیں کہ شہید آ صفہ کو کورٹ سے ضرور انصاف مِلے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ آصفہ کے معاملے میں ساری مُلکی عوام نے بلا لحاظ مذہب و ملت، رنگ ونسل یک زبان ہو کر انصاف کی مانگ کی جس سے کشمیر اور بھارت کے درمیان دُوریاں نزدیکیوں میں تبدیل ہو رہی ہیں۔ موصوف نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ ایسے اقدامات اُٹھائے جس سے یہ لگے کہ ریاستی نوجوانوں سے مُلک کو ہمدردی بھی ہے اور اعتماد بھی۔اس موقعہ پرتانترے نے پارٹی میں شامل ہوئے افراد کے گلے میں ہار پہنا کر اُن کا پی ڈی پی میں خیر مقدم کیا۔ اس دئورہ میں اُن کے ہمراہ بلاک صدر ساتھرہ خورشید کرمانی، بلاک صدرایس۔ٹی سیل چوہدری غُلام حُسین خان، پی۔ڈی۔پی نائب صدر تسلیم خان اور نائب صدر کھنیتر بلاک غُلام رسول تانترے بھی موجود تھے۔
۔30تاریخ تک گاڑیوں کو بس اڈہ منتقل کرنیکی ہدایت
منیر خان
راجوری //روزنامہ کشمیر عظمیٰ کے گزشتہ روز کے شمارے میں ’’بس اڈہ ہوکر بھی مشکلات کاسامنا ۔جگہ جگہ گاڑیاں کھڑی کرنا ٹریفک جام کا باعث ‘‘کے عنوان سے شائع ہوئی خبر کے اثر کے طور پر محکمہ ٹرانسپورٹ اور محکمہ ٹریفک کو ہدایت دی گئی ہے کہ 30اپریل تک تمام گاڑیوں کو نئے بس اڈہ منتقل کیاجائے ۔ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے روڈ سیفٹی ویک کے موقعہ پر محکمہ ٹرانسپورٹ اور محکمہ ٹریفک کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام اڈے مالکان کو بتادیں کہ وہ اپنی گاڑیاں نئے بس اسٹینڈ منتقل کریں ۔انہوںنے کہاکہ اس ماہ کی 30تاریخ کے بعد جو بھی گاڑی روڈ کنارے مسافروں کو بھرتی دیکھی گئی،تواس پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔ان کاکہناتھاکہ یہ قدم مفاد عامہ میں کیاگیاہے ۔ اس ضمن میں اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر نیرج شرما نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کو عملہ کی کمی کا سامناہے جس کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہیںتاہم لوگوں کو اس معاملے میں ٹرانسپورٹ کو اپنا تعاون دینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی راجوری نے ہدایات دی ہیں کہ تمام اڈے ختم کئے جائیں اور30تاریخ سے قبل ہی تمام گاڑیوں کو نئے بس اڈہ میں منتقل کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ ان ہدایات پر عمل ہوگا اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔
پرائمری سکول بیرو بائیں اڑی 3میںسے 2اساتذہ اٹیچ
جاوید اقبال
مینڈھر//تعلیمی زون ہرنی کی حالت نہایت ہی خستہ ہے اور محکمہ تعلیم کے افیسران سکولوں کی طرف توجہ نہیں دے رہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گورنمنٹ پرائمری سکول بیروبائیں اڑی کی حالت ابتر ہو چکی ہے ۔ان کاکہناہے کہ سکول میں تین اساتذہ تعینات ہیں جبکہ محکمہ کے ملازمین نے جان بوجھ کر دو اساتذہ کو کہیں اٹیچ کررکھاہے اور ایک ٹیچر کیلئے پانچ کلاسوں کے بچوں کو تعلیم دینا مشکل کام ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ آفیسران فوری طور ان اساتذہ کو واپس اپنی جگہ پر بھیجیں تاکہ بچوں کامستقبل تباہ ہونے سے بچ سکے ۔طلباء کے والدین کاکہناہے کہ ان کے بچوں کی تعلیم ضائع ہورہی ہے لیکن حکام اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ خود سکول کا جائزہ لے کر اٹیچ کئے گئے اساتذہ کو واپس اپنی جگہ پر تعینات کریں اور اٹیچ منٹیں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔
کوٹرنکہ میں سیرت النبی ؐکانفرنس منعقد
جموں//راجوری ضلع کے کوٹرنکہ علاقے میں ایک روزہ سیرت النبیؐکانفرنس منعقد ہوئی جس میں کافی تعداد میں ریاست کے اسلامی سکالروں ، علماء کرام، دانشوروں اور مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے شرکت کی۔علاوہ ازیں بیرون ریاست کے کئی علماء کرام نے بھی اس کانفرنس میں شرکت کی۔پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی بھی اس کانفرنس میں موجود تھے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے اسلامی سکالروں پر زور دیا کہ وہ امن کے پیغام کو عام کرنے میں اپنا کلیدی رول ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنسوں میں لوگوں کی بڑھ چڑھ کر یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ لوگ آج کل کے مادہ پرست دور میں بھی آفاقی تعلیمات میں کافی اعتقاد رکھتے ہیں ۔وزیر نے کہا کہ مذہبی رہنمائوں کو لوگوں کو اس بات کے لئے مائل کرنا چاہیئے کہ وہ اسلامی تعلیمات کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم سے بھی اپنے آپ کو روشناس کرائیں۔کوہلی نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ کوترنکا میں عیدگاہ کو ترجیحی بنیادوں پر وسعت دیں۔مقررین نے اس موقعہ پر اسلامی تعلیمات اور پیغمبر آخرالزماںحضرت محمد مصطفی ؐ کی سیرت پاک کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی ۔
ٹریفک قوانین کی پاسداری کی تلقین
جاوید اقبال
مینڈھر//ایس پی ٹریفک مشتاق چوہدری نے ڈاک بنگلہ مینڈھر میں ڈرائیوروں اور دیگر لوگوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔اس موقعہ پر ٹریفک پولیس کے اہلکار اور ڈی وائی ایس پی ٹریفک و ایس ایچ او مینڈھر بھی موجو دتھے ۔ایس پی ٹریفک نے ڈرائیوروں کو سختی سے ہدایت دی کہ قوانین کی پاسداری کی جائے۔انہوںنے کہاکہ ائورلوڈنگ نہ کی جائے ۔ان کاکہناتھاکہ سومو گاڑیوںمیں سات سواریاں بھری جائیں نہیں تو سخت کارروائی کی جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ ٹریفک پولیس کے اہلکار قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی بھی طور پر معاف نہ کریں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔
سماجی ترقی میں تعلیم کارول اہم :ڈپٹی کمشنر
منڈی میں عوامی دربارمنعقد ، مسائل حل کرنیکا یقین دلایا
عشرت بٹ
منڈی//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے اپنی پونچھ تعیناتی کے بعد پہلی دفعہ تحصیل منڈی کا دورہ کر کے ڈاک نگلہ میں ایک عوامی دربار منعقد کیا۔ اس موقعہ پر تحصیل منڈی کی عوام نے اپنے مسائل موصوف کے سامنے پیش کئے ۔ مقررین نے ترقیاتی کمشنر سے کہا کہ تحصیل منڈی میں تعلیمی نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے اور اساتذہ سکولوں میں جانے کے بجائے بازاروں میں سیاست کرتے پھرتے ہیں۔پی ڈی پی لیڈرشمیم احمد گنائی نے کہا کہ ضلع پونچھ کی تعمیر وترقی میں آج تک وادی کے ضلع ترقیاتی کمشنروں سعید خان، وجاہت حبیب اللہ جیسے لوگوں نے بہتر کارکردگی انجام دی اور یہ یہاں کے لوگوںکی خوش بختی ہے کہ پونچھ کا ہی نوجوان افسر یہاں تعینات ہواہے ۔انہوںنے کہاکہ چنڈک تا منڈی سڑک کی کشادگی کے احکامات جاری ہوئے تھے تاہم ابھی تک کام شروع نہیںہوا ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کے ارد گرد لوگوں نے ریت اور بجری وپتھر جمع کررکھے ہیں جن کی وجہ سے حادثات کا خطرہ لاحق رہتا ہے اس لئے ہر ایک سڑک سے ناجائز تجاوزات کو ہٹایاجائے ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ کے پونچھ دربار کے دوران ہوئے فیصلوں پر عمل درآمد کیاجائے ۔پی ڈی پی لیڈربلال مقدومی نے کہا کہ منڈی تحصیل کی عوام نہایت ہی غریب اور دور دراز علاقوں میں بستی ہے جسے بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ۔انہوںنے کہاکہ ایم جی نریگا مزدوروں کو وقت پر اجرت نہیں ملتی اور دیگر مسائل بھی حل طلب ہیں ۔ اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ یہاں کی عوام کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اوریہاں رکھے گئے مطالبات کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی سماج کو بہتر بنانے میں تعلیم کا اہم کردار ہوتا ہے اور جب تک تعلیمی معیار بہتر نہیں ،لوگ ترقی نہیں کر سکتے ۔انہوں نے عوام کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ بچوں کو تعلیم دینے میں غفلت برتنے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ کے دربار میںہوئے فیصلوں پر عمل کیاجائے گا۔ انہوںنے منڈی کے لوگوںکو ڈگری کالج کی منظوری پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ سڑکوں سمیت تمام پروجیکٹوں پر کام شروع کرکے مکمل کیاجائے گا۔اس موقعہ پر سرپنچ منڈی طارق منظور ،سابق سرپنچ راجپورہ فاروق نجار، عبدالاحد بٹ ،غلام عباس ،ماسٹر امیر دین، اکرم لون، شکیل پرے نے بھی خطاب کیا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے سب ضلع ہسپتال منڈی کا دورہ کرکے وہاں تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور ان کی جلد تکمیل کی ہدایت دی۔ اس دوران انہوںنے ہسپتال میں دستیاب سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔
۔29واں روڈ سیفٹی ہفتہ
ڈپٹی کمشنر راجوری نے ریلی کو ہری جھنڈی دکھائی
منیر خان
منیر خان
راجوری //پورے ملک کی طرح راجوری میں بھی 29واں روڈ سیفٹی ہفتہ منایاجارہاہے اور لوگوں کی جانکاری کیلئے سکولی بچوں کی طرف سے ریلیاں نکالی جارہی ہیں ۔ایک ریلی کو ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے بھی ہری جھنڈی دکھاکرروانہ کیا ۔اس موقعہ پرکہا کہ سڑک پر گاڑی چلاتے وقت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی وجہ سے اکثرحادثات رونما ہوتے ہیں اور ان حادثات سے بچنے کے لئے موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہننا اوردیگر گاڑی چلانے والوںکو سیٹ بیلٹ کا استعمال کرناچاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی چلاتے وقت مختلف نشاندہیوں کا خیال رکھنا چاہئے تاکہ راہگیروں کو نقصان نہ پہنچے ۔ان کاکہناتھاکہ ٹریفک قوانین کی عمل آوری کے لئے سماج کے تمام افراد کو یکجا ہونا پڑے گا ۔ انہوںنے مزید کہاکہ آج کے ترقی یافتہ دور میں ہر شخص اپنے لئے بہتر اور آرائش چاہتا ہے لیکن گاڑی چلاتے وقت سب کچھ بھول کر اپنی من مرضی کرنے پر مجبور کیوں ہوجاتا ہے اس کے لئے سماج کے ذمہ دار لوگوں کو اپنے معاشرے میں ٹریفک قوانین کی عمل آوری کو لازمی بناناچاہئے ۔اس ریلی میں بڑی تعداد میں سکولی طلباء نے شرکت کی ۔ ریلی کا اہتمام ٹرانسپورٹ اوراور ٹریفک محکمہ جات کی طرف سے کیاگیاتھا۔
آئی اے ایس برادران کے اعزاز میں تقریب
پونچھ//گوجر بکروال ایمپلائز ایسو سی ایشن نے آئی اے ایس برادران کے اعزاز میںچنڈک کے مقام پر ایک تقریب کا انعقاد کیاجس کی صدارت معروف سکالر امین قمر کوہلی نے کی ۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق اس تقریب میںحفیظ برادران کو ملک کے سب سے مشکل امتحان میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی گئی۔واضح رہے کہ پونچھ کلائی کے رہنے والے ان دونوں بھائیوں عرفان حفیظ چوہدری اورنعمان حفیظ چوہدری نے آئی اے ایس اور آئی ای ایس2015 امتحانات میں کامیابی حاصل کی تھی ۔دونوں بھائیوں نے کامیابی حاصل کرنے کے بعد علاقہ کا پہلا دورہ کیااوران کے اعزا زمیں تقاریب منعقد کی جارہی ہیں ۔چنڈک میں منعقد ہوئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایسو سی ایشن کے صدر چوہدری محمد اسد نعمانی نے کہا کہ ان دونوں بھائیوں نے پونچھ کا نام روشن کیا ہے اور نئی نسل کو ایک پیغام دیا ہے کہ محنت اور لگن سے کوئی بھی مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی ایک بڑا پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں ان آئی اے ایس آفیسران کی خدمات سے ایک ورکشاپ بھی منعقد ہوگاجس سے نوجوان استفادہ کرسکیںگے ۔اس موقعہ پر عرفان حفیظ چوہدری (آئی اے ایس)نے تنظیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہوگی اگر پونچھ کے اور نوجوان بھی اس امتحان کو پاس کر کے آگے آئیں۔انہوں نے کہا کہ محنت اور لگن ہی کامیابی کی واحد کنجی ہے۔نعمان حفیظ چوہدری(آئی ای ایس) نے کہا کہ اگر اس امتحان کے بارے میں کوئی بھی نوجوان ان سے معلومات حاصل کرنا چاہے تو وہ ہمیشہ حاضر ہیں۔اس موقعہ پر حفیظ برادران کے والد حفیظ چوہدری نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں حاجی فاروق دیدڑ،لیکچرار عطاللہ شاد،جاوید ڈوئی،الطاف احمد،فاروق تنہا،سرفراز چوہان،افضل پسوال،شکیل پسوال،بشارت انقلابی، گلناز احمد،خورشید پسوال،عارف چوہدری،اخلاق تبسم،طارق کوہلی وغیرہ بھی موجو دتھے۔
آنگن واڑی کارکنان کا احتجاج 56ویں روز بھی جاری
حسین محتشم
پونچھ // آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز یونین پونچھ نے اپنے مطالبات کے حق میں 56ویں روز بھی احتجاجی مظاہرہ جاری رکھا۔ اس دوران حکومت پر ان کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پڑوسی ریاستوں پنجاب، ہریانہ اور دہلی وغیرہ میں آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کو بالترتیب 10ہزار اور 6ہزا رروپے ماہوار دئیے جا رہے ہیں لیکن جموں کشمیر میں ان کے ساتھ نا انصافی کی جا رہی ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ سرکار آنگن واڑی کارکنان کا استعمال درجن بھر محکمہ جات میں مختلف نوعیت کی ڈیوٹی کے لئے کرتی ہے لیکن جب انہیں مشاہرہ دینے کی بات آتی ہے تو ان کے ساتھ امتیاز کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دس برس سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کہیں کی کہیں پہنچ چکی ہیں لیکن ان کے مشاہرہ میں اضافہ نہیں کیا جا رہا ہے۔اس دوران مظاہرین کی جانب سے ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی جو فوارہ گارڈن سے نکل کر بس اڈہ کی جانب سے قلعہ کے سامنے سے گزرتے ہوئے صدر بازار اور ہاتھی تھان بازار سے ہوتے ہوئے دوبارہ فوارہ گارڈن میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔
ملک نے ڈین سٹوڈنٹس افیئر کا چارج سنبھالا
راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے پروفیسر جی ایم ملک نے ڈین آف اسٹوڈنٹس افیئر کے عہدے کاچارج سنبھالا۔اس دوران انہوںنے یونیورسٹی کے تمام بوائز ہوسٹلوں کا معائنہ کیا اور ان میں رہائش پذیر طلباء کے ساتھ بات چیت کرکے ان کے مسائل سنے ۔انہوںنے طلباء کو یقین دلایاکہ ان کے مسائل حل کئے جائیںگے ۔بعد میں انہوںنے ہوسٹل ملازمین کی ایک میٹنگ بلائی اور انہیں ہدایت دی کہ وہ ایمانداری،خوش اسلوبی اور خیرخواہی سے کام کریں اور ہوسٹلوںمیں رہائش پذیر طلبا کے آرام وآسائش کا خاص خیال رکھیں ۔پروفیسر جی ایم ملک طویل عرصے تک کشمیر یونیورسٹی میں محکمہ تعلیم کے کئی عہدوں پہ کام کرچکے ہیں ۔وہ کشمیر یونیورسٹی میں ریسورس سنٹر کے ڈائریکٹر رہ چکے ہیں ۔شعبہ نفسیات اور شعبہ تعلیم کے صدر کی حیثیت سے ان کی نگرانی میں بڑی تعداد میں طلباء ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں حاصل کرچکے ہیں ۔انہیں عہدے کا چارج سنبھالنے پر یونیورسٹی عملے اور طلباء نے مبارکباد پیش کی ہے۔