ایم ایل سی کے دو ایس پی اوز گرفتار
بانہال کے بی جے پی لیڈر کے بیٹے کی مارپیٹ اور ہوا میں فائرنگ کا شاخسانہ
محمد تسکین
بانہال // بانہال کے ایک نوجوان سے مارپیٹ کرنے اور ہوا میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد ایک تحریری شکایت کی بنا پر بانہال پولیس نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک کشمیری لیڈر کے دو محافظوں کو گرفتار کرکے اْن کے خلاف کئی دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا ہے۔ یہ واقع پیر کی رات جموں سرینگر شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال کے نزدیک گنڈ عدلکوٹ میں پیش آیا اور مارپیٹ کا شکار بننے والا نوجوان بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک مقامی لیڈر کا بیٹا ہے۔ جانکار ذرائع اور عینی شاہدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر کی رات نو بجے کے قریب بھارتیہ جنتا پارٹی کا ایک لیڈر اور ممبر لیجسلیٹیو کونسل صوفی یوسف اپنے سیکورٹی اہلکاروں کے ہمراہ جموں سے سرینگر کی طرف جارہاتھا کہ بانہال کے نزدیک اس وقت ٹریفک جام کی صورتحال تھی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی اپنی گاڑیوں اور بھاجپا لیڈر کی گاڑی کو آگے بڑھانے کے مدعے کو لیکر بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر کے پی ایس اوز اور ایک مقامی نوجوان عامر سلیم بٹ ولد محمد سلیم بٹ ساکنہ ہولن بانہال ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوئے اور سیکورٹی اہلکاروں نے بندوقیں تان کر عامر سلیم کو کئی تھپڑ رسید کئے اور اسکی گاڑی کی چابی نکال لی۔ عامر سلیم بٹ کا و الد محمد سلیم بٹ بھی بھارتیہ جنتا پاڑتی کا لیڈر ہے اور اس نے ماضی میں لوک جن شکتی پارٹی پر الیکشن بھی لڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقع کے بعد وہاں لوگ جمع ہونا شروع ہوئے اور حالات کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے ایم ایل سی صوفی یوسف کے پی ایس اوز نے ہوا میں گولیوں کے کم از کم تین روانڈ فائر کر دیئے جس کی وجہ سے علاقے میں سراسمیگی پھیل گئی اور گنڈ عدلکوٹ اور دیگر علاقوں کے مزید لوگ شاہراہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے ا سلام اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران وہاں ایس ایچ او بانہال پولیس ٹیم کے ہمراہ پہنچے اور احتجاجی مظاہرین کو قابو کیا اور معاملہ طول پکڑنے سے بچ گیا۔ انہوں نے کہا کہ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے ایس ایچ او بانہال نے دونوں پولیس اہلکار وں کے ہتھیار اپنے قبضے میں لئے اوراحتجاجی لوگوں کو سمجھا بجھا کر حالات کو مزید بگڑنے سے بچانے میں اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ انکی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے اور پولیس کو عوامی دباو کے بعد خاطی اہلکاروں کی گرفتاری عمل میں لانا پڑی اور کیس درج کرنا پڑا۔ ایس ایچ او بانہال ایجاز وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ عامرسلیم کی تحریری شکایت کے بعد پولیس سٹیشن بانہال میں ایک کیس زیر نمبر61 زیر دفعہ 307، 341، 323 رنبیر پینل کوڈ اور 7/27 آرمز ایکٹ کے تحت درج کرکے دونوں اہلکاروں کو حراست میں لیا ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹریفک جام کی وجہ سے باجپا لیڈر کو آگے نکلانے کیلئے یہ سیکورٹی اہلکار رامسو سے بانہال تک کئی گاڑی والوں سے الجھ چکے تھے تاہم بانہال میں دو سیکورٹی اہلکاروں کی گرفتاری کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر صوفی یوسف کو مزید سیکورٹی بندوبست فراہم کرکے جواہر ٹنل پار کروایا گیا۔
کانگریس مزدروں کی بہبود اورحقوق کے تحفظ کی وعدہ بند:سروڑی
پی ڈی پی ۔بھاجپادورِحکومت مسلم آبادی کیلئے بدامنی ،ذلت ورسوائی کاموجب
کشتواڑ//جموں وکشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر ورکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے مزدورطبقہ کوملک کی ترقی اوراقتصادی پیش رفت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہاکہ کانگریس مزدروں کی بہبود اوران کے حقو ق کے تحفظ کی وعدہ بندہے۔انڈین ٹریڈیونین کانگریس کی جانب سے یومِ مئی کے موقع پریہاں کشتواڑمیں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے غلام محمد سروڑی نے کہاکہ کانگریس مزدورطبقہ کی بہبودان کے حقوق کوتحفظ دینے کیلئے ہمیشہ سنجیدہ اورجوابدہ رہی ہے۔سروڑی نے کہاکہ کانگریس نے ہمیشہ مزدورطبقے اور پچھڑے ہوئے کی حوصلہ افزائی اور بہبودی کی کوشش کی ۔اُنہوں نے ہندوستان میں عوامی تحریک کے قیام میں مزدوروں کی کردار کویاد کرتے ہوئے کہاکہ کئی دہائیوں پہلے مزدورطبقہ نے دنیاکونئی سمت دی۔سروڑی نے کہا’’لیبرفورس قوم کی معمار اور سماجی واقتصادی ترقی کی مختارہے‘‘۔اُنہوں نے کہاکہ مزدوروں کے حقوق اوران کی سماجی واقتصادی ترقی کیلئے فلاحی اسکیموں کیلئے کانگریس ہمیشہ کوشاں رہے گی۔سروڑی نے مزدوروں کی ترقی کیلئے قلیل وطویل مدتی اقدامات پرزوردیتے ہوئے کہاکہ بہترصحت خدمات کیساتھ ساتھ بچوں کومعیاری تعلیم یقینی بنائی جانی چاہئے۔سروڑی نے بڑھتی مہنگائی پراپنی تشویش ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ اس کابراہ راست اثرمزدورطبقہ پرہی پڑتاہے جس پرحکومت کواقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔سروڑی نے کم سے کم اُجرت میں اضافے، پبلک وپرائیویٹ سیکٹرمیںڈی اے کے بقایاجات کی ادائیگی،سروڑی نے مزدورطبقہ کے مسائل اُجاگرکرتے ہوئے ترجیح بنیادوں پرمتعددمسائل پرحکومتی مداخلت چاہی جن میں ساتویں تنخواہ کمیشن کے ایرئیرزکی واگذاری، پبلک سیکٹرملازمین کوپنشن فوائد ،ایس آر او43کی پبلک سیکٹرمیں عمل آوری،ڈیلی ویجروں کی مستقلی، جن میں کیجول لیبرر، کنسولیڈیٹڈ ملازمین، آئی ٹی آئی ڈپلومہ ہولڈر جوکہ پی ایس یو اور سرکاری محکموں میںکام کررہے ہیں، پی ایس یوکوبجٹ میں امداد، بیماریونٹوں کوبحال کرنا، پی ایس یومیں بنیادی ڈھانچے میں بہتری لانا، نجی سیکٹرمیں مقامی لوگوں کو روزگارمیں ترجیح دینا، ٹھیکہ نظام ختم کرنا، غیرقانونی طورپریونٹوں کوبندکردینے کے رجحان پہ قدغن لگانا، آلودگی پھیلانے والے یونٹوں کوبندکرنے وصنعتی پالیسی کونافذکرنے جیسے مسائل قابل ذکرہیں۔اس موقع پربولنے والوں میں لطیف حسین، عبدالوحید لون، سوہن لال، مشتاق احمد ہپ، راج بڈیال اور دیگران قابل ذکرہیں۔سروڑی نے بعدازاں مغل میدان میں آگ کی واردات کے متاثرین سے ملاقات کی اور اس سانحے کے متاثرین میں ریلیف تقسیم کی۔اس واردات میں حاجی محمد ابراہیم کاگھرمکمل طورپرخاکسترہوگیاتھا۔سروڑی نے آگ کی بڑھتی وارداتوں اورحکومتی عدم توجہی پرتشویش ظاہرکرتے ہوئے اپنی مانگ دہرائی اورکہاکہ چھاترو، مغل میدان، کاہراہ، بھلیسہ، بونجواہ، سرتھل، ٹھاکرائی، درابشالہ، ناگسینی علاقوں میں فائر اسٹیشن قائم کئے جائیں۔اُنہوں نے متاثرین میں چاول، کمبل، راشن اور 5000ماہانہ کرایہ تقسیم کیا۔یہ تب تک مہیاکرایاجائیگاجب تک نہ ان کی بازآبادکاری عمل میں آجائے۔بعدازاں سروڑی نے مدرسہ
ڈیڈپیٹھ مغلمیدان کاسالانہ جلسہ میں بھی شرکت کی۔اس موقع پربولتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ پی ڈی پی۔بھاجپاکے موجودہ دورمیں مسلمان ذلت ،رسوائی اور پریشانیوں سے دوچارہیں۔اُنہوں نے کہاکہ بدامنی اور بدسکونی ان جماعتوں کی دین ہے۔سروڑی نے حاضرین مجلس سے کہاکہ ہم کیوں اس مشکل میں مبتلاہیں؟اُنہوںنے مزیدکہاہم اس کیلئے خود ذمہ دارہیں، ہماری صفوں میں اتحادنہیں ہے جس کی وجہ سے ظالم ہم پہ مصلت ہوگئے ہیں۔اُنہوںنے کہاکہ ہم نے قرآن سے فیض حاصل کرناچھوڑ دیاہے،سنتِ نبویؐ پہ عمل چھوڑ دیاہے جس کی وجہ سے ہم پریشانیوں میں مبتلاہوتے جارہے ہیں۔ہم قوموں ،فرقوں ومسلکوں میں تقسیم ہوتے ہوئے تباہی کو دعوت دے رہے ہیں۔اُنہوں نے کہاکہ ہم ایک امت کی حیثیت سے ایک ہونے چاہئے، دنیاکے کسی بھی کونے میں کسی مسلمان کوکوئی پریشانی ہوتوہمیں بحیثیت مسلمان تکلیف ہونی چاہئے۔اُنہوں نے کہاکہ اسلام ملک سے افضل ہے، مقدم ہے ،ہمیں قرآن مسلکوں میں تقسیم ہونانہیں بلکہ متحدہوناسکھاتاہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہمیں تمام تر اختلاف بھلاکر ایک ہونے کی ضرورت ہے۔
ڈوڈہ گہری سازش کا شکار :خالد نجیب سہروردی
ایس ایف سی فتر ادھم پور منتقل کرنے کی کوشش ناقابل برداشت
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ// جموں کشمیر سٹیٹ فائنانشل کارپوریشن دفتر کو ڈوڈہ سے ادھم پور منتقل کرنے کی کوشش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ضلع ڈوڈہ و سابق وزیر مملکت خالد نجیب سہروردی نے کہا کہ 1980 میں یہ دفتر ہم نے ڈوڈہ میں لایا ہے اور اب جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ اس کی شاخیں کشتواڑ ،بھدرواہ گندو ،ضلع رام بن میں بھی ہوں ایسے حالات میں اس دفتر کو ڈوڈہ سے ادھمپور منتقل کرنا ناقابل برداشت ہے اور اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اْنہوں نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر یہاں کسی بھی دفتر سے چھیڑ چھاڑ کی گئی تو اس کے بعد کے حالات کے لئے حکومت خود ذمہ دار ہو گی سہروردی نے مزید کہا کہ ہم کچھ عرصہ سے دیکھ رہے ہیں کہ ڈوڈہ کو ایک گہری سازش کا شکار کیا جا رہا ہے مگر وہ تمام قوتیں سْن لیں کہ ہم یہاں کے مفادات کے محافظ بن کر کوئی بھی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔اور ہم ایک مخصوص ذہنیت کے مجرمانہ منصوبوں کو کسی بھی طور کامیاب نہیں ہونے دیں گے ڈوڈہ نہ صرف چناب ویلی کا انتظامی مرکز ہے بلکہ یہ جغرافیائی مرکز بھی ہے اور اجارہ دارانہ سوچ کا پورا مقابلہ کیا جائے گا۔
جموں و کشمیر سرکار کو برخاست کرنے کی مانگ
ریاسی//ریاستی سرکارپر بچیوں اور عورتوں کو تحفظ دینے میں نا کام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے مقامی کارکن طارق بٹ حکومت کو برخاست کرنے کی مانگ کی ہے ۔ پریس ریلیز میں انہوں نے کہا ہے کہ کٹھوعہ کے رسانہ گائوں میں ایک8سال کی بچی کا ریپ اور بے رحمانہ قتل کی سرکار ی تفتیش بھی فیل ہوتی نظر آرہی ہے یا رہے کہ اس ریپ اور قتل کے تمام ثبوت مٹانے کی کوشش بھی سرکار ی ملازموں نے کی تھی اور پھر دوسری سرکاری ٹیم کو جب یہ کام سونپا گیا تو ریاست بھر میں تب تک حالات بہت خراب ہو چکے تھے اور ہر آدمی غصہ میں زہر اگل رہا تھا جب کرائم برانچ نے یہ کیس اپنے ہاتھوں میں لے کر تفتیش شروع کر دی تو کرائم برانچ نے جلدبازی میں کیس کو مکمل کر کے عدالت مجاز میں چالان پیش کر دیا سرکار کی یہ منشا تھی کہ ملزم پکڑ کر چالان پیش کر دیا جائے تاکہ لوگوں کا غصہ ٹھنڈا ہو جائے اور سرکار پر ہو رہی نقطہ چینی بھی ختم ہو جائے اس کیس کو لے کر دو منتریوں کو بھی اپنی کرسیوں سے ہاتھ دھونے پڑے تھے۔ انہوںنے کہا کہ8سال کی بچی کے ساتھ جو گذرا ہے اس کا انصاف معصوم کی روح کو ملے کا یا نہیں مگر چند لوگوں کو سیاسی روٹیاں سینکنے کا موقعہ مل گیا ہے۔
سابق سرپنچ گرفتار،ساتھیوں کی تلاش جاری
خواتین ہیلتھ ورکروں کی تحریری شکایت پر معاملہ درج
ایم ایم پرویز
ایم ایم پرویز
رام بن //ضلع کے سمبر پنچایت کے سابقہ سرپنچ اور اسکے دو ساتھیوں کے خلاف دھرم کنڈ پولیس اسٹیشن میں ایک معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے یہ معاملہ دو خواتین ہیلتھ ورکروں کی جانب سے ایک تحریری شکایت درج کرنے پردرج کیا ہے۔پولیس بیان کے مطابق تحریری شکایت میں شکایت کنددگان نے الزام لگایا ہے کہ جب وہ تحصیل سمبڑ میں سرکاری فرائض انجام دے رہے تھے تو عبدالکبیر نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ انکے ساتھ بد تمیزی اور چھیڑ چھاڑ کی اور ہمارا موبائیل فون اور سونے کی زنجیر بھی چھین لی ،یہاں تک کہ انہوں نے ہمیں گورنمنٹ ایلو پیتھک ڈسپنسری میں اپنے سرکاری فرائض انجام دینے میں بھی روکاوٹ ڈالی۔پولیس نے شکایت موصول ہونے پر ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر21 تحت آر پی سی دفعہ 323/341/354/355/504/506 پولیس اسٹیشن دھرم کنڈمیں درج کیا۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ایس ایچ او پولیس اسٹیشن دھرم کنڈ انسپکٹر اجیت سنگھ نے بتایا کہ اس معاملہ میں اہم ملزم سابقہ سرپنچ عبدالخالق ولد محمد سلطان ساکنہ سمبڑ کو گرفتار کیا گیا ہے،جبکہ اسکے دو ساتھی رو پوش ہوگئے ہیں۔انہوںنے دعویٰ کیا کہ عنقریب ہی ان دو ملزمان کو بھی گرفتار کیا جا ئے گا۔
رہبر تعلیم اساتذہ فورم نے یوم مئی بطور کالا دن منایا
ایم ایم پرویز
ایم ایم پرویز
رام بن //آل جموں و کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرس فورم کی کال پر ضلع کے یونٹ نے تمام سرکاری سکولوں میں بھی یوم مئی کو بطور کالا دن منایا۔اساتذہ نے اپنی بائیں بازو پرایک کالا کپڑا باندھ کے رکھا تھا اور اپنے اپنے سکولوں میں دوران ڈیوٹی احتجاج کیا ۔بعدا زاں ،پروگرام کے تحت زونل سطح کے عہدہ داروں نے متعلقہ زونل ایجوکیشن افسروں کو ایک میمورنڈم پیش کیا۔میمورنڈم میں ماہانہ تنخواہوں کو واگُذار کرنے کا مطالبہ۔ تنخواہ کو ایس ایس سے الگ کرنا ،ٹرانسفر پالیسی لاگو کرنا، اُن اساتذہ کو ڈٹیچ کرنے جو کہ غیر قانونی طور سے مختلف دفاتر اور سکولوںمیں منسٹیریل اور کلیریکل کام انجام دینے کے لئے اٹیچ کئے گئے ہیں۔
گول پولیس کی منشیات مخالف مہم
۔ 2 کلو گرام چرس ضبط،میاں بیوی سمیت3 گرفتار
زاہد بشیر
گول// گول پولیس نے ایک چھاپے کے دوران میاں بیوی سے دو کلو گرام چرس ضبط کر کے ایک بہت بڑی کامیابی حاصل کی ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی رام بن موہن لال ، ایس ڈی پی او گول محمد امین کی ہدایت اور ایس ایچ او گول جاوید احمد کی نگرانی نے ایک چھاپے مار ٹیم نے گول کے زلس علاقہ میں محمد سلیم ولد عبدالرشیدشان اور ذریفہ زوجہ محمد سلیم کے گھر پر چھاپہ مارا اور اس دوران انہوں نے ان کے گھر سے دو کلو گرام چرس برآمد کیا ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دو مرد وںسمیت ایک خواتین کو پولیس نے اس سلسلے میں گرفتار کیا ہے اور اس سلسلے میں پولیس نے ایک کیس FIR No.35 of 2018 U/S 8/20 NDPS act کے تحت درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ۔ ایس ڈی پی او گول محمد امین بٹ کا کہنا ہے کہ گول میں منشیات کے خلاف جنگ ان کا ایک مشن ہے اور اس مشن کو کامیاب بنانے کے لئے عوام کا ساتھ ہونا لازمی ہے ۔ پولیس کی جانب سے گول میں دو کلو گرام چرس ضبط کئے جانے پر سماجی اور سیاسی لیڈران اور گول کی شخصیات و معزز شہریوںنے پولیس کے اس قدم کی سراہنا کی اور امیدکی کہ پولیس گول کو منشیات سے پاک کرنے میں پوری کوشش کریں گے اور قصور واروں کو کسی بھی صورت میں بخشنا نہیں چاہئے کیونکہ یہ نہ صرف ایک انسان کی زندگی تباہ کرتے ہیں بلکہ اس قسم کے لوگ پوری قوم کے دشمن ہیں ۔ لوگوں نے ایسے لوگوں کو سخت سی سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا