محکمہ بجلی کی سرنکوٹ لسانہ میں کارروائی | کئی ہیٹر اور بائیلر ضبط ،بجلی کے صحیح استعمال کی ہدایت جاری

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے بلاک لسانہ میں بجلی محکمہ کی جانب سے بجلی کے غیر قانونی استعمال کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران کئی رہائشی گھروں سے ہیٹر ،بائیلر ودیگر اشیاء بھی ضبط کر لی گئیں ۔محکمہ کے مطابق ملازمین نے لسانہ بلاک میں سپلائی نظام کا جائزہ لینے کیساتھ ساتھ مہم کے دوران گھروں کے واٹر ٹینکوں میں استعمال کئے جانے والے بائیلروں کو ضبط کرلیا ۔انہوں نے کہاکہ صارفین بجلی کی غیر قانونی چوری میں ملوث ہیں جس کی وجہ سے سپلائی نظام بھی متاثر ہورہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی چوری کے عمل کو روکنے کیلئے موسم سرما کی آمد کیساتھ ہی محکمہ متحرک ہو چکا ہے ۔محکمہ کے آفیسران کے صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ بجلی کے صحیح استعمال کیلئے کنکشن لیں جبکہ چوری سے بجلی کا استعمال کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ سردیوں کے دوران ہیٹر اور بائیلرز کا استعمال نہ کیا جائے تاکہ سپلائی نظام متاثر نہ ہو۔