ماضی کے برعکس شہر میں بندشیں نہیں بازارو تجارتی مراکز کھلے،ٹریفک رواں دواں

یو این آئی

 

سرینگر//جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کے پیش نظر سرینگر میں سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ پائین شہر میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔تاہم اس بار پہلی دفعہ یہ دیکھنے کو ملا ہے کہ ماضی کے برعکس سرینگر میں سبھی کاروباری ادارے اور بڑے مارکیٹ معمول کے مطابق کھلے ہوئے تھے اور وہاں پر لوگوں کی بھیڑ بھی نظر آرہی تھی۔ سرینگر میں جی ٹونٹی اجلاس کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

 

 

سرینگر میں گرچہ سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں تاہم لوگوں کے چلنے پھرنے پر کوئی پابندی عائد نہیں جبکہ سبھی مارکیٹ بھی معمول کے مطابق کھلے ہیں۔ڈائون ٹائون میں گر چہ جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے تاہم سبھی تجارتی مراکز جامع مسجد مارکیٹ ، مہاراج گنج، بہوری کدل ، راجوری کدل ، حول ، گوجوارہ ، صراف کدل اور دیگر چھوٹے بڑے تجارتی مراکز میںمعمول کا م کاج پیر کے روز بھی جاری رہا۔اتوار کی شام سے ہی سیول لائنز سے سیکورٹی کور ہٹایا گیا تھا۔ لال چوک، بڈشاہ چوک، جہانگیر چوک، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ، ریگل چوک،مہاراجہ بازار، گونی کھن،جواہر نگر، کرسو، راجباغ اور پیر باغ، کے علاوہ حیدر پورہ، ہمہامہ، صنعت نگر، راولپورہ، بائی پاس، چھانہ پورہ،نوگام، نٹی پورہ، مہجور نگر، پادشاہی باغ اور رام باغ علاقوں سے سیکورٹی ہٹائی گئی تھی۔پیر کی صبح سے ہی شہر کے سیول لائنز اور پائین شہر کے دیگر علاقوں میں ہر طرح کا کام کاج معمول کے مطابق ہوتا رہا۔ہر روٹ پر گاڑیاں چلتی رہیں، ہر طرح کا ٹریفک چلتا رہا، دکانیں کھلی ہوئی تھیں ، سرکاری دفاتر کھلے تھے اور لوگوں کی آوا جاہی پر کہیں بھی کوئی بندش نہیں تھی۔