سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے تجارتی پھولبانی شعبے کو مزید منافع بخش بنانے پر زو ردیاہے ۔ انہوں نے کمشنر سیکرٹری پھولبانی محکمہ کو ایک ماہ کی مدت کے اندر تجارتی پھولبانی کی ترقی کے لئے جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گونرر نے یہ ہدایات یہاں راج بھون میں محکمہ پھولبانی کی کافی ٹیبل بک ( جے اینڈ کے اِن بلوم ) کے اجرأکرنے کے دوران دیں ۔اس موقعہ پر کمشنرسیکرٹری پھولبانی ، گارڈنز ایند پارکس بھی موجو دتھے۔مرکزی معاونت والی سکیموں کی مؤثر عمل آوری پر زو ردیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے ہائی ٹیک پولی کاربیونیٹ گرین ہاوسز قائم کرنے کا معاملہ انڈین کونسل آف ایگریکلچرریسرچ ( آئی سی اے آر )کے ساتھ اٹھانے کی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔ انہوں نے محکمہ کو اس شعبے سے وابستہ افراد کو مدد فراہم کرنے کے لئے کہا تاکہ مرکزی معاونت والی سکیمو ں سے ہر مستحق مستفید ہوسکیں۔انہوں نے افسروں اور فیلڈ اہلکاروں کو تجارتی پھولبانی میں جدید ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہ رہنے کے لئے انہیں اس سلسلے میں ترقیافتہ ریاستوں اور یوٹیوں کے دورے پر بھیجنے پر زور دیا۔ پھولوں کی مارکیٹنگ کے معاملے پر لیفٹیننٹ گورنر نے ان کی مؤثر اور منفعت بخش مارکیٹنگ کے لئے طریقہ کار وضع کرنے کے لئے کہا۔ لیفٹننٹ گورنر کو زبرون کے دامن میں جاپان کے طرز پر فلوری چیری تھیم گارڈن ( ایس اے کے یو آر اے ) قائم کرنے کے قیام کے بارے میں جانکاری دی گئی جو کہ ٹولپ گارڈن کے ہمسائیگی میں ہوگا جس سے سیاحوں کی دلچسپی میں مزید اضافہ ہوگا۔ کمشنر سیکرٹری باغبانی ، گارڈنز اینڈ پارکس نے لیفٹننٹ گورنر کو 6 مغل باغات کو یونیسکو کے عالمی ہیرٹیج فہرست میں شامل کرنے سے متعلق تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور محکمہ کی جانب سے ان باغات کے تحفظ اور اقدامات کے بارے میں تفصیل دی۔ٹولپ گارڈن کی سیاحتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کو بتایا گیا کہ ٹیولپ گارڈن سری نگر کو ٹولپ سمٹ سوسائٹی کی جانب سے سال 2015-17کے دوران بہترین ٹولپ منزل کے طور پر بالترتیب دوسرا اور چوتھا درجہ دیا گیا ۔ واضح رہے کہ کافی ٹیبل بک باغات کی سیاحت اور تجارتی پھولبانی کی ترقی میں محکمہ کے کردار کواُجاگر کیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ اس میں جموںوکشمیر کے آرائشی پھولوں سے متعلق بھی جانکاری دی گئی ہے ۔