تبدیلی کچھ لوگوں کو ہضم نہیںہوتی ،معاشرے کی اجتماعی کارروائی دہشت گردی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی:سنہا
عظمیٰ نیوزسروس
جموں // لیفٹیننٹ گورنر، منوج سنہا نے جمعہ کو کہاکہ ماضی میں جموں و کشمیر کے لیے اتنا اچھا نہیں رہا جتنا کہ2019 سے رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں کشمیر کی معیشت نے2021سے متاثر کن رفتار سے ترقی کی ہے اور2019سے بنیادی ڈھانچے میں تیز رفتار ترقی جموں و کشمیر یو ٹی کی تاریخ میں بے مثال ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے کہاکہ صنعت کاری کیلئے ہماری کوشش متاثر کن ترقی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم نے جموں کشمیر کو روشن مستقبل کی طرف لے کر اور ہمارے لوگوں کے لیے کہیں زیادہ خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے جرات مندانہ فیصلے کیے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر جموں کے مولاناآزاد سٹیڈیم میں قومی گیت ’وندے ماترم‘ کے150ویں سال کی تقریبات کے پہلے مرحلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس تقریب میں 20ہزار سے زیادہ طلباء وطالبات اور شہریوں نے اس موقع پر ’وندے ماترم‘ کے بڑے پیمانے پر گانے میں حصہ لینے کے ساتھ ایک بڑے اجتماع کا مشاہدہ کیا۔ دوسرا مرحلہ 9 جنوری 2026سے شروع ہوگا۔ جشن کا اہتمام محکمہ ثقافت نے کیا تھا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کشمیر کے لوگوں کو ’وندے ماترم‘ کے150ویں سال کی تقریب میں ان کی تاریخی شرکت کے لیے مبارکباد دی۔انہوںنے کہاکہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے فخر ہے کہ جموں کشمیر نے قومی ترانے کے150 ویں سال کے موقع پر ہفتہ بھر کی تقریبات میں مجموعی طور پر شرکت میں قومی سطح پر پہلا نمبر حاصل کیا ہے۔ آج 20ہزارسے زیادہ طلبہ اور شہریوں نے قومی فخر کا ایک مضبوط اشارہ ظاہر کرتے ہوئے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے بنکم چندر چٹوپادھیائے کو خراج عقیدت پیش کیا اور جدوجہد آزادی میں ان کے تعاون اور سماج کو تحریک دینے پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا، بنکم چندر چٹوپادھیائے نے ماں بھارتی اور ان کے بیٹوں کے درمیان رشتے کو مضبوط کیا تھا اور لوگوں کو آزادی حاصل کرنے کی ترغیب دی تھی۔لیفٹیننٹ گورنر، منوج سنہا نے مزیدکہاکہ ہر ہندوستانی کے دل میں ایک اندرونی گیت ہے اور وہ ہے وندے ماترم۔ جدوجہد آزادی کے دوران جب وندے ماترم کو کسی نے گایا تھا تو دوسرے دل اسے گنگناتے تھے۔ اس طرح ایک مضبوط بندھن پیدا ہوا جو آج کی نوجوان نسل کو ماں بھارتی کی خدمت کے لیے تحریک دینا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ سماج کے ہر طبقے کو بنکم چندر کے نظریات اور خیالات کو پھیلانا چاہیے جنہوں نے ہماری جدوجہد آزادی کو شکل دی اور جموں کشمیر کو مستقبل میں آگے لے جانے کے لیے اس کے جذبے کا استعمال کیا۔منوج سنہا نے کہاکہ ہمیں اس ہمت، دانشمندی اور پختہ یقین کا مظاہرہ کرنا چاہیے کہ بنکم چندر نے ہم سے ایک پرامن اور خوشحال جموں وکشمیرکی تعمیر کی توقع کی ہوگی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ہر شہری پر زور دیا کہ وہ اپنے آپ کو قوم سازی کیلئے وقف کر دیں، نوآبادیاتی ماضی کے آثار کو مٹا دیں اور بھائی چارے اور مساوات کے جذبے کو اپنا لیں۔انہوںنے مزیدکہاکہ جموں کشمیر میںہر گھر ترنگا اور وندے ماترم جیسے پروگراموں میں شہریوں کی بھر پور شرکت اس بات کی علامت ہے کہ یونین ٹریٹری اپنے ماضی کو بہا رہا ہے اور ایک روشن مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے، تاہم، یہ تبدیلی کچھ لوگوں کو بہت تکلیف دے رہی ہے۔تاہم لیفٹنٹ گورنرمنوج سنہانے خبردار کیاکہ معاشرے میں اب بھی کچھ عناصر چھپے ہوئے ہیں، جو ہمارے نوجوانوں کو بنیاد پرست بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ماضی قریب میں اس طرح کے کئی کیسز ہمارے سامنے آئے ہیں۔لیفٹنٹ گورنرمنوج سنہاکاکہناتھاکہ ہمیں معاشرے سے ایسے عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں دہشت گرد عناصر کو الگ تھلگ کرنا چاہیے اور ان کے وجود کے لیے ضروری سپورٹ سسٹم کے خاتمہ کویقینی بنانا چاہیے۔لیفٹنٹ گورنرمنوج سنہانے کہاکہ معاشرے کی اجتماعی کارروائی دہشت گردی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔