مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کی پنچایت نڑول میں لفٹ سکیم بند ہونے کی وجہ سے رمضان میں مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ آب رسانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ نڑول پنچایت کے محلہ کشمیریاں چھترال میں رمضان ماہ کے شروع سے ہی پینے کا صاف پانی بند ہے تاہم متعلقہ ملازمین کی جانب سے پانی کی بحالی کیلئے کوئی عملی کام ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین سیاسی سائے تلے ملازمت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کو یکسر نظرانداز کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سکیم کی بحالی کیلئے محکمہ کے ملازمین سے لے کر آفیسران تک رجوع کر چکے ہیں لیکن لفٹ سکیم جوں کی توں ہی بند ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے مقامی لوگوں بالخصوص خواتین کو کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کا صا ف پانی لانا پڑرہا ہے ۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کیساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ لاپرواہی ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ پانی سپلائی بحال کرنے کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائے