لورن کے متعدد علاقہ جات بجلی سے محروم

عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کا بجلی نظام جہاں گزشتہ دو ماہ سے درہم برہم ہو چکا ہے وہیں ضلع کی تحصیل منڈی کے لورن علاقہ کے متعدد علاقہ جات ایسے ہیں جہاں پر عوام کو بہتر بجلی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے کافی پریشانیوں کا سامناکرنا پڑتا ہے۔ کھڑپا،کھرگام،بٹل کوٹ اور بیلہ بالا کی عوام نے بتایا کہ ان کے علاقوں میں بجلی آنے جانے کا کوئی بھی وقت مقرر نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو رات بھر اندھیرے میں رہنا پڑتا ہے۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ جہاںاس وقت شدید سردی کا موسم ہے اور ا ن کو بجلی میسر ہونا چاہیے تھی لیکن محکمہ کی نا اہلی کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔دوسری جانب محکمہ کے ایک عہدار نے بتایا کہ پوری تحصیل منڈی میں لوگ سردیوں میں ہیٹرز اور بائلرز کا استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے بجلی کا لوڈ کافی زیادہ ہو جاتا ہے اور بجلی میںٹیکنکل خرابی آتی ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا ہے کہ وہ ہیٹرز اور بائیلرزکا استعمال نہ کریں تاکہ بجلی کا سپلائی نظام متاثر نہ ہو ۔دریں اثنا منڈی کے لوگوں نے بھی بجلی نظام کے بہتر نہ ہونے کی شکایات کی ہیں ان کا کہنا تھا کہ بجلی آنے اور جانے کے کوئی بھی اوقات نہیں ہیں جس کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔صارفین نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ انہیں بہتر بجلی دستیاب کی جائے تاکہ طلباء اپنی تعلیم بھی بہتر طریقہ سے جاری رکھ سکیں ۔