جموں// ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے آل پارٹی کوارڈی نیشن کمیٹی کرگل ضلع کے ارکان کے ساتھ ملاقات کی تاکہ لداخ صوبہ کو حال ہی میں صوبہ کا درجہ دینے کے تعلق سے کرگل کے عوام کے معاملات کو سمجھا جاسکے اور انہیں حل کیا جاسکے۔کارڈی نیشن کمیٹی ارکان میں چیئرمین قانون ساز کونسل حاجی عنایت علی ، لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چیف ایگزیکٹیو کونسلر فیروز خان، کانگریس کے سابق ایم ایل اے حاجی اصغر علی کربلائی ، سابق وزیر اور نیشنل کانفرنس کے لیڈر حاجی قمر علی آخون ، کانگریس کے سابق وزیر حاجی نثار علی ، سابق ایم ایل اے آغاسید باقر ، سابق ایم ایل سی آغا سید علی رضوی ، سابق سی ای سی ایل اے ایچ ڈی سی کرگل حاجی حنیفہ جان ، ضلع صدر نیشنل کانفرنس محمد اسد اللہ، ضلع صدر پی ڈی پی اور بی جے پی کرگل کے محمد حسن پاشا شامل ہیں ۔وفود کے تمام ارکان کو غور سے سننے کے بعد گورنر نے عوام کے لوگوں کے احساسات اور اُمنگوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ اس کے بعد گورنر نے کرگل کے لوگوں کی توقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ لداخ کے لئے حال ہی میں قائم کیا گیا انتظامی /ریوینو ڈویژن مشترک ہیڈ کوارٹر لیہہ اور کرگل میں ہوں گے اور اس کے دفاتر لیہہ اور کرگل میں قائم کئے جائیں گے ۔علاوہ ازیں دو ایڈیشنل ڈویژنل کمشنر تعینات کئے جائیں گے جن میں ایک لیہہ اور ایک کرگل میں تعینا ت کیا جائے گا۔ڈویژنل کمشنر اور آئی جی پی اپنا آدھا آدھا وقت کرگل اور لیہہ میں صرف کریں گے ۔اس سلسلے میں وقت کا تعین کمیٹی کی طرف سے کیا جائے گااور ایس آر او کا اسی تناظر میں جائزہ لیا جائے گا۔ریاستی انتظامی کونسل کی طرف سے پرنسپل سیکریٹری پلاننگ کے تحت تشکیل دی گئی کمیٹی اس معاملے کا معائینہ اور درجہ ذیل امور پر رِپورٹ دے گی۔ صوبائی کمشنر اور آئی جی پی لیہہ/ کرگل کے وقت کا تعین ہفتہ وار اور پندرہ واڑہ بنیادوں پر کیاجائے گا۔مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے صوبائی سطح کے سربراہان کی اسامیوں کی نشاندہی کی جائیگی جن کی ضرورت نئے لداخ صوبہ کے لئے پڑ سکتی ہے۔اس کے علاوہ اس عملے کی کرگل / لیہہ میںمساوی تعیناتی بھی عمل میں لائے گی۔ضرورت کے مطابق دیگر اقدامات بھی اُٹھائے گی۔کمیٹی اپنی رِپورٹ 24؍ فروری 2019ء تک پیش کرے گی۔ریاستی حکومت کرگل ائیر پورٹ کو باقاعدہ سول ائیر پورٹ میں تبدیل کرنے کے لئے جے کے آئی ڈی ایف سی و دیگر وسائل سے 200کروڑ رو پے ایک علیحدہ اکائونٹ میں منتقل کرے گی۔ اِس ائیر پورٹ کوبوئنگ اینڈ ائیر بس جیسے درمیانی درجے کے طیارے کوسنبھالنے کے قابل بنایا جائے گا۔سیکرٹری ( امور لداخ)ایل اے ایچ ڈی سی کرگل و دیگر لوگوں کے نمائندوں کے ساتھ لگاتار رابطہ رکھے گا تاکہ کرگل کے ترقیاتی عمل میں بہتری لائی جاسکے۔کوارڈی نیشن کمیٹی نے گورنر کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور کرگل میں تمام مظاہروں کو منسوخ کرنے پر اتفاق کیا۔گورنر نے کمیٹی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور ان کے پُر امن طریقے کے مظاہرے کی ستائش کی۔ اُنہوں نے کہاکہ یہ طریقہ کار ہماری جمہوریت کا مہرتصدیق ہے۔