قومی شاہراہ ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کشتواڑ سنتھن شاہراہ بھی چار روز سے مسلسل بند

نواز رونیال +عاصف بٹ

رام بن+کشتواڑ//خراب موسمی صورتحال کے بیچ سری نگر جموں قومی شاہراہ پر متعدد مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے شاہراہ کو دو طرفہ ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ادھرکشتواڑ کو وادی کشمیرسے جوڑنے والی سنتھن قومی شاہراہ پر چوتھے روز بھی آمدرفت کیلئے بند رہی ۔ایس ایس پی ٹریفک قومی شاہراہ موہیتا شرمانے بتایا کہ ضلع رام بن کے کیفٹییریا موڑ اور مہاڑ میں مٹی کے تودے اور پتھر گر نے کی وجہ سے شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا۔

 

انہوں نے بتایا کہ شاہراہ کو قابل آمدورفت بنانے کی خاطر اہلکاروں اور مشینری کو کام پر لگا دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شاہراہ پر ملبہ ہٹانے کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کیا گیاتاہم خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر بحالی میں تاخیر ہوسکتی ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شاہراہ پر سفر شروع کرنے سے قبل ٹریفک حکام کے ساتھ رابط قائم کریں اور شاہراہ کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔ادھرکشتواڑ کو وادی کشمیرسے جوڑنے والی سنتھن قومی شاہراہ پر چوتھے روز بھی آمدرفت کیلئے بند رہی۔ این ایچ آئی ڈی سی ایل حکام نے کشمیر عظمیٰ کو جمعہ کی صبح بتایا کہ جمعہ کی بعد دوپہر سڑک پر برف ہٹانے کا عمل مکمل کرلیا جائیگا جسکے بعد ٓامدورفت کو بحال کیا جائے گا لیکن موسم خراب موسمی صورتحال کے سبب آمدورفت بحال نہ ہوسکی۔