بانہال // قصبہ بانہال میں بجلی کی ترسیلی لائینوں کو تبدیل کرکے نئی تاریں بچھائی جارہی ہیں تاہم یہ سلسلہ محکمہ بجلی کے ذریعے نہیں بلکہ کمپنی کے ذریعے کرایا جارہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پہلے مرحلے کے طور جموں سرینگر شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال میں نئی ترسیلی لائنوں کو بچھایا جارہا ہے اور بار بار گرنے والی پرانی تاروں کو اتارا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کے روز بس سٹینڈ بانہال اور مرکزی جامع مسجد کے علاقوں میں کام کیا گیا یے اور نئی ترسیلی لائینیں بجلی کے کھمبوں پر چڑھائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کام کو ایک ٹھیکیدار کے زریعے انجام دیا جارہا ہے اور اس کام میں محکمہ بجلی کے ڈیلی ویجروں کی مدد لی جارہی ہے۔اس سلسلے میں ایگزیکٹیوانجینئر پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈویژن بٹوت ضلع رام بن نثار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ بجلی ایک کمپنی کے ذریعے ضلع رام بن کے بٹوت ، رام بن اور بانہال کے قصبوں میں بجلی کی نئی ترسیلی لائنیں بچھانے کا جاری ہے اور آئندہ قصبہ جات میں بجلی کی بہتر ترسیل کیلئے انسولیٹیڈ کیبلوں کے ذریعے بجلی فراہم کی جائے گی۔