قدرتی خوبصورتی سے مالا مال ’نندی چھول ‘علاقہ انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل آنے والے سیاحوں کیلئے سہولیات دستیاب نہیں ،علاقہ کو سیاحتی نقشے پر لانے کا مطالبہ

حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے قدرتی نظاروں اورخوبصورتی سے مالامال علاقوں میں ایک مقام نندی چھول بھی ہے جو انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل ہے۔ سردی ہو یا گرمی نندی چھول ہر موسم میں سیر و تفریح کے لئے نہایت ہی خوبصورت مقام ہے۔نندی چھول پونچھ کے تحصیل منڈی بلاک لورن کا علاقہ ہے جو پونچھ کے صدر مقام سے لگ بھگ پچاس کلو میٹر اور منڈی سے 23 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔یہ پیر پنجال کے دامن میں واقعہ ایک بہترین سیاحتی مقام ہے جو اپنے ضلع کے اندر بھی اگر چہ غیر معروف ہے مگر اس کے دلکش نظاروں میں اتنی مقناطیست ہے کہ لوگ کھنچنے چلے جاتے ہیں کوئی بھی موسم کے تغیر و تبدل کا خیال نہیں رکھاجاتا۔نندی چھول ایک حسین دلکش اور دلفریب جگہ ہے جہاں سے اگر نظردوڑائی جائے تو آس پاس خوبصورت جنگل اور سرسبز و شاداب جگہیں میدانی و ڈھلوان نظر ائیں گی۔نندی چھول کا صاف و شفاف گرتا و بہتا ہوا پانی دل و دماغ کی آبیاری کرتا ہوا سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتا چلا جاتا ہے۔یار علی خان نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ نندی چھول کا علاقہ سردیوں میں برف کی سفید چادر سے ڈھکا ہوتا ہے ہر طرف چاندی کی رنگت دیکھائی دیتی ہے اور جب برف کے گولے گرتے ہیں تو مزید خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گرمی کے موسم میں بہتے ہوئے برفانی پانی میں اپنے پاؤں رکھے جاتے ہیں تو پانی کی ٹھنڈک دماغ تک رسائی حاصل کرنے میں دیر نہیں لگاتی اور انسان کو احساس ہو جاتا ہے کہ یہ ٹھنڈ کتنا لطف دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ چھول پچاس فٹ کی زائد اونچائی سے گرتا ہے گرمیوں میں ایک دلفریب اورخوبصورت نظارہ دیتا ہے جبکہ سردیوں میں پانی نہیں گرتا ہے بلکہ جمی ہوئی برف کے گولے ( Flakes )گرتے ہیں جو ٹھنڈا ہو کر ایک مضبوط سفید پہاڑ کی شکل اختیار کر جاتا ہے اور جو پانی گرتا ہے وہ بھی جم کر برف کی راڈ کی شکل اختیار کرجاتا ہے اور پانی کی لاٹھی بن جاتی ہے۔انہوں نے کہا نندی چھول سے چاندنی رات کا نظارہ بالکل ہی الگ ہوتا ہے چاند کی چمک ،ستاروں کا ٹمٹمانا برف سے لدے پہاڑ بہتا دریا ،خوبصورت وادیاں، پھولوں کی مہک پرندوں کی چہک انسان کے دماغ کو تر و تازہ کئے بغیر نہیں رہ سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نندی چھول ایک تاریخی مقام بھی ہے ایک دلکش و دلفریب تفریح کا بھی مقام ہے۔ انہوں نے کہاجو سیاحت سے دلچسپی رکھتے ہیں ان کو ضروری نندی چھول کا نظارہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا محکمہ سیاحت بھی اگر اس جگہ کو پرموٹ کے تو چار چاند لگ سکتے ہیں کیونکہ یہاں ٹریکنگ بھی ہو سکتی ہے۔اگرچہ محکمہ سیاحت کی جانب سے وہاں کی ایک دفعہ ٹریکنگ بھی کروائی گئی لیکن وہ ناکافی ہے محکمہ کو چاہیے کہ اس علاقہ کو سیاحت کے نقشے پر لانے میں اہم کردار ادا کرے۔