قاعدہ کے خلاف مشین سے فائبر بچھانے کا کام شروع گھمبیر مغلاں ۔ہٹا سیری رابطہ سڑک تباہ ،کارروائی کی مانگ

پرویز خان
منجا کوٹ //منجا کوٹ کے گھمبیر مغلاں علاقہ میں ایک نجی کمپنی کی جانب سے رابطہ سڑک پر فائبر بچھانے کے دوران سرکاری حکم نامے اور قاعدہ کی یکسر خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک رابطہ سڑک کو شدید متاثر کر دیا ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گھمبیر مغلاں تا ہٹا ں سیری علاقہ تک 9کلو میٹر رابطہ سڑک میں فائبر بچھانے کے دوران متعلقہ کمپنی کی جانب سے سرکاری حکم نامے کو یکسر نظر انداز کر کے سڑک کو پوری طرح سے تباہ کر دیا گیا جس کی وجہ سے آمد ورفت بھی متاثر ہو رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام کی جانب سے ٹھیکیدار کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ مزدوروں کے ذریعہ مذکورہ کام انجام دئے گا لیکن جے سی بی مشین لگا کر رابطہ سر ک کے ایک حصے کو ہی اکھاڑ دیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کے تباہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کی آمد ورفت شدید متاثر ہو ئی ہے جبکہ متعلقہ حکام سے شکایت کرنے کے باوجود بھی اس طرف کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہاہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ کام کا معائینہ کر کے غیر قانونی عمل میں ملوث ٹھیکیدار اور نجی کمپنی کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔