فضل آباد پنچایت سی میں دریا پر تعمیر رابطہ پل لوگوں کیلئے پریشانی کا باعث ۔5پنچایتوں کی عوام کی عبور ومرور مشکل ہو گئی ،انتظامیہ سے توجہ کی مانگ

 

بختیار کاظمی

سرنکوٹ//دریائے سرن پر فضل آبادعلاقہ کیساتھ رابطہ کی مناسبت سے تیارہ کردہ 2پل آہستہ آہستہ عوام کیلئے بے معنی ثابت ہوتے جارہے ہیں کیونکہ ان دو پلوں کے درمیان سے دریا نے اپنا راستہ بنا لیا ہے جس کی وجہ سے مذکورہ حصے پر لوگ ایک لکڑی کے پل کی مدد سے دریا عبور کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔

 

مقامی لوگوں نے بتایا کہ دریا زیادہ کشادہ ہونے کی وجہ سے حکام کی جانب سے دریا کو 2حصوں میں تقسیم کر کے دو پل تعمیر کئے تھے تاکہ لوگوں کی آمد ورفت آسانی سے ممکن ہو سکے لیکن 2014میں آئی طغیانی کی وجہ سے دریا کے بیچ خشک حصہ پانی کی نظر ہو گیا اور اس کے بعد دریا نے مذکورہ علاقہ سے ہی اپنا راستہ بنالیا جس کی وجہ سے اب لوگوں کو دوران آمد ورفت مشکل کا سامنا ہے ۔

 

غور طلب ہے کہ دریا کے مذکورہ حصے سے 5پنچایتوں کی عوام کا گزر ہوتا ہے لیکن حکام کی نا اہلی کی وجہ سے اب مذکورہ علاقوں کے لوگ پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔لوگوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے مذکورہ لکڑی کے پل سے عوام بالخصوص سکولی بچوں اور بزرگوں و مریضوں کا گزر ہوتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ پل کو مکمل کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ لوگ آسانی کیساتھ دریا عبور کر سکیں ۔