فضائی ٹرانسپورٹ بحال ، ٹرین سروس چالو | قومی شاہراہ شام 5بجے جزوی طور کھول دی گئی

اشفاق سعید +محمد تسکین
سرینگر+بانہال//وادی کشمیر کا بیرون ریاستوں کے ساتھ زمینی اور ہوائی رابطہ دوسرے دن بحال ہو گیا ۔پیر پنچال کے آر پار تازہ برفباری سے پیرکے روز بند ہوئی سرینگر جموں شاہراہ کوگاڑیوںکی آمدورفت کیلئے منگل کی شام پانچ بجے کھول دیا گیا اور اس دوران درماندہ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی ۔شاہراہ پر پنتھیال، مہاڑ اور دیگر چند مقامات پر پسیاں اور پتھر گرنے کیساتھ سایک بھاری ملبہ گر آیا تھا جس کی وجہ سے منگل دوسرے روز بھی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل رہی۔ ایس ایس پی ٹریفک رام بن موہتا شرما نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’’ جموں سرینگر شاہراہ گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بحال کر دی گئی ہے البتہ شاہراہ کے کچھ ایک مقامات پر پسیاں اور پتھر گر رہے ہیں اس لئے مسافروں کو احتیاط سے سفر کرنا چاہئے ۔اس دوران سرینگر کے بین الاقوامی اڈے سے پروازوں کی آواجاہی کو منگل کے روز بحال کردیا گیاجبکہ پیر کے روز برف باری اور کم روشنی ہونے کی بناء پر68پروازوںکومنسوخ کیا گیاتھا۔حکام نے بتایاکہ ایک دن کے بعد موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے پروازوں کا سلسلہ دوبارا شروع ہوا اور منگل کو تمام پروازوں نے معمول کے مطابق اڑان بھری ۔