فضائیہ کے 4اہلکاروں کی ہلاکت کا کیس | ٹاڈا کورٹ نے ملزمان کی شناخت مؤخر کردی

نیوز ڈیسک
سرینگر//ایک مقامی عدالت نے ہفتہ کو ہندوستانی فضائیہ کے چار اہلکاروں کی ہلاکت کے سلسلے میں جے کے ایل ایف کے سربراہ محمد یاسین ملک سمیت چھ ملزمان کی شناخت کو موخر کر دیا۔ سی بی آئی کی چیف پراسیکیوٹر مونیکا کوہلی نے کہا کہ یہاں کی عدالت میں کچھ ملزمین کی عدم دستیابی کی وجہ سے شناخت کو موخر کر دیا گیا یہاں تک کہ دو چشم دید گواہوں میں سے ایک، جو کہ جرح کے لیے آئے تھے، نے ان کی شناخت کے لیے آمادگی ظاہر کی۔ملک یاسین جو دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں،کیس کی سماعت کے دوران ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے موجود تھے۔ “دو چشم دید گواہ جرح کے لیے آئے اور ان میں سے ایک نے ملزم کی شناخت پر آمادگی ظاہر کی۔ چونکہ کچھ ملزمان عدالت میں موجود نہیں تھے، اس لیے شناخت کو اگلی سماعت تک موخر کر دیا گیا،” کوہلی ، جو سینئر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل بھی ہیں نے کہا کہ دوسرے عینی شاہد کا جرح مکمل ہو گیا لیکن اس نے ملزم کی شناخت کرنے سے عاجزی کا اظہار کیا۔ خصوصی ٹاڈا عدالت نے پہلے ہی اس معاملے میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ سربراہ اور کئی دیگر کے خلاف الگ الگ الزامات عائد کیے ہیں، ساتھ ہی ساتھ 1989 میں اس کے گروپ کے ذریعہ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی مفتی محمد سعید کی بیٹی روبیہ سعید کے اغوا سے متعلق ایک اور فرد جرم عائد کر دی ہے۔ یاسین ملک کو نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (NIA) نے اپریل 2019 میں عسکریت پسندوں کی فنڈنگ کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا، اس کے ایک ماہ بعد مرکزی حکومت کی جانب سے ان کے گروپ پر پابندی عائد کی گئی تھی۔