محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے سرحدی علاقے فتح پور، تحصیل منڈی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک غریب شخص کا رہائشی مکان اچانک آگ کی لپیٹ میں آ گیا، جس کے نتیجے میں گھر کا پورا سامان، ضروری دستاویزات اور تمام اثاثہ جل کر راکھ بن گیا۔متاثرہ شخص اْلفت حسین ولد طالب حسین، ساکن گاؤں فتح پور کا معمولی کچا مکان اچانک آگ لگنے سے چند ہی لمحوں میں شعلوں کی زد میں آ گیا۔ آگ اس قدر تیزی سے پھیلی کہ اہلِ خانہ کو اپنا سامان بچانے کا موقع تک نہ ملا۔ مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی، تاہم شعلوں کی شدت کے باعث وہ بے بس ہو گئے۔اگرچہ فائر سروس ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم موقع پر پہنچی، مگر آگ کے پھیلاؤ اور تیز ہواؤں کی وجہ سے کوئی خاص کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مالی نقصان لاکھوں روپے تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ معلوم ہوتی ہے، تاہم پولیس اور مقامی انتظامیہ نے موقع کا معائنہ کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔اس واقعے نے پورے علاقے میں دکھ اور ہمدردی کی لہر دوڑا دی ہے۔ مقامی شہریوں اور سماجی کارکنوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اْلفت حسین جیسے غریب اور بے سہارا شہری کے لئے فوری مالی امداد، عارضی رہائش اور ضروری اشیاء فراہم کی جائیں تاکہ وہ دوبارہ زندگی کا آغاز کر سکے۔عوامی نمائندوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے متاثرہ خاندانوں کی داد رسی کے لئے فوری عملی اقدامات کریں۔یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی ہے کہ غریب طبقے کے لئے حکومتی ہنگامی امدادی نظام کو مزید مؤثر اور تیز رفتار بنایا جائے تاکہ ایسے حادثات کے بعد متاثرین کو بروقت سہارا مل سکے۔